دبئی: یاسر کی 14 وکٹیں، پاکستان نے نیوزی لینڈ کو اننگز اور 16 رنز سے ہرا دیا

یاسر شاہ تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption یاسر شاہ دوسری اننگز میں بھی چھ وکٹیں لی ہیں اور میچ میں ان کی وکٹوں کی تعداد 14 ہو گئی ہے

دبئی میں کھیلے جانے والے دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو ایک اننگز اور 16 رنز سے شکست دے کر سیریز ایک ایک سے برابر کر دی ہے۔

پاکستان کی جانب سے لیگ سپنر یاسر شاہ نے اس میچ میں کل 14 وکٹیں حاصل کیں اور ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

یہ کسی بھی پاکستانی سپنر کی ٹیسٹ میچ میں بہترین بولنگ ہے۔

پاکستان نے اس میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کی تھی اور پاکستان کے پہلی اننگز کے 418 رنز کے جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں صرف 90 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہو گئی تھی اور یوں پاکستان کو پہلی اننگز میں 328 رنز کی برتری حاصل ہوئی تھی۔

فالو آن پر مجبور ہونے کے بعد دوسری اننگز میں بھی نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 312 رنز ہی بنا سکی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے راس ٹیلر، ٹام لیتھم اور ہنری نکولس نے نصف سنچریاں بنائیں تاہم وہ اپنی ٹیم کو اننگز کی شکست سے نہ بچا سکے۔

منگل کو آؤٹ ہونے والے پہلے بلے باز ٹام لیتھم تھے جو نصف سنچری مکمل کرتے ہی حسن علی کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ ہو گئے۔ انھوں نے راس ٹیلر کے ساتھ مل کی تیسری وکٹ کے لیے 80 رنز کی شراکت قائم کی۔

ٹیلر نے 82 رنز کی اننگز کھیلی اور وہ بلال آصف کی گیند پر یاسر شاہ کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption راس ٹیلر نے 82 رنز کی اہم اننگز کھیلی اور وہ بلال آصف کی گیند پر یاسر شاہ کے ہاتھوں کیچ ہوئے

پانچویں وکٹ کے لیے نکولس اور بی جے ویٹلنگ نے 57 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔ اس شراکت کا خاتمہ یاسر شاہ نے ویٹلنگ کو ایل بی ڈبلیو کر کے کیا۔ یہ اس اننگز میں ان کی تیسری وکٹ تھی۔

کولن ڈی گرینڈہوم 13 گیندوں پر دو چوکوں کی مدد سے 14 رنز کی اننگز کھیل کر حسن علی کی گیند پر بولڈ ہوئے۔

پھر اش سوڈھی بھی یاسر شاہ کی شاندار بولنگ کا نشانہ بنے جب وہ سویپ کرتے ہوئے بولڈ ہوگئے۔ حسن علی نے نصف سنچری بنانے والے ہنری نکولس کی اہم وکٹ حاصل کی۔ ہنری نے 76 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔

یہ بھی پڑھیے

یاسر شاہ کی آٹھ وکٹیں، نیوزی لینڈ فالوآن کا شکار

’سوچ سمجھ کر بات کرو اور اپنی حد میں رہو!‘

ابوظہبی ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ کی چار رنز سے جیت

وہ پانچ ٹیسٹ میچ جو پاکستان جیت سکتا تھا مگر۔۔۔

’مخدوش بیٹنگ، مہیب سائے اور لامحدود جارحیت‘

اس سے قبل دوسری اننگز میں نیوزی لینڈ کی ابتدائی دو وکٹیں تیسرے دن کے آخری سیشن میں گری تھیں۔ دوسری اننگز میں نیوزی لینڈ کے آؤٹ ہونے والے پہلے بلے باز جیت راول تھے جو یاسر شاہ کی گیند پر سٹمپ ہوئے۔

دوسری وکٹ کے لیے کین ولیمسن اور لیتھم نے 56 رنز کی شراکت قائم کی۔ اس پارٹنر شپ کا خاتمہ بھی یاسر شاہ نے ہی کیا جنھوں نے ولیمسن کو سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ کروایا۔ انھوں نے 30 رنز بنائے

تصویر کے کاپی رائٹ iStock
Image caption حسن علی نے دوسری اننگز میں تین اہم وکٹیں حاصل کی ہیں۔

اس میچ کے لیے دونوں ٹیموں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے اور وہی ٹیم دبئی میں بھی آمنے سامنے ہے جو پہلے ٹیسٹ میں ابوظہبی میں تھی۔

پاکستان ٹیم: امام الحق، محمد حفیظ، اظہر علی، حارث سہیل، بابر اعظم، اسد شفیق، سرفراز احمد (کپتان)، حسن علی، بلال آصف، محمد عباس اور یاسر شاہ

نیوزی لینڈ ٹیم: جیت راول، ٹام لیتھم، کین ولیمسن (کپتان)، راس ٹیلر، بی جے ویٹلنگ، ہنری نکلولس، کولن ڈی گرینڈہوم، اش سوڈھی، نیل ویگنر، ٹرینٹ بولٹ اور اعجاز پٹیل

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں