ایشین گیمز: پاکستان ہاکی کے سیمی فائنل میں پہنچ گیا

پاکستانی ہاکی ٹیم

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشن

پاکستانی ٹیم نے اس ایونٹ میں کل 45 گول کیے ہیں جبکہ اس کے خلاف صرف ایک گول ہوا ہے

انڈونیشیا میں جاری 18ویں ایشیائی کھیلوں میں پاکستانی ہاکی ٹیم کی عمدہ کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے اور اس نے اپنے آخری گروپ میچ میں بنگلہ دیش کو پانچ گول سے شکست دی ہے۔

پاکستانی ٹیم ان مقابلوں میں اب تک ناقابلِ شکست رہی ہے اور منگل کی شام ہونے والے اس میچ کے نتیجے سے قطع نظر پاکستانی ٹیم پہلے ہی سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکی ہے۔

بنگلہ دیش کے خلاف میچ میں پاکستان نے آغاز سے ہی مخالف ٹیم کو دباؤ میں رکھا اور دوسرے ہی منٹ میں محمد عتیق کے گول کی بدولت برتری حاصل کر لی۔

اسی بارے میں مزید پڑھیں!

نویں منٹ میں مبشر علی نے پینلٹی کارنر پر گول کر کے یہ برتری دوگنی کر دی۔ مبشر نے ہی میچ کے 25ویں منٹ میں انفرادی طور پر دوسرا اور پاکستان کے لیے تیسرا گول کیا۔ یہ گول بھی پینلٹی کارنر پر ہوا۔

دوسرے ہاف کے آغاز کے چھ منٹ بعد علی شان نے گول کر کے سکور چار صفر کر دیا۔

پاکستان کی جانب سے پانچواں اور میچ کا آخری گول 48ویں منٹ میں محمد عتیق نے پینلٹی کارنر پر کیا۔ یہ اس میچ میں ان کا دوسرا گول تھا۔

واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم نے اس ایونٹ میں کل 45 گول کیے ہیں جبکہ اس کے خلاف صرف ایک گول ہوا ہے۔

30 اگست کو کھیلے جانے والے پہلے سیمی فائنل میں ملائیشیا اور انڈیا کی ٹیمیں مدِمقابل ہوں گی جبکہ اسی روز دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان کا مقابلہ جاپان سے ہو گا۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشن

ارشد نے 80.75 میٹر دور نیزہ پھینک کر جیول تھرو کے مقابلے میں تیسری پوزیشن حاصل کی

ایشیائی کھیلوں میں پاکستانی دستہ تاحال سونے یا چاندی کے تمغے سے تو محروم ہے تاہم اس کے تمغوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر تین ہو گئی ہے۔

پاکستان کے لیے کانسی کا تیسرا تمغہ ایتھلیٹ ارشد ندیم نے پیر کو جیولن تھرو کے مقابلے میں حاصل کیا۔ ارشد نے 80.75 میٹر دور نیزہ پھینک کر اس مقابلے میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔

چاندی کا تمغہ چین کے لیو کیزن کے حصے میں آیا جبکہ طلائی تمغہ انڈیا کے نیرج چوپڑا نے حاصل کیا جن کا نیزہ 88.06 میٹر کے فاصلے پر جا کر گرا۔

جکارتہ اور پالیمبینگ میں منعقد ہونے والے ان مقابلوں میں پاکستانی کھلاڑی اب تک تین کانسی کے تمغے جیت چکے ہیں۔ جن کھیلوں میں یہ تمغے حاصل کیے گئے ہیں ان میں جیولن تھرو کے علاوہ کبڈی اور کراٹے شامل ہیں۔

کراٹے میں کوئٹہ سے تعلق رکھنے والی 19 سالہ نرگس نے 68 کلوگرام سے زائد وزن کی کیٹیگری کے مقابلوں میں تمغہ حاصل کیا۔

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشن

19 سالہ نرگس نے 68 کلوگرام سے زائد وزن کی کیٹیگری مقابلوں میں یہ تمغہ حاصل کیا

کانسی کے تمغے کے میچ میں انھوں نے نیپال کی کارکی ریتا کو 3-1 سے شکست دی تھی۔

نرگس گذشتہ سال کولمبو میں منعقدہ جنوبی ایشیائی کراٹے چیمپیئن شپ میں طلائی تمغہ بھی جیت چکی ہیں۔

واضح رہے کہ ایشین گیمز میں چین اب تک 86 طلائی اور مجموعی طور پر 191 تمغوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے جبکہ جاپان 136 تمغوں کے ساتھ دوسرے اور جنوبی کوریا 106 تمغوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

میزبان انڈونیشیا نے اب تک 66 تمغے حاصل کیے ہیں اور وہ چوتھے نمبر پر ہے۔