تیسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان کی زمبابوے کو نو وکٹوں سے شکست

کرکٹ تصویر کے کاپی رائٹ AFP

بلاوائیو میں کھیلے جانے والے تیسرے ون ڈے کرکٹ میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو نو وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔

بلاوائیو میں کھیلے جانے والے تیسرے ون ڈے کرکٹ میچ میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور 26ویں اوور میں صرف 67 رنز پر اس کی پوری ٹیم آؤٹ ہو گئی۔

پاکستان نے 68 رنز کا ہدف 10 ویں اوور میں حاصل کر لیا جبکہ بابر اعظم اور فخر زمان ناٹ آؤٹ رہے۔

68 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز بھی اچھا نہ تھا اور پہلے اوور کی پہلی ہی گیند پر امام الحق صفر پر آؤٹ ہو گئے۔ تاہم بعد میں بابر اعظم اور فخر زمان نے ذمہ داری سے کھیلتے ہوئے 68 رنز کا ہدف حاصل کر لیا۔

پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف نے پانچ، جنید خان نے دو، جبکہ یاسر شاہ، شاداب خان اور عثمان شنواری نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

’عثمان شنواری ہیٹ ٹرک کر جاتے لیکن ۔۔۔‘

’ایسے کیسے ورلڈکپ کی تیاری ہو گی؟`

عثمان شنواری نے ایک مرتبہ پھر ابتدائی اوور میں ہی پاکستان کو کامیابی دلا دی، جب زمبابوے کے اوپنر مسوورے ایک رن بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

زمبابوے کا ٹاپ آرڈر ایک بار پھر سے ناکام رہا اور یکے بعد دیگرے اس کی چار ابتدائی وکٹیں صرف 29 کے مجموعی سکور پر گر گئیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP

زمبابوے میں جاری پانچ ایک روزہ میچوں کی اس سیریز کے ابتدائی دونوں میچ پاکستان نے باآسانی جیت لیے تھے۔

پہلے میچ میں پاکستان نے میزبان ٹیم کو 201 رنز جبکہ دوسرے میچ میں نو وکٹوں سے شکست دی تھی۔

سیریز جیتنے کے بعد تبدیلی کا سوچیں گے

بلاوائیو میں کھیلے جانے والے اس تیسرے ایک روزہ میچ کے لیے پاکستان ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی۔ محمد عامر اور حسن علی کی جگہ یاسر شاہ اور جنید خان کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔

اس سے قبل پاکستان ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا تھا کہ زمبابوے کے خلاف سیریز جیتنے کے بعد ہی ٹیم میں تبدیلی پر غور کیا جائے گا۔

سرفراز احمد نے کہا ’جی ہاں ٹیم میں تبدیلی کے بارے میں منصوبہ بندی کی گئی ہے لیکن پہلے سیریز اپنے نام کر لیں۔‘

’ہمارا ٹارگٹ سیریز جیتنا ہے، جیسے ہی ہم ایسا کر لیں تو اس کے بعد ہماری تمام تر توجہ بینچ پر بیٹھے دیگر نوجوان کھلاڑیوں کو آزمانے پر ہوگی۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ AFP

دوسری جانب پاکستانی تجربہ کار بلے باز شعیب ملک اپنے ایک روزہ کرکٹ میں 7000 رنز مکمل کرنے سے صرف تین رن کی دوری پر ہیں۔ ان سے قبل صرف سات دیگر پاکستانی بلے باز یہ کارنامہ سرانجام دے چکے ہیں۔

پانچ میں سے ایک ہی میچ جیتا

اگر دونوں ٹیموں کی حالیہ کارکردگی پر نظر ڈالی جائے تو تاحال زمبابوے کی کارکردگی کچھ ایسی ہی رہی ہے۔

زمبابوے اپنے گذشتہ پانچ میچوں میں سے صرف ایک ہی میچ جیت سکا ہے جبکہ چار ایک روزہ میچوں میں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

دوسرے جانب پاکستان نے اپنے گذشتہ پانچ ون ڈے میچوں میں سے تین ہارے اور دو میں کامیابی حاصل کی ہے۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں