ویسٹ انڈیز کی خواتین کرکٹ ٹیم پاکستان پہنچ گئی

کرکٹ تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images

ویسٹ انڈیز کی تیرہ رکنی خواتین کرکٹ ٹیم کراچی پہنچی ہے۔ وہ پاکستان کے خلاف اکتیس جنوری، یکم اور دو فروری کو کراچی میں تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔

یہ اس دورے کا پہلا حصہ ہے ۔ دورے کے دوسرے حصے میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم پاکستان کے خلاف تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز دبئی میں کھیلے گی۔

ویسٹ انڈیز کی خواتین کرکٹ ٹیم کا یہ دورہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے سکیورٹی کی مکمل یقین دہانی کے بعد ممکن ہوا ہے۔ ٹیم کے کراچی پہنچنے پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ مہمان ٹیم کو بلٹ پروف بس میں ائرپورٹ سے ہوٹل لایا گیا۔

نامہ نگار عبدالرشید شکور کے مطابق ویسٹ انڈین ٹیم اپنی مشہور کپتان اسٹیفینی ٹیلر کے بغیر پاکستان آئی ہے جنہوں نے پاکستان آنے سے معذرت کرلی تھی البتہ وہ دبئی میں ہونے والی ون ڈے سیریز میں اپنی ٹیم کی قیادت کریں گی۔

پاکستان آنے والی ٹیم کی کپتان میریسا ایگیولیرا کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان آکر خوش ہیں۔ جہان تک پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کی بات ہے وہ سمجھتی ہیں کہ وہ صحیح سمت میں گامزن ہیں اور اب دوسری ٹیموں کو بھی اس بارے میں سوچنا چاہیے اور وہ پاکستان آئیں کیونکہ یہ صرف ٹیموں کا معاملہ نہیں بلکہ کرکٹ کا ہے۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ ان کے پاکستان آنے سے شائقین خوش ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

’خواتین کرکٹ کا مستقبل نوجوان کھلاڑیوں کے ہاتھوں میں ہے‘

مرد و خواتین کرکٹرز مساوی کیوں نہیں؟

خواتین کرکٹرز کو سہولتیں بے پناہ، کارکردگی مایوس کن

ویسٹ انڈین کپتان کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم کو اسی کے میدان میں آسان نہیں سمجھنا چاہیے اور انہیں اپنی تمام تر توجہ مرکوز رکھنی ہوگی۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption پاکستان آنے والی ٹیم کی کپتان میریسا ایگیولیرا کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان آکر خوش ہیں

میریسا سے جب اسٹیفینی ٹیلر کے پاکستان نہ آنے کے بارے میں پوچھا گیا تو ان کا جواب تھا کہ وہ ہماری کپتان ہیں اور وہ یہ ذمہ داری جاری رکھیں گی۔ اس وقت ہم پاکستان میں ہیں اور ہم اچھی کرکٹ کھیل کر شائقین کو خوش کرنا چاہیں گی۔

پاکستانی خواتین ٹیم کی قیادت ایک بار پھر بسمہ معروف کے سپرد کی گئی ہے جو ناک کے آپریشن کی وجہ سے آسٹریلیا کے خلاف سیریز نہیں کھیل سکی تھیں۔

بسمہ معروف کا کہنا ہے کہ ویسٹ انڈین ٹیم کا یہ دورہ خواتین کرکٹ کے فروغ میں اہم ثابت ہوگا اور اس سے دنیا کومثبت پیغام جائے گا۔پاکستانی ٹیم کی چھ سات کھلاڑی پہلی بار ہوم گراؤنڈ پر کھیلیں گی جس پر انہیں بہت خوشی ہے۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم جمعرات کو اپنے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی سنچری مکمل کرلے گی۔ ابتک اس نے کھیلے گئے ننانوے میچوں میں چالیس جیتے ہیں۔ چھپن میچوں میں اسے شکست ہوئی ہے ۔ دو میچز ٹائی ہوئے ہیں اور ایک میچ نامکمل رہا۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں