فیفا ورلڈ کپ 2018: رونالڈو کی ہیٹرک،سپین اور پرتگال کا میچ 3-3 سے برابر

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption جب رونالڈو ایک سے زیادہ گول کر دیں تو پرتگال کے ہارنے کا امکان نہ ہونے کے برابر ہوتا ہے

کرسٹیانو رونالڈو نے آج فیفا ورلڈ کپ 2018 کے اپنے پہلے میچ میں تین گول کر کے ہیٹرک مکمل کرتے ہوئے پرتگال کے خلاف سپین کو کامیابی حاصل کرنے سے روک دیا۔

روس میں کھیلے جا رہے فیفا ورلڈ کپ 2018 کے گروپ بی کی مضبوط ترین ٹیموں سپین اور پرتگال کے درمیان میچ 3-3 سے برابر رہا۔

روسی شہر سوچی میں کھیلے گئے اس میچ میں کے چوتھے ہی منٹ میں سپین کو اس وقت نقصان اٹھانا پڑا جب پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو کے خلاف ہسپانوی دفاعی کھلاڑی نے ڈی کے اندر فاؤل کر دیا اور پرتگال کو پنلٹی کک دی گئی۔ رونالڈو نے اسے باآسانی گول میں تبدیل کر دیا۔

یہ بھی پڑھیے

فیفا ورلڈ کپ 2018 کون جیتے گا؟

فیفا ورلڈ کپ بچے نہیں، تہران میں عورتیں نہیں

کیا پیسہ آپ کو ورلڈ کپ جتوا سکتا ہے؟

فٹبال عالمی کپ 2026 کے میزبان: امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو

میچ کے 16ویں منٹ میں سپین کے سرگیو بسکٹس کو ایک اور فاؤل کی وجہ سے پیلا کارڈ دکھایا گیا۔

تاہم سپین نے میچ کے 24ویں منٹ میں پہلا گول کر کے میچ برابر کر دیا۔ سپین کے دیئیگو کوسٹا نے تین دفاعی کھلاڑیوں کے درمیان اکیلے ہی شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے سپین کا پہلا گول کیا۔

میچ کے 25ویں منٹ میں سپین کا ایک اور حملہ تقریباً دوسرے گول میں تبدیل ہونے لگا تھا تاہم پرتگالی گول کیپر نے یکے بعد دیگرے تین شاٹ روکے۔ اس دوران بال گول پوسٹ سے لگ کر گول لائن تک پہنچ گئی مگر بال لائن کراس نہیں کر سکی۔

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption میچ میں کے چوتھے ہی منٹ میں سپین کو اس وقت نقصان اٹھانا پڑا جب پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو کے حلاف ہسپانوی دفاعی کھلاڑی نے ڈی کے اندر فاؤل کر دیا اور پرتگال کو پلنٹی کک دی گئی۔

میچ کے 27ویں منٹ میں پرتگال کے برونو فرنینڈز کو میچ کا دوسرا پیلا کارڈ ملا۔

ہاف ٹائم سے پہلے سپین کے گول کیپر دی گئیہ سے ایک غلطی ہوئی جب رونالڈو کی ایک شاٹ ان کے ہاتھوں کو چھوتی ہوئی گول کے اندر داخل ہو گئی۔ ہاف ٹائم پر سکور 2-1 تھا۔

دوسرے ہاف کے 9ویں منٹ میں سپین کے دیئیگو کوسٹا نے ایک مرتبہ پھر سپین کا دوسرا گول کر کے میچ برابر کر دیا۔

میچ میں سپین کو پہلی مرتبہ برتری اس وقت ملی جب ناچو (جن کی غلطی کی وجہ سے پرتگال کو پہلی پنلٹی ملی تھی) نے اپنے کیے کا ازالہ کرتے ہوئے سپین کا تیسرا گول کیا۔

مگر رونالڈو نے ایک شاندار فری کِک پر میچ ایک مرتبہ پھر برابر کر دیا۔ میچ کا چھٹا گول شاید اس کا خوبصورت ترین گول تھا۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں