پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے سیموئیل ورگاس کو ہرا دیا

عامر خان تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images

پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے کولمبین باکسر سیموئیل ورگاس کو برمنگھم کے باکسنگ ارینا میں سنیچر کی رات کھیلے جانے والے مقابلے میں پوائنٹس کی بنیاد پر شکست دے دی۔

برطانیہ کے شہر برمنگھم میں کھیلا جانے والا یہ مقابلہ 36 منٹ تک جاری رہا۔

12 راؤنڈ تک جاری رہنے والے اس مقابلے میں باکسر عامر خان نے اپنے حریف سیموئیل ورگاس کو پوائنٹس کی بنیاد پر شکست دی۔

تینوں ججوں نے متفہ طور پر عامر خان کے حق میں فیصلہ دیا۔ عامر خان مقابلے کے آغاز سے ہی اپنے حریف پر حاوی رہے۔

اس بارے میں مزید پڑھیے

عامر خان کی واپسی: صرف 40 سیکنڈ میں حریف باکسر ڈھیر

عامر خان اور مینی پیکیو کے مابین مقابلے کا اعلان

مقابلے جیتنے کے بعد 31 سالہ عامر خان نے کہا: ’مقابلہ توقع سے زیادہ سخت تھا۔ آج کی فائٹ سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا۔‘

ان کا کہنا تھا کہ سیموئیل ورگاس اچھا فائٹر ہے۔ ’میرے باکسنگ داؤ پیچ کے باوجود سیموئیل ورگاس بار بار کم بیک کرتے رہے۔‘

عامر خان کا مزید کہنا تھا کہ فائیٹ کے آغاز میں سیموئیل ورگاس نے مجھے اور پھر میں نے انھیں گرایا۔

واضح رہے کہ پاکستانی نژاد برطانوی باکسر اب تک 37 مقابلوں میں 33 میں کامیاب ہو چکے ہیں۔

یہ عامر خان کا رواں سال میں دوسرا مقابلہ تھا۔ اس سے قبل عامر خان نے اپریل میں کینیڈا کے فل لو گریکو کو صرف 40 سیکنڈ میں ناک آؤٹ کر دیا تھا۔

رواں سال 22 اپریل کو کھیلے جانے والے اس مقابلے میں عامر خان دو سال میں پہلی مرتبہ رنگ میں اترے تھے۔

انھوں نے اپنے حریف گریکو کو پہلی بار بائیں اور دائیں جانب سے گھونسوں کی بوچھار سے صرف 13 سیکنڈ میں زمین پر گرا دیا تھا۔

سابق لائٹ اور ویلٹر ویٹ عالمی چیمپیئن عامر خان لاس ویگس میں سنہ 2016 میں سول کینیلو الواریز کے ہاتھوں ناک آؤٹ ہونے کے بعد سے کسی مقابلے میں نہیں اترے تھے جبکہ اس سے قبل برطانیہ کے شیفیلڈ میں پانچ سال قبل انھوں نے جولیو ڈیاز کو پوائنٹس کی بنیاد پر شکست دی تھی۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں