آسٹریلیا کے خلاف سیریز: سرفراز کو آرام، شعیب ملک کپتانی کرینگے

شعیب ملک تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز میں پاکستانی ٹیم کی قیادت شعیب ملک کریں گے

پاکستان کرکٹ بورڈ نےآسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز میں کپتان سرفراز احمد کو آرام دینے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ قیادت کی ذمہ داری شعیب ملک کو سونپ دی گئی ہے۔

اس بات کا اعلان چیف سلیکٹر انضمام الحق نے جمعے کو نیشنل سٹیڈیم کراچی میں پریس کانفرنس میں کیا۔

سرفراز احمد کے علاوہ دیگر پانچ کھلاڑیوں فخرزمان، شاداب خان، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی اور بابر اعظم کو بھی آرام دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

نامہ نگار عبدالرشید شکور کے مطابق ون ڈے ٹیم میں جو کھلاڑی پہلی بار منتخب کیے گئے ہیں ان میں محمد عباس، عابد علی اور محمد حسنین شامل ہیں۔

فاسٹ بولر جنید خان اور مڈل آرڈر بیٹسمین عمراکمل کی بھی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

’زیادہ کرکٹ سے کہیں کھلاڑی ان فٹ نہ ہو جائیں‘

بے دھڑک، ’جگرے‘ والی کرکٹ کھیلیں گے

’میرے لیے کرکٹ کا جنون سب سے اہم ہے‘

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption انضمام الحق نے اس تاثر کو مسترد کیا ہے کہ سرفراز احمد کو زبردستی آرام دیا گیا ہے

انضمام الحق کا کہنا ہے کہ پاکستانی کرکٹرز گذشتہ پانچ ماہ سے مسلسل کرکٹ کھیلتے آرہے ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ ورلڈ کپ میں وہ تازہ دم ہو کرحصہ لے سکیں۔

انضمام الحق نے اس تاثر کو مسترد کردیا کہ سرفراز احمد کو زبردستی آرام دیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ سرفراز احمد کو آرام دینے کا فیصلہ متفقہ طور پر کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ شعیب ملک نے دورہ جنوبی افریقہ میں سرفراز احمد پر عائد کی گئی پابندی کے بعد دو ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز میں قیادت کی ذمہ داری نبھائی تھی۔

آسٹریلیا کے خلاف پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز متحدہ عرب امارات میں 22 سے 31 مارچ تک کھیلی جائے گی۔

اعلان کردہ پاکستانی کرکٹ ٹیم میں شعیب ملک (کپتان)، شان مسعود، امام الحق، عابد علی، حارث سہیل، سعد علی، عمراکمل، محمد رضوان، عماد وسیم، یاسر شاہ، محمد عباس، جنید خان، فہیم اشرف، عثمان شنواری، محمد عامر اور محمد حسنین شامل ہیں۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں