مصباح الحق انجری کے باعث پی ایس ایل 3 سے باہر

کرکٹ تصویر کے کاپی رائٹ Psl
Image caption مصباح الحق کا ہاتھ کراچی کنگز کے خلاف میچ میں زخمی ہوگیا تھا

اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان مصباح الحق ہاتھ میں فریکچر کے سبب پاکستان سپر لیگ سے باہر ہوگئے ہیں۔

نامہ نگار عبدالرشید شکور نے بتایا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے ترجمان کے مطابق مصباح الحق کو ٹھیک ہونے میں چار ہفتے لگیں گے۔

یاد رہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم پی ایس ایل کے ابتدائی مرحلے میں چودہ پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست رہی اور وہ اتوار کی شب دبئی میں کراچی کنگز کے خلاف پلے آف کھیل رہی ہے۔

مصباح الحق کا ہاتھ کراچی کنگز کے خلاف میچ میں زخمی ہوگیا تھا۔

مصباح الحق کا زخمی ہو جانا اس لیے بھی اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیے بڑا دھچکہ ہے کہ وہ اگرچہ بیٹنگ میں نہ سہی لیکن بحیثیت کپتان اپنی ٹیم کے لیے بہت کامیاب ثابت ہوئے ہیں۔

اگر اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم اتوار کو ہونے والے کوالیفائیر میں کامیابی حاصل کر لیتی ہے تو وہ فائنل کے لیے کوالیفائی کرلے گی لیکن شکست کی صورت میں بھی اس کے پاس مزید ایک موقع اکیس مارچ کے میچ کی صورت میں موجود ہوگا۔

مصباح الحق پاکستان سپر لیگ کے دو ابتدائی میچز ہمسٹرنگ کی تکلیف کی وجہ سے نہیں کھیل پائیں گے جبکہ بقیہ آٹھ میچوں میں سے وہ صرف چار میں بیٹنگ کرپائے اور ان میں سے کسی بھی میچ میں اہم اننگز نہیں کھیل سکے۔

مصباح الحق سے قبل اسلام آباد کے فاسٹ بولر رومان رئیس اور آل راؤنڈر آندرے رسل بھی ان فٹ ہوکر ایونٹ سے باہر ہوچکے ہیں۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں