دورہ جنوبی افریقہ: پاکستان نے کرکٹ جنوبی افریقہ انویٹیشن الیون کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی
پاکستان نے امام الحق اور حارث سہیل کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت کرکٹ جنوبی افریقہ انویٹیشن الیون کو تین روزہ میچ میں چھ وکٹوں سے شکست دے دی۔
بینونی میں کھیلے گئے تین روزہ میچ میں پاکستان نے مہمان ٹیم کی جانب سے دیا گیا 195 رنز کا ہدف چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
پاکستان نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو اوپنرز شان مسعود اور امام الحق نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 42 رنز بنائے۔
شان مسعود 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ فخر زمان کی اننگز بھی 18 رنز تک محدود رہی لیکن اس کے بعد امام الحق اور حارث سہیل نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔
دونوں کھلاڑیوں نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 96 رنز بنا کر پاکستان کو فتح کی دہلیز تک پہنچا دیا۔
یہ بھی پڑھیے
اس شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب امام الحق 10 چوکوں کی مدد سے 66 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔
پاکستان کی جانب سے حارث سہیل نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 10 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 73رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔
پاکستان نے دن کے اختتام سے آٹھ اوورز قبل ہدف حاصل کر کے میچ میں چھ وکٹوں سے کامیابی حاصل کر لی۔
اس سے پہلے مہمان ٹیم نے 45 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ سے اپنی دوسری نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو 62 رنز کے مجموعی سکور پر اس کی تین وکٹیں گر گئیں۔
کرکٹ جنوبی افریقہ انویٹیشن الیون نے دوسری اننگز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کر کے پاکستان کو جیتنے کے لیے 195 رنز کا ہدف دیا۔
مہمان ٹیم کی جانب سے دوسری اننگز میں نیل برینڈ نے 71 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں محمد عامر نے تین، شاہین آفریدی، یاسر شاہ اور اظہر علی نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 26 دسمبر سے سنچورین میں کھیلا جائے گا۔