سرفراز کو ورلڈ کپ تک کپتان مقرر کر دیا جائے: پیٹرسن

کیون پیٹرسن تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images

انگلینڈ کے سابق کرکٹر کیون پیٹرسن کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو چاہیے کہ وہ سرفراز احمد کو آئندہ سال ہونے والے ورلڈ کپ تک کپتان مقرر کرنے کا اعلان کر دے۔

یاد رہے کہ کیون پیٹرسن پاکستان سپر لیگ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کررہے ہیں جس کے کپتان سرفراز احمد ہیں۔

کیون پیٹرسن کا کہنا ہے کہ یہ پاکستان کی خوش قسمتی ہے کہ اس کے پاس سرفراز احمد جیسا کپتان موجود ہے جو کرکٹ کی بہت زیادہ سمجھ بوجھ رکھتے ہیں اور سبھی کھلاڑی انھیں پسند کرتے ہیں۔

پیٹرسن کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کا یہ دانشمندانہ فیصلہ ہو گا کہ وہ سرفراز احمد پر سے دباؤ ختم کرتے ہوئے ان سے کہے کہ وہ ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کے کپتان ہوں گے۔

کیون پیٹرسن کے خیال میں چونکہ ورلڈ کپ میں اب صرف ایک سال ہی باقی رہ گیا ہے لہٰذا اس مرحلے پر اگر آپ کسی دوسرے کرکٹر کو کپتان بناتے ہیں تو وہ بھی یہ سوچے گا کہ ورلڈ کپ سے قبل اسے بھی تبدیل کیا جا سکتا ہے اس لیے ضروری ہے کہ آپ اس وقت اپنے کپتان کی حمایت کریں اس صورت میں آپ کے کھلاڑی بھی خود کو محفوظ سمجھیں گے۔

کیون پیٹرسن نے ایک بار پھر یہ بات واضح کر دی ہے کہ وہ پاکستان سپر لیگ کے میچ کھیلنے پاکستان نہیں جائیں گے۔

تصویر کے کاپی رائٹ PCB
Image caption پیٹرسن نے اسلام آباد کے خلاف جیت میں اہم کردار ادا کیا

یاد رہے کہ گذشتہ سال پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں کھیلا گیا تھا لیکن کیون پیٹرسن فائنل کھیلنے لاہور نہیں گئے تھے اور اس بار بھی وہ پاکستان نہ جانے کے اپنے فیصلے پر قائم ہیں۔ تاہم ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ یہ ضرور چاہتے ہیں کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اس بار ٹرافی جیتے۔

انھوں نے کہا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے ان کی دلی وابستگی ہے اور یہ ٹیم ایک فیملی ٹیم کا روپ دھار چکی ہے جس کا سہرا ٹیم کے مالک ندیم عمر، کوچ معین خان اور کپتان سرفراز احمد کے سر جاتا ہے۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں