پی ایس ایل 4: پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 44 رنز سے شکست دے دی

پی ایس ایل

،تصویر کا ذریعہPCB

پاکستان سپر لیگ کے نویں میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 44 رنز سے شکست دے دی ہے۔

پشاور زلمی کی جانب سے دیے گئے 154 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 109 رنز بنا پائی۔

پی ایس ایل کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ کسی ٹیم نے اپنی پوری اننگز میں کوئی چھکا نہ لگایا ہو۔

پشاور زلمی کے باؤلرز کی نپی تلی باولنگ کی بدولت ابتدائی اوورز میں ہی کراچی کنگز کو نقصان اٹھانا پڑا اور 50 کے مجموعی سکور پر نصف ٹیم پولین لوٹ چکی تھی۔

یہ بھی پڑھیے

کپتان عماد وسیم اور مڈل آرڈر بلے باز محمد رضوان وکٹیں گرنے سے بچانے میں تو کامیاب رہے تاہم وہ رنز میں خاطر خواہ اضافہ نہ کر سکے۔

،تصویر کا ذریعہPCB

کراچی کنگز کو اننگز کی پہلی ہی گیند پر نقصان اٹھانا پڑا جب اوپنر لییم لیونگسٹون حسن علی کی گیند پر بغیر کوئی رن بنائے ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔

دوسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز بابر اعظم تھے جو ایک رن بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد تیسرے ہی اوور میں بی آر ڈنک 12 رنز بنا کر وہاب ریاض کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

چوتھے آؤٹ ہونے والے بلے باز کولن انگرم تھے جو 21 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے جبکہ سکندر رضا 14 رنز بنا کر عمید آصف کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ کپتان عماد وسیم 26 رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

15 رنز کے عوض چار وکٹیں لے کر حسن علی نمایاں باؤلر رہے جبکہ وہاب ریاض، عمید آصف اور پولرڈ نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

،تصویر کا ذریعہPCB

اس سے قبل کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ مقررہ 20 اوورز میں پشاور زلمی نے آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 153 رنز بنائے تھے۔

پشاور کی جانب سے کامیاب ترین بلے باز امام الحق رہے جنھوں نے نصف سنچری سکور کی۔

دوسرے ہی اوور میں کراچی کنگز کو پہلی کامیابی اس وقت ملی جب اوپنر کامران اکمل بغیر کوئی رن بنائے عامر یامین کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔

دوسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز عمر امین تھے جو 15 رنز بنا کر سکندر رضا کی گیند پر سٹمپ آؤٹ ہوئے۔

وین میڈسن اور کیرون پولرڈ بھی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

،تصویر کا ذریعہPCB

پانچویں آؤٹ ہونے والے بلے باز لیام ڈاسن تھے جو 43 رنز بنا کر عثمان شنواری کی گیند ان ہی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

امام الحق نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 43 گیندوں پر 56 رنز بنائے۔ وہ عثمان شنواری کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ ان کے بعد وہاب ریاض صفر جبکہ حسن علی دو رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

کراچی کنگز کی جانب سے سکندر رضا 23 رنز کے عوض دو وکٹیں لے کر نمایاں باؤلر رہے۔ عثمان شنواری نے بھی 36 رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ عماد وسیم، عامر یامین اور محمد عامر نے بھی ایک، ایک وکٹ لی۔