تیسرے ٹی 20 میں بھی پاکستان کامیاب، آسٹریلیا کو سیریز میں کلین سویپ

شاداب تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے تین وکٹیں حاصل کیں

دبئی میں پاکستان نے تیسرے اور آخری ٹی 20 میچ میں آسٹریلیا کو 33 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں کلین سویپ کر دیا ہے۔

اتوار کو کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا کی ٹیم پاکستان کے 151 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 117 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے تین، حسن علی نے دو جبکہ عثمان خان شنواری، محمد حفیظ اور فہیم اشرف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

شاداب خان کو مین‌ آف دی میچ جبکہ بابر اعظم کو مین آف دی سیریز کا ایوارڈ دیا گیا ہے۔

151 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی جانب سے کیری اور آرون فنچ نے اننگز کا آغاز کیا تو اس کی پہلی وکٹ 24 کے مجموعی سکور پر گری جب فہیم اشرف نے آرون فنچ کو آؤٹ کر دیا۔ وہ صرف ایک رن بنا سکے۔

اس کے فوراً بعد ہی پاکستان کو دوسری کامیابی مل گئی جب محمد حفیظ کیری کی وکٹ بھی حاصل کر لی۔ کیری نے 20 رنز بنائے۔

اس کے بعد میک ڈرمٹ اور لین نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے سکور 60 تک پہنچا دیا۔

یہ بھی پڑھیں!

ٹرافی سوہنی ہے یا کوجی، سانوں کی!

سرفراز احمد کی بدقسمتی

ٹی ٹوئنٹی سیریز پاکستان کے نام، 11 رنز سے جیت

شاداب خان نے اپنے سپیل کے پہلے ہی اوور میں لین کو پویلین کی راہ دکھا دی۔ اسی اوور میں آسٹریلیا کو دوہرا نقصان اٹھانا پڑا جب میک ڈرمٹ بھی رن آؤٹ ہوگئے۔ لین نے 15 اور میک ڈرمٹ نے 21 رنز بنائے تھے۔

میکسویل بھی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے اور صرف چار رنز بنا کر شاداب خان کی دوسری وکٹ بنے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP

چھٹی وکٹ 94 کے مجموعی سکور پر گری جب مچل مارش شاداب خان کی تیسری وکٹ بنے۔ اس کے بعد پاکستانی بولرز نے آسٹریلین بیٹنگ لائن سنبھلنے کا موقع نہ دیا۔

99 کے مجموعی سکور پر عثمان خان شنواری نے شورٹ کو دس کے انفرادی سکور پر آؤٹ کیا اور اسی اوور میں‌ کورٹل نائل کو شاداب خان نے صفر پر رن آؤٹ کر دیا۔

ٹائے نے نو رنز بنائے اور وہ حسن علی کا شکار بنے۔ آخری آؤٹ ہونے والے بیٹسمین زمپا تھے جو 20ویں اوور کی پہلی گیند پر نو رنز بنا کر حسن علی کی دوسری وکٹ بنے۔

تصویر کے کاپی رائٹ PCB
Image caption بابر اعظم نے 50 رنز کی اننگز کھیلی

اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز بنائے تھے۔

پاکستان کی جانب سے بابر اعظم اور صاحبزادہ فرحان نے اپنی ٹیم کو 94 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا۔ بابر اعظم 50 اور صاحبزادہ فرحان 39 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

محمد حفیظ نے 32 رنز کی تیزرفتار اننگز کھیلی اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

دیگر بلے بازوں میں شعیب ملک 18، آصف علی چار اور فہیم اشرف صفر پر آؤٹ ہوئے جبکہ عماد وسیم تین رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

اس میچ کے لیے پاکستان کی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی تھیں۔ فخر زمان کی جگہ صاحبزادہ فرحان اور شاہین شاہ آفریدی کی جگہ عثمان خان شنواری کو شامل کیا گیا تھا۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں