ورلڈ کپ 2018: لیونل میسی کا پہلا گول، ارجنٹینا ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچ گیا

فٹبال تصویر کے کاپی رائٹ AFP

فٹبال سٹار لیونل میسی نے آخر کار ورلڈ کپ 2018 میں اپنا پہلا گول کر ہی ڈالا اور ساتھ ہی ساتھ ان کی ٹیم ارجنٹینا نے ناک آؤٹ مرحلے کے لیے بھی کوالیفائی کر لیا ہے۔

منگل کو گروپ ڈی کے ایک اہم میچ میں ارجنٹینا نے نائجیریا کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر ورلڈ کپ کے اگلے مرحلے میں جگہ بنا لی، جہاں اس کا مقابلہ فرانس کے ساتھ ہوگا۔

ارجنٹینا کے لیے اس میچ سے قبل اور ایک موقع پر میچ کے دوران بھی اگلے مرحلے تک پہنچنا کچھ مشکل دکھائی دینے لگا تھا لیکن وہ کوالیفائی کرنے میں کامیاب رہا۔ سنہ 2002 کے ورلڈ کے ابتدائی راؤنڈ میں ہی باہر ہونے کے بعد ارجنٹینا نے لگاتار چوتھی مرتبہ ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔

فٹبال ورلڈ کپ 2018 کے بارے میں مزید پڑھیے

’میں نے تمھیں ایسا کرنے کی اجازت نہیں دی‘

رونالڈو سے پینلٹی ضائع، ’ایران فاتح ہے‘

کیا یہ فیفا ورلڈ کپ 2018 کی سب سے پیاری تصویر ہے؟

تاہم لیونل میسی کی ٹیم کے لیے یہ اتنا بھی آسان نہیں تھا۔ نائجیریا نے میچ کے پہلے ہالف میں گول کھانے کے بعد دوسرے ہالف میں جس طرح سے واپسی کی اور پینلٹی پر گول کر کے میچ کو برابر کیا وہ دیکھنے سے تعلق رکھتا تھا۔ تاہم ایک سخت مقابلے کے بعد انھیں شکست کا سامنا کرنا پڑا اور اس طرح ورلڈ کپ میں ان کا سفر بھی اختتام پذیر ہو گیا۔

میچ کے بعد لیونل میسی نے کہا: ’ہمیں بہت مشکل ہوئی۔ بہت کچھ داؤ پر لگا تھا۔ تسکین ملی ہے، تسکین ہم سب کے لیے۔ ہم نے نہیں سوچا تھا کہ ہمیں اتنی مشکل ہوگی۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images

ورلڈ کپ کا 100واں گول میسی کے نام مگر۔۔۔۔۔۔

روس میں جاری اس ورلڈ کپ کے ابتدائی دو میچوں میں ایک بھی گول نہ کرنے والے اور پھر پینلٹی پر بھی گول کرنے کا موقع گنوانے والے لیونل میسی نے نائجیریا کے خلاف میچ میں نہ صرف اپنا پہلا گول کیا بلکہ ورلڈ کپ 2018 کا 100واں گول بھی ان کے نام رہا۔

یہی نہیں لیونل میسی سابق سٹار فٹبالر ڈیئگو میراڈونا اور گیبریئل بٹسٹوٹا کے بعد ارجنٹینا کے واحد کھلاڑی ہیں جنھوں نے تین مختلف ورلڈ کپ مقابلوں میں گول کرنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔

تاہم نائجیریا کے خلاف کھیلے گئے اس میچ کے آخری لمحات میں ارجنٹینا کی جانب سے مارکوس روہو گول نہ کرتے تو شاید ارجنٹینا ورلڈ کپ سے باہر ہو جاتا۔

مارکوس روہو نے میچ کے 86ویں منٹ میں خوبصورت گول کیا جو بعد میں ارجنٹینا کے لیے فیصلہ کن گول ثابت ہوا۔

یاد رہے کہ چار سال قبل بھی مارکوس روہو نے ہی نائجیریا کے خلاف گول کر کے اپنی کو فتح دلوائی تھی۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images

آئس لینڈ کا سفر بھی تمام

فیفا ورلڈ کپ 2018 میں اپنے پہلے ہی میچ میں ارجنٹینا کے ساتھ ساتھ سب کو ہی حیران کرنے والی آئس لینڈ کی ٹیم اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنے میں ناکام رہی ہے۔

منگل کو کروشیا کے خلاف میچ میں اسے ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست ہوئی اور اس طرح اس کا ورلڈ کپ میں سفر تمام ہوا۔

آئس لینڈ کا پہلا میچ جو اس نے ارجنٹینا کے خلاف کھیلا تھا برابری پر ختم ہوا جبکہ نائجیریا کے خلاف اسے دو، صفر سے شکست ہوئی تھی۔

اس طرح ارجنٹینا کے علاوہ گروپ ڈی سے جس ٹیم نے اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا ہے وہ کروشیا ہے۔ کروشیا نے اپنے ابتدائی تینوں میچ جیتے اور اب اس کا مقابلہ ڈینمارک سے ہوگا۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images

فرانس صفر، ڈینمارک صفر

گروپ سی سے کھیلے جانے والے میچ میں فرانس اور ڈینمارک کی ٹیموں کے درمیان میچ صفر، صفر سے برابر رہا تاہم دونوں ہی ٹیمیں اگلے راؤنڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب رہیں۔

اب فرانس کا مقابلہ ارجنٹینا سے ہوگا جبکہ ڈنمارک اپنا اگلا میچ کروشیا کے خلاف کھیلا گا۔

اسی گروپ سے جو دو ٹیمیں ورلڈ کپ سے باہر ہو گئی ہیں وہ آسٹریلیا اور پیرو کی ہیں۔

اسی بارے میں