وریندر سہواگ: میں نے گیل کو لے کر آئی پی ایل کو بچا لیا

کرس گیل تصویر کے کاپی رائٹ @Twitter
Image caption گیل نے اپنے پہلے ہی میچ میں چینئی سپر کنگز کے خلاف نصف سنچری بنائی تو دوسرے میچ میں حیدرآباد کے خلاف سنچری بنائی جو آئی پی ایل کے رواں سیزن کی پہلی سنچری تھی

انڈیا کے جارحانہ بیٹسمین اور کنگز الیون پنجاب کے مینٹور وریندر سہواگ کا کہنا ہے کہ انھوں نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کو بچا لیا ہے۔

انھوں نے یہ بات ویسٹ انڈیز کے بیٹسمین کرس گیل کی جانب سے آئی پی ایل کے رواں سینزن میں پہلی سنچری بنانے کے بعد ایک ٹویٹ میں کہی۔

سہواگ نے اپنے انداز میں لکھا: 'میں نے ہنری گیل کو منتخب کر کے آئی پی ایل کو بچا لیا۔'

اس کے جواب میں فورا ہی گیل نے 'ہاں' کہا جس کے بعد ان دونوں کے ٹویٹس کو ہزاروں بار لائیک اور ری ٹویٹ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیے

آئی پی ایل: میچوں پر شرطیں لگانے والے تین افراد گرفتار

آئی پی ایل کے میچ کے دوران سٹیڈیم کے اندر مظاہرہ

پابندی کے بعد چینئی کی جیت کے ساتھ واپسی

وراٹ کوہلی آئی پی ایل کے مہنگے ترین کھلاڑی

آئی پی ایل کے رواں سیزن کے لیے تمام ٹیموں میں سے کسی نے بھی کرس گیل کو نہیں خریدا جبکہ کنگز الیون پنجاب نے بالکل آخر میں ان کی خدمات حاصل کیں۔

گیل نے اپنے پہلے ہی میچ میں چینئی سپر کنگز کے خلاف نصف سنچری بنائی تو دوسرے میچ میں حیدرآباد کے خلاف سنچری بنائی جو آئی پی ایل کے رواں سیزن کی پہلی سنچری تھی۔

یہ گیل کی آئی پی ایل میں مجموعی طور پر چھٹی سنچری تھی۔

کرس گیل نے نئے انداز میں اپنی نصف سنچری اور سنچری کا جشن منایا۔ انھوں نے بیٹ کو دونوں ہاتھوں لے کر ایسے ہلایا جیسے کسی بچے کو گود میں رکھ کر ہلا رہے ہوں۔

ایک ٹوئٹر صارف چارمنگ جنانی نے لکھا: '2011 کی آئي پی ایل نیلامی میں گیل کو کسی نے نہیں خریدا، پھر رائل چیلنجرز بنگلور نے انھیں ایک متبادل کی جگہ لیا اور انھوں نے اپنے پہلے ہی میچ میں سنچری سکور کی۔ 2018 میں انھیں کسی نے نہیں خریدا۔ پھر کنگز الیون پنجاب نے انھیں آخری مرحلے میں خریدا اور انھوں نے اپنے دوسرے میچ میں سنچری سکور کی۔'

بعض صارفین کا تو یہ کہنا ہے کہ رائل چیلنجرز بنگلور نے انھیں چھوڑ کر 'بڑی غلطی کی ہے' جبکہ بعض یہ کہہ رہے ہیں کہ 'بنگلور کے خلاف ان کا میچ قابل دید ہو گا۔'

کئی صارفین نے لکھا کہ وہ اس میچ کا 'بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔'

خیال رہے کہ آئی پی ایل کے ایک میچ میں سب سے زیادہ 175 رنز بنانے کا ریکارڈ کرس گیل کے نام ہے۔ اس کے علاوہ گیل نے آئی پی ایل میں سب سے زیادہ چھکے بھی مارے ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ @realpreityzinta
Image caption آئي پی ایل کے ایک میچ میں سب سے زیادہ 175 رنز بنانے کا ریکارڈ کرس گیل کے نام ہے

گذشتہ رات رواں آئی پی ایل کی دوسری سنچری چنئی سپر کنگز کی جانب سے آسٹریلوی آل راؤنڈر شین واٹسن نے راجستھان رائلز کے خلاف بنائی۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں