پی ایس ایل: محمد سمیع کی ہیٹ ٹرک، اسلام آباد یونائیٹڈ کی پشاور زلمی کے خلاف فتح

پی ایس ایل تصویر کے کاپی رائٹ PCB
Image caption کیرون پولارڈ 22 گیندوں پر 51 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے

شارجہ میں جاری پاکستان سپر لیگ کے گیارھویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو 12 رنز سے شکست دے دی ہے۔

اس سے پہلے دفاعی چیمپئین اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو جیتنے کے لیے 159 رنز کا ہدف دیا تھا۔ جواب میں زلمی کی پوری ٹیم آخری اوور میں 146 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

میچ کے آخری اوور میں پشاور زلمی کو جیتنے کے لیے 19 رنز درکار تھے جبکہ اس کی تین وکٹیں باقی تھیں تاہم اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان محمد سمیع کی ہیٹ ٹرک کی بدولت زلمی کو 12 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

آخری اوور میں محمد سمیع نے وہاب ریاض، عمید آصف اور حسن علی کی وکٹیں حاصل کیں۔ محمد سمیع کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا جس کے بعد ان کا کہنا تھا کہ یہ ان کے کریئر کی ساتویں ہیٹ ٹرک تھی۔

اس سے پہلے ہدف کے تعاقب میں زلمی نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو اوپنر کامران اکمل سات رنز جبکہ ڈیوڈ میلان صرف ایک رن بنا کر محمد موسی کا شکار بنے۔ تیسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز امام الحق تھے جو 18 رنز بنا کر فہیم اشرف کی گیند پر محمد سمیع کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

عمر امین 14 رنز بنا کر سمتھ پٹیل کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ لییم ڈاسن 21 رنز بنا کر شاداب خان کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

چھٹے آؤٹ ہونے والے بلے باز کیرون پولارڈ تھے جو 22 گیندوں پر 51 رنز بنا کر فہیم اشرف کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ ڈیرن سیمی 11 رنز بنا کر محمد موسیٰ کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے محمد سمیع اور محمد موسیٰ تین، تین وکٹیں لے کر نمایاں بولرز رہے جبکہ فہیم اشرف نے دو اور سمتھ پٹیل اور شاداب خان نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

تصویر کے کاپی رائٹ PCB

اسلام آباد یونائیٹڈ کی اننگز

پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ یونائیٹڈ مقررہ 20 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنائے تھے۔

زلمی کی جانب سے 29 رنز کے عوض تین وکٹیں لے کر سمین گل آفریدی نمایاں بولر رہے جبکہ حسن علی نے دو، عمید آصف، وہاب ریاض اور پولرڈ نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

یونائیٹڈ کے آئن بیل 46 گیندوں پر 54 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ PCB
Image caption محمد موسیٰ

32 کے مجموعی سکور پر زلمی کو پہلی کامیابی ملی جب اوپنر لیوک رونکی 21 رنز بنا کر سمین گل کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ دوسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز صاحبزادہ فرحان تھے جو 15 رنز بنا کر سمین گل کا ہی شکار بنے۔

تیسری وکٹ حسین طلعت کی گری جو بغیر کوئی رن بنائے پولرڈ کی گیند پر آؤٹ ہوئے جبکہ کیمرون ڈیلپورٹ 29 رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر بولڈ ہوئے۔

آؤٹ ہونے والے پانچویں بلے باز آصف علی تھے جو 13 رنز بنا کر سمین گل کا شکار ہوئے جبکہ فہیم اشرف صرف دو ہی رنز بنا پائے۔ ساتویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی شاداب خان تھے جو چھ رنز بنا کر وہاب ریاض کی گیند پر بولڈ ہوئے جبکہ سمتھ پٹیل پانچ رنز بنا پائے۔

تصویر کے کاپی رائٹ PCB
Image caption پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن میں اب تک ہونے والے میچوں کے نتیجے میں پشاور زلمی دوسری بہترین ٹیم بن کر ابھری ہے

پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن میں اب تک ہونے والے میچوں کے نتیجے میں پشاور زلمی دوسری بہترین ٹیم بن کر ابھری ہے اور تین میچ کھیلنے کے بعد اس کے چار پوائنٹس ہیں۔

پشاور زلمی کو اس سیزن کے اپنے پہلے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی تاہم دوسرے اور تیسرے میچ میں فتح زلمی کے نام رہی۔

یہ بھی پڑھیے

اسلام آباد یونائیٹڈ کی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہاتھوں شکست

زلمی نے کنگز کو 44 رنز سے شکست دے دی

’پی ایس ایل بہترین کھلاڑیوں کا بڑا ٹورنامنٹ ہے‘

دفاعی چیمپین اسلام آباد یونائیٹڈ بھی اس سے پہلے تین میچ کھیلی تھی اور صرف ایک میچ میں اسے کامیابی ملی۔ پوائنٹس ٹیبل پر اس کے پوائنٹس کی تعداد دو تھی۔

لاہور قلندرز کے خلاف پہلے میچ میں یونائیٹڈ نے فتح سمیٹی تاہم بعد کے دو میچوں میں اسے ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

تصویر کے کاپی رائٹ PCB
Image caption یونائیٹڈ کے آئن بیل 46 گیندوں پر 54 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے

پی ایس ایل کے گذشتہ تین ایڈیشنز میں زلمی اور یونائیٹڈ کی ٹیمیں آٹھ بار آمنے سامنے آ چکی ہیں۔ پانچ دفعہ اسلام آباد یونائیٹڈ فتح یاب رہی جبکہ تین بار زلمی نے فتح سمیٹی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم لوک رونکی، صاحبزادہ فرحان، آئن بیل، کیمرون ڈیلپورٹ، حسین طلعت، آصف علی، سمتھ پٹیل، شاداب خان، فہیم اشرف، محمد سمیع اور محمد موسی پر مشتمل ہے۔

جبکہ پشاور زلمی کامران اکمل، امام الحق، عمر امین، ڈیوڈ میلان، کیرون پولارڈ، لییم ڈاسن، ڈیرن سیمی، وہاب ریاض، حسن علی، عمید آصف اور سمین گل آفریدی پر مشتمل ہے۔

اسی بارے میں