سینچورین ٹیسٹ: پاکستان کا جنوبی افریقہ کو 149 رنز کا ہدف

کرکٹ تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption اولیوئر نے میچ میں کل 11 وکٹیں حاصل کیں

سنچورین میں جاری ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ کے دوسرے روز پاکستان کی پوری ٹیم 190 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ہے۔

اس طرح پاکستان نے جنوبی افریقہ کو یہ ٹیسٹ میچ جیتنے کے لیے 149 رنز کا ہدف دیا ہے۔ پاکستان کی دوسری اننگز کے خاتمے پر دوسرے دن کے کھیل کا بھی اختتام ہوا۔

پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں سوائے امام الحق اور شان مسعود کے کوئی بھی بلے باز لمبی اننگز کھیلنے میں کامیاب نہ ہو سکا اور مستحکم پوزیشن میں آنے کے باوجود پاکستان ٹیم میزبان ٹیم کو زیادہ بڑا ہدف دینے میں ناکام رہی۔

شان مسعود نے 65 اور امام الحق 57 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

* میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

٭ بابر اعظم نے ’سٹین کا دن‘ خراب کر دیا

٭ سنچورین ٹیسٹ کا پہلا دن بولرز کے نام

دوسری جانب جنوبی افریقہ کی جانب سے پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز میں بھی سب سے کامیاب بولر اولیوئر رہے جنھوں نے دوسری اننگز میں بھی پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ اس طرح انھوں نے میچ میں کل 11 وکٹیں حاصل کیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption رباڈا نے جنوبی افریقہ کو بابر اعظم کی اہم وکٹ دلائی

اپنی بری فارم کی وجہ سے تنقید کا شکار کپتان سرفراز احمد ایک بار پھر ناکام رہے اور ایک غیر ضروری شاٹ کھیلتے ہوئے بنا کوئی رن بنائے سلپ میں کیچ دے بیٹھے۔ پاکستان کے کامیاب ترین بلے باز شان مسعود رہے جنھوں نے دوسری اننگز میں 65 رنز بنائے۔

سرفراز کے بعد آنے والے بلے بازوں میں محمد عامر 12 اور یاسر شاہ صرف پر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز میں بھی اولیوئر مشکلات کھڑی کرتے دکھائی دیے اور وہ اس ٹیسٹ میچ میں اب تک کل دس وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP

پہلی اننگز میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز کرنے والے بابر اعظم دوسری اننگز میں ناکام رہے ہیں اور چھ رنز ہی بنا کر رباڈا کی خوبصورت گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔

پاکستان کے آؤٹ ہونے والے چوتھے بلے باز اسد شفیق تھے جو صرف چھ رنز ہی بنا سکے۔ ڈیل سٹین نے انھیں پہلے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا لیکن ریویو لینے پر وہ ناٹ آؤٹ قرار پائے تاہم اس سے اگلی ہی گیند پر وہ کیچ دے بیٹھے۔

تیسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز اظہر علی تھے جو بنا کوئی رن سکور کیے کیچ آؤٹ ہوئے۔

اس سے قبل چائے کے وقفے کے فوراً بعد ہی پاکستان کو دوسرا نقصان ہوا جب سیٹ بیٹسمین امام الحق 57 رنز بنا کر اولیوئر کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی فخر زمان تھے جو اولیوئر کی گیند پر جارحانہ شاٹ کھیلتے ہوئے 12 رنز پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption پاکستان نے 42 رنز کے خسارے کے بعد اپنی دوسری اننگز شروع کی

جنوبی افریقہ کی جانب سے ڈیل سٹین اور رباڈا نے بولنگ کا آغاز کیا اور سٹین کی گیند پر امام الحق کا ایک کیچ بھی ڈراپ ہوا۔

اپنی پہلی اننگز میں جنوبی افریقہ نے 223 رنز بنائے جس میں خاص بات باووما کی نصف سنچری اور ڈی کاک کے 45 رنز شامل ہیں۔

پاکستان کی جانب سے اپنا دوسرا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے شاہین آفریدی اور ٹیسٹ ٹیم میں واپس آنے والے محمد عامر نے چار چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ تیسرے فاسٹ بولر حسن علی کو دو وکٹیں ملیں۔

دوسرے دن جب کھیل شروع ہوا تو جنوبی افریقہ کی جانب سے باووما اور سٹین نے پراعتماد آغاز کیا اور سکور 146 تک لے گئے جب محمد عامر نے اپنی تیسری وکٹ حاصل کی اور سٹین کو 23 رنز پر آؤٹ کر دیا۔

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption کوئنٹن ڈی کاک نے اپنی ٹیم کو برتری دلانے میں اہم کردار ادا کیا اور 45 رنز بنائے

ڈی کاک اور باووما نے 24 رنز کی شراکت جوڑی اور پاکستان کے پہلی اننگز کے سکور کے قریب پہنچ رہے تھے جب شاہین آفریدی نے باووما کی اننگز 53 رنز پر ختم کر دی۔

ڈی کاک کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت جنوبی افریقہ برتری حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی لیکن اس کے فوراً بعد حسن علی کی گیند پر مہاراج چار رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔

پاکستان کی جانب سے لی گئی اپیل کو امپائر نے مسترد کر دیا تھا لیکن ریویو پر نتیجہ پاکستان کے حق میں آیا۔

اس کے بعد فاسٹ بولر رباڈا نے ڈی کاک کے ساتھ مل کر برق رفتاری سے بیٹنگ کی اور نویں وکٹ کے لیے صرف چھ اوورز میں 31 رنز کی شراکت جوڑی اور پاکستان کی مشکلات میں اضافہ کیا لیکن پھر آفریدی کی گیند پر رباڈا 19 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

آخری آؤٹ ہونے والے بلے باز ڈی کاک تھے جنھیں محمد عامر نے آؤٹ کیا۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption باووما نصف سنچری کر کے آؤٹ ہوگئے

یاد رہے کہ پہلے دن کے اختتام پر جنوبی افریقہ نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 127 رنز بنائے تھے۔ اس سے قبل پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 181 رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا اور میزبان ٹیم کے بلے بازوں کو کریز پر جم کر کھیلنے کا موقع نہ دیا۔

سنچورین میں کھیلے جانے والے اس پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے ہی دن دونوں ٹیموں کی جانب سے عمدہ بولنگ دیکھنے کو ملی اور کل 83 اوورز میں 303 رنز پر 15 وکٹیں گریں۔

سرفراز احمد پہلے دن کے کھیل کے آخری لمحات میں محمد عامر کو پولنگ کروانے لائے تو وہ برائن اور بووما کی اہم شراکت توڑنے میں کامیاب رہے۔ انھوں نے برائن کو 29 کے انفرادی سکور پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ کیا۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption پہلی اننگز میں 181 رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد پاکستانی بولرز نے عمدہ کارکردگی دکھائی

واضح رہے کہ پاکستان نے آج تک جنوبی افریقہ میں صرف دو ٹیسٹ میچز میں کامیابی حاصل کی ہے جب 1998 میں انھوں نے ڈربن میں میچ جیتا تھا جبکہ اس کے بعد 2006 میں انھیں پورٹ الزبتھ کے مقام پر دوسری کامیابی ملی تھی۔

پانچ سال قبل 2013 میں کیے جانے والے دورے میں پاکستان کو تینوں ٹیسٹ میچوں میں شکست ہوئی تھی لیکن اس سیریز میں انھوں نے قدرے بہتر کھیل دکھایا تھا اور دوسرے ٹیسٹ میچ میں جیت کے کافی قریب آئے تھے۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں