پی ایس ایل 4: پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 48 رنز سے ہرا دیا

تصویر کے کاپی رائٹ PCB

آج کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ فور کے دوسرے ناک آؤٹ میچ میں پشاور زلمی نے دفاعی چیمپئین اسلام آباد یونائیٹڈ کو 48 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کے فائنل میں اپنی جگہ بنا لی ہے۔ پشاور زلمی اتوار کے روز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا مقابلہ کرے گی۔

اسلام آباد نے ٹاس جیت کر پشاور کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی اور پشاور نے اسلام آباد کو کامیابی کے لیے 215 رنز کا ہدف دیا۔

اسلام آباد کی ٹیم اس ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 166 رنز بنا سکی۔

اسلام آباد کو پہلا نقصان تیسرے اوور میں ہوا جب لیوک رونکی حسن علی کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ انھوں نے 17 رنز بنائے تھے۔

اس کے بعد اگلے ہی اوور میں ایلکس ہیلز کرس جارڈن کی گیند پر صرف ایک رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔

تاہم اس کے بعد ڈیلپورٹ اور چیڈ وک والٹن نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 63 رنز کی شراکت کی۔ ڈیلپورٹ 28 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

تصویر کے کاپی رائٹ PCB

آوٹ ہونے والے چوتھے کھلاڑی آصف علی تھے جو کوئی رن نہ بنا سکے۔ چیڈ وک والٹن اپنی نصف سنچری مکمل نہ کر سکے اور 48 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

حسین طلعت نے جاریحانہ انداز اپنانے کی کوشش کی تاہم وہ بھی بڑی اننگز نہ کھیل سکے۔ انھوں نے 19 رنز بنائے۔

ان کے بعد فہیم اشرف بھی زیادہ دیر کریز پر نہ رک سکے۔ انھوں نے 31 اہم رنز بنائے مگر وہ آخر میں ناکافی رہے۔

یہ بھی پڑھیے

پی ایس ایل: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز فائنل میں، واٹسن ہیرو

پی ایس ایل: آصف علی یونائیٹڈ کے ہیرو، کنگز کو شکست

تصویر کے کاپی رائٹ PCB

پشاور کی جانب سے اوپنرز امام الحق اور کامران اکمل نے اپنی ٹیم کو ایک شاندار آغاز دیا تھا۔ دونوں نے اپنی اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں اور 13ویں اوور تک پشاور کو کوئی نقصان نہیں ہوا تھا۔

13ویں اوور میں اوپنر امام الحق 33 گیندوں پر 58 رنز بنا کر ڈیلپورٹ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ اور تین گیندوں بعد ہی کامران اکمل بھی اسی اوور میں 43 گیندوں پر 74 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد شان مقسود شاداب خان کی گیند پر چار کے سکور پر آؤٹ ہوگئے۔ 19ویں اوور میں پولارڈ 37 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔

وہاب ریاض بھی زیادہ سکور نہیں کر سکے۔ انھوں نے صرف ایک رن بنایا اور وہ رن آؤٹ ہوگئے۔

ڈیرن سیمی نے اننگز کے آخری مراحل میں شاندار بلے بازی کرتے ہوئے 15 گیندوں پر 30 رنز بنائے۔ وہ ناٹ آؤٹ رہے۔

آج کے میچ کے لیے اسلام آباد کی ٹیم نے کوئی تبدیلی نہیں کی تھی۔ ادھر پشاور کی جانب سے لیئم ڈاسن اور مصباح الحق کی جگہ عمر امین اور کرس جارڈن کو شامل کیا گیا۔

یاد رہے کہ یہاں پر پہنچنے کے لیے اسلام آباد یونائیٹڈ نے نے کراچی کنگز کو چار وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد 186 رنز کا دفاع کرتے ہوئے پشاور زلمی کو 10 رنز سے ہرا دیا تھا۔

اسی بارے میں