شان مسعود پہلی بار ون ڈے ٹیم میں شامل، محمد حفیظ ڈراپ

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption آل راؤنڈر محمد حفیظ ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب نہیں ہوسکے ہیں۔

ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے لیے پاکستان کی 16 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے۔

انضمام الحق کی سربراہی میں قائم سلیکشن کمیٹی نےکھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ مکمل ہونے کے بعد ہیڈ کوچ مکی آرتھر سے مشاورت کرتے ہوئے ٹیم کا اعلان کردیا۔

اوپننگ بیٹسمین شان مسعود کو پہلی بار ون ڈے ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ اس سے قبل وہ بارہ ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے ایک سنچری اور تین نصف سنچریوں کی مدد سے 565 رنز بنا چکے ہیں۔

شان مسعود نے آخری بار پاکستان کی نمائندگی گزشتہ سال سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کی تھی لیکن ان کی کارکردگی مایوس کن رہی تھی، تاہم اس سال ریجنل کپ ایک روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کے آٹھ میچوں میں انہوں نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے656 رنز اسکور کیے جن میں دو سنچریاں اور چار نصف سنچریاں شامل تھیں۔

اٹھارہ سالہ فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی بھی پہلی بار ون ڈے اسکواڈ کا حصہ بنے ہیں۔ وہ اس سال زمبابوے کے دورے میں دو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیل چکے ہیں۔

آل راؤنڈر محمد حفیظ ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب نہیں ہوسکے ہیں۔

وہ زمبابوے کے دورے میں ٹیم میں شامل تھے لیکن حیرت انگیز طور پر انہیں پانچ میں سے کسی بھی ون ڈے میچ میں موقع نہیں دیا گیا تھا۔اس دورے میں وہ دو ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے تھے۔

آل راؤنڈر عماد وسیم جو کیریبئن لیگ کے چھ میچز کھیلنے کے بعد پاکستان آئے تھے فٹنس ٹیسٹ پاس نہ کرنے کی وجہ سے ٹیم میں جگہ بنانے میں ناکام رہے ہیں۔ وہ گزشتہ سال سری لنکا کے خلاف سیریز کے بعد فٹنس مسائل سے دوچار ہوگئے تھے۔

سلیکٹرز نے لیفٹ آرم اسپنر کے طور پر محمد نواز پر اعتماد برقرار رکھا ہے۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ سرفراز احمد ( کپتان ) فخرزمان ۔ امام الحق۔ بابرزمان۔ شعیب ملک۔ حارث سہیل ۔آصف علی۔ حسن علی۔ شاداب خان۔ محمد عامر۔فہیم اشرف۔ جنید خان۔ عثمان خان شنواری ۔ محمد نواز ۔شان مسعود اور شاہین شاہ آفریدی۔

ایشیا کپ پندرہ سے اٹھائیس ستمبر تک دبئی اور ابوظہبی میں کھیلا جائے گا جس میں پاکستان بھارت سری لنکا بنگلہ دیش افغانستان اور ایک کوالیفائر ٹیم حصہ لے گی۔

کوالیفائنگ مقابلے ان دنوں ملائشیا میں جاری ہیں۔

پاکستانی ٹیم ٹورنامنٹ کے گروپ بی میں بھارت اور کوالیفائر ٹیم کے ساتھ ہے اور وہ اپنا پہلا میچ سولہ ستمبر کو کوالیفائر کے خلاف کھیلے گی جبکہ انیس ستمبر کو وہ روایتی حریف بھارت کے مدمقابل ہوگی۔

ٹورنامنٹ کے گروپ مرحلے کے بعد چار ٹیمیں 21 سے 26 ستمبر تک ہونے والے سپر4 مرحلے میں مدمقابل ہوں گی۔

ایشیا کپ کا فائنل 28 ستمبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں