ایشین گیمز: کراٹے مقابلوں میں پاکستانی کھلاڑی نرگس نے کانسی کا تمغہ جیت لیا

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption 19 سالہ نرگس نے 68 کلوگرام سے زائد وزن کی کیٹیگری مقابلوں میں یہ تمغہ حاصل کیا

انڈونیشیا کے شہر جکارتہ اور پالیمبینگ میں منعقد ہونے والی 18ویں ایشین گیمز میں پاکستانی کھلاڑی نرگس نے کراٹے کے مقابلوں میں کانسی کا تمغہ جیت لیا ہے۔

18ویں ایشین گیمز میں پاکستان کا دوسرا کانسی کا تمغہ ہے، اس سے قبل پاکستان کی کبڈی کی ٹیم نے کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔

19 سالہ نرگس نے 68 کلوگرام سے زائد وزن کی کیٹیگری مقابلوں میں یہ تمغہ حاصل کیا۔

نرگس نے گذشتہ سال کولمبو میں منعقدہ ساؤتھ ایشین کراٹے چیمپیئن شپ میں طلائی تمغہ جیتا تھا۔

سنیچر کو کانسی کے تمغے کے لیے کھیلے گئے میچ میں نیپال کی کارکی ریتا کو 3-1 سے شکست دی۔

اس سے قبل نرگس کو سیمی فائنل مقابلے میں چین کی گاؤ مینگمینگ سے 8-0 س شکست ہوئی تھی۔

68 کلوگرام سے زائد وزن کی کیٹیگری مقابلوں میں سونے کا تمغہ جاپان کی اوئیکوسا ایومی نے چین کی گاؤ مینگمینگ کو زیر کر کے حاصل کیا جبکہ کانسی کا دوسرا تمغہ اریان کی حمیدہ عباس علی نے حاصل کیا۔

اسی بارے میں مزید پڑھیں!

پاکستان کی تیسری فتح، قازقستان کو 0-16 سے شکست

ایشین گیمز: پاکستان کی 44 سال بعد پہلی کامیابی

کانسی کا تمغہ پہلا قدم لیکن منزل نہیں

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption کانسی کے تمغے کے لیے کھیلے گئے میچ میں نیپال کی کارکی ریتا کو 3-1 سے شکست دی

واضح رہے کہ ایشین گیمز میں چین اب تک 71 طلائی اور مجموعی طور پر 149 تمغوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے جبکہ جاپان 108 تمغوں کے ساتھ دوسرے اور جنوبی کوریا 82 تمغوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

میزبان انڈونیشیا نے اب تک 38 تمغے حاصل کیے ہیں اور وہ پانچویں نمبر پر ہیں۔

پاکستان نے اس سے قبل کبڈی میں کانسی کا تمغہ حاصل کیا تھا جب اسے جنوبی کوریا سے سیمی فائنل میں شکست کے بعد کانسی کا تمغہ ملا۔

اسی بارے میں