پی ایس ایل: زلمی نے سلطانز کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی

پی ایس ایل

،تصویر کا ذریعہPCB

شارجہ میں جاری پاکستان سپر لیگ کے 14 ویں میچ میں پشاور زلمی نے دلچسپ مقابلے کے بعد ملتان سلطانز کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔

زلمی کے میچ جیتنے میں حسن علی کی 17 رنز کے عوض چار وکٹیں اور امام الحق کی نصف سنچری نے کلیدی کردار ادا کیا۔ حسن علی مین آف دی میچ ایوارڈ کے حقدار بھی قرار پائے۔

سلطانز کی جانب سے دیا گیا 146 رنز کا ہدف پشاور زلمی نے اننگز کے آخری اوور میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

ہدف کے تعاقب میں زلمی نے اپنی بیٹنگ کا آغاز انتہائی محتاط انداز میں کیا۔

اوپنر کامران اکمل پہلے ہی اوور میں چار رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تاہم دوسری وکٹ کی شراکت میں ڈیوڈ میلان اور امام الحق نے 68 رنز کی کامیاب پارٹنرشپ قائم کی۔

ڈیوڈ میلان 38 رنز بنا کر ڈین کرسچیئن کی گیند پر وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے۔

،تصویر کا ذریعہPCB

،تصویر کا کیپشن

زلمی کی جانب سے 17 رنز کے عوض چار بلے بازوں کو آؤٹ کر کے حسن علی نمایاں بولر رہے۔ حسن علی پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن میں اب تک 15 وکٹیں حاصل کر کے سرِفہرست ہیں۔

تیسری وکٹ لییم ڈوسن کی گری جو 18 رنز بنا کر ڈین کرسچیئن کی ہی گیند آؤٹ ہوئے ۔

بہترین اننگز کھیلنے کے بعد امام الحق چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 44 گیندوں پر 52 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

زلمی کی جانب سے پانچویں اور آخری وکٹ کیرون پولارڈ کی گری جو 25 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

سلطانز کے جنید خان اور ڈین کرسچین نے دو، دو بلے بازوں کو آؤٹ کیا جبکہ محمد عرفان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی اور سلطانز کی پوری ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 145 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی تھی۔

،تصویر کا ذریعہPCB

،تصویر کا کیپشن

جانسن چارلس نے 34 گیندوں پر پانچ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 53 رنز بنائے

زلمی کو پہلی کامیابی پہلے ہی اوور میں مل گئی جب اوپنر جیمس ونس بغیر کوئی رن بنائے حسن علی کی گیند پر بولڈ ہوئے۔

تاہم دوسری وکٹ کی شراکت میں جانسن چارلس اور عمر صدیق کی جانب سے شاندار بلے بازی دیکھنے میں آئی۔ 81 رنز کی کامیاب پارٹنرشپ کے بعد عمر صدیق 19 رنز بنا کر لییم ڈوسن کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

یہ بھی پڑھیے

مواد پر جائیں
پوڈکاسٹ
ڈرامہ کوئین

’ڈرامہ کوئین‘ پوڈکاسٹ میں سنیے وہ باتیں جنہیں کسی کے ساتھ بانٹنے نہیں دیا جاتا

قسطیں

مواد پر جائیں

تیسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز جانسن چارلس تھے جو 34 گیندوں پر پانچ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 53 رنز بنا کر عمید آصف کی گیند پر باؤنڈری کے قریب امام الحق کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

117 کے مجموعی سکور پر ڈین کرسچین 17 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

اننگز کے 18 ویں اوور میں حسن علی نے تین بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔ کپتان شعیب ملک 22، شاہد آفریدی 14 اور حماد اعظم بغیر کوئی رن بنائے حسن علی کی نپی تلی بولنگ کا شکار ہوئے۔

اننگز کے آخری اوور میں وہاب ریاض نے محمد الیاس کو آؤٹ کیا جو صرف ایک رن بنا پائے جبکہ اسی اوور میں جنید خان اور کرس گرین رن آؤٹ ہوئے۔

پشاور زلمی کی جانب سے 17 رنز کے عوض چار بلے بازوں کو آؤٹ کر کے حسن علی نمایاں بولر رہے جبکہ سمین گل، عمید آصف، وہاب ریاض اور لییم ڈاسن نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

،تصویر کا ذریعہPCB

یہ میچ جیتنے کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر پشاور زلمی چھ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے جبکہ ملتان سلطانز دو پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔

ملتان سلطانز کی ٹیم شعیب ملک (کپتان)، جیمز ونس، ڈین کرسچیئن، شاہد آفریدی، جانسن چارلس، عمر صدیق، حماد اعظم، جنید خان، محمد الیاس، کرس گرین اور محمد عرفان پر مشتمل ہے۔

جبکہ پشاور زلمی کامران اکمل، امام الحق، عمر امین، ڈیوڈ میلان، کیرون پولارڈ، لییم ڈوسن، ڈیرن سیمی، وہاب ریاض، حسن علی، عمید آصف، اور سمین گل پر مشتمل ہے