نیوزی لینڈ کو چھ وکٹوں سے شکست، ٹی 20 سیریز پاکستان کے نام

بابر اعظم

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشن

بابر اعظم نے ایک بار پھر عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا

دبئی میں دوسرے ٹی 20 کرکٹ میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو چھ وکٹوں سے شکست دے کر تین ٹی 20 میچوں کی سیریز اپنے نام کر لی ہے۔

یہ پاکستان کی ٹی 20 سیریز میں مسلسل 11ویں فتح ہے۔

پاکستان کو فتح کے لیے آخری اوور میں سات رنز درکار تھے جو اس نے اوور کی چوتھی گیند پر حاصل کر لیے۔

محمد حفیظ 34 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جبکہ شعیب ملک میچ کے آخری اوور میں دس رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

154 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پہلی وکٹ 40 کے سکور پر گری جب ملنے کی گیند پر ولیمسن نے فخر زمان کا ایک انتہائی عمدہ کیچ لیا۔ فخر زمان نے 24 رنز بنائے۔

جب بابر اعظم 40 رنز بنا کر ساؤدی کی گیند پر آؤٹ ہوئے تو اس وقت پاکستان کا مجموعی سکور 96 تھا۔

آصف علی 38 رنز بنا کر کولن منرو کی فل ٹاس گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

،تصویر کا ذریعہAFP

اس سے قبل نیوزی لینڈ ‌نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان 153 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے کورے اینڈر سن 25 گیندوں پر 44 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ پاکستان بولرز میں شاہین شاہ آفریدی نے تین جبکہ عماد وسیم اور محمد حفیظ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

نیوزی لینڈ نے اننگز کا جارحانہ آغاز کیا تو پاکستان کو پہلی کامیابی 50 کے مجموعی سکور پر ملی جب شاہین شاہ آفریدی نے گلین فلپیس کو وکٹوں کے پیچھوں سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروا دیا۔ انھوں نے پانچ رنز بنائے۔

پاکستان نے وکٹ حاصل کرنے کا موقع اس وقت گنوا دیا جب 36 کے مجموعی سکور پر محمد حفیظ نے فہیم اشرف کی گیند پر ڈیپ لانگ آن پر کولن منرو کا کیچ ڈراپ کر دیا۔ تاہم وہ محمد حفیظ کی ہی بال پر سٹمپ آؤٹ ہوگئے۔ انھوں نے 28 گیندوں پر 44 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔

گرینڈہوم صرف چار رنز بنا کر عماد وسیم کی گیند پر شعیب ملک کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

83 کے مجموعی سکور پر روس ٹیلر تین رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔

کین ولیمسن 34 گیندوں پر 37 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی دوسری وکٹ بنے۔

آننگز کے آخری اوور میں ٹم سٹیفرٹ 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، انھیں بھی شاہین شاہ آفریدی نے آؤٹ کیا۔ اسی اوور میں ٹم ساؤدی بغیر کوئی رن بنائے رن آؤٹ ہوئے۔

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشن

شاہین شاہ نے تین وکٹیں حاصل کیں

اس میچ کے لیے پاکستان کی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی۔ فخر زمان کی ٹیم میں واپسی ہوئی اور انھیں صاحبزادہ فرحان کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا۔

نیوزی لینڈ نے وہی ٹیم منتخب کی جو اس نے پہلے ٹی 20 میچ کے لیے میدان میں اتاری تھی۔

پاکستان کو تین ٹی 20 میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔

بدھ کو ابو ظہبی میں کھیلے گئے پہلے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو دو رنز سے شکست دے کر ٹی 20 میچوں میں مسلسل ساتویں فتح اپنے نام کی تھی۔

خیال رہے کہ پاکستان ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں سر فہرست ہے۔ پاکستان نے حال ہی میں آسٹریلیا کو ٹی 20 سیریز میں تین صفر سے شکست دی تھی۔