’روتے ہوئے ساتھیوں کو ریٹائرمنٹ کے بارے میں بتایا‘

ایلسٹر کک

،تصویر کا ذریعہReuters

انگلینڈ کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز ایلسٹر کک نے کہا ہے کہ انھوں نے روتے ہوئے اپنے ساتھیوں کو بتایا کہ وہ کرکٹ سے ریٹائر ہو رہے ہیں تاہم وہ گذشتہ چھ ماہ سے اس بارے میں سوچ رہے تھے۔

کک جمعے سے انڈیا کے خلاف جاری ٹیسٹ سیریز کے پانچویں اور آخری میچ کے بعد بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہو جائیں گے۔

ایلسٹر کک نے جہاں اتنے سارے ریکارڈز بنا رکھے ہیں اور کئی عمدہ اننگز کھیلی ہیں وہیں ان کے لیے رواں سال کچھ خاص اچھا نہیں رہا اور اب تک رواں سال انھوں نے صرف 18.62 کی اوسط سے رنز بنائے ہیں اور انڈیا کے خلاف جاری سیریز میں اب تک ایک بھی نصف سنچری سکور نہیں کر پائے ہیں۔

اس بارے میں مزید پڑھیے

برطانوی ٹیسٹ اوپنر کہتے ہیں کہ میں اپنی ’ذہنی سختی‘ کھو چکا ہوں۔

کک کا مزید کہنا تھا 'یہ اچھی خبر ہو سکتی ہے، یہ کسی کے لیے بری خبر ہو سکتی ہے لیکن یہ وقت ہے اور میں نے اپنے حصے کا تھوڑا سا کام کیا ہے، میں ایک اور میچ کھیلوں گا۔‘

ایلسٹر کک نے انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کے کپتان جو روٹ کو اپنی ریٹائرمنٹ کے بارے میں چوتھے ٹیسٹ میچ سے قبل بتایا تھا تاہم انھوں نے ہیڈ کوچ ٹریور بیلس کو اس بارے میں میچ کے دوران آگاہ کیا۔

ایلسٹر کک کا کہنا ہے ان کا بین الاقوامی کرکٹ کو خیر آباد کہنے کا فیصلہ گذشتہ چھ ماہ سے ان کے ذہن میں تھا۔

انھوں نے کہا ’میں نے ہمیشہ ذہنی طور پر سختی کا مظاہرہ کیا تھا تاہم اب اپنی ’ذہنی سختی‘ کھو چکا ہوں۔‘

33 سالہ ایلسٹر کک نے انگلینڈ کی جانب سے 160 ٹیسٹ میچوں میں 32 سینچریوں کی مدد سے 12,254 رنز بنائے ہیں جو انگلینڈ کی جانب سے ریکارڈ ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ان کے 12 سالہ کریئر کی اہم بات سنہ 2010-2011 میں آسٹریلیا جبکہ سنہ 2012 میں انڈیا کے خلاف مین آف دی سیریز کا اعزاز حاصل کرنا ہے۔

ایلسٹر کک نے سنہ 2010-2011 میں آسٹریلیا کے خلاف کھیلی جانے والی ایشز سیریز میں 766 رنز بنائے تھے۔ انھوں نے انڈیا کے خلاف کھیلی جانے والے سیریز میں لگا تار تین سینچریاں بنائیں اور انگلینڈ کو انڈیا کے خلاف 27 سالوں کے بعد پہلی بار سیریز جتوانے میں اہم کردار ادا کیا۔

ریکارڈ بریکر

انگلینڈ کے لیے سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز۔ 12,254

انگلینڈ کے لیے سب سے زیادہ ٹیسٹ سینچریاں۔ 32

انگلینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ 150 یا اس سے زیادہ رنز۔ 11

انگلینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ ٹیسٹ۔ 160

سب سے زیادہ لگاتار ٹیسٹ میچ۔ 158

بطور انگلینڈ کپتان سب سے زیادہ ٹیسٹ۔ 59

بطور انگلینڈ کھلاڑی سب سے زیادہ کیچ۔ 173