کرکٹ ورلڈ کپ 2019: عالمی مقابلے کہاں کہاں براہِ راست دیکھے جا سکیں گے

کرکٹ ورلڈ کپ تصویر کے کاپی رائٹ AFP

انگلینڈ اور ویلز میں 30 مئی سے شروع ہونے والے کرکٹ کے عالمی کپ کے مقابلے دنیا کے دو سو ملکوں اور خطوں میں ٹی وی، ریڈیو اور ڈیجٹل پلیٹ فارم پر براہ راست نشر کیے جانے کے علاوہ اس بار پہلی مرتبہ انڈیا، متحدہ عرب امارات اور بحرین میں سیمنیا گھروں میں بھی دکھائیں جائیں گے۔

انٹرنیشل کرکٹ کونسل کی طرف سے منگل کو ورلڈ کپ کے مقابلوں کو دنیا کے کونے کونے تک براہ راست نشر کرنے کے انتظامات کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ انڈیا، متحدہ عرب امارات اور بحرین میں لائیو میچ سینما گھروں میں دکھانے کے لیے 'سنی پلیکس' کو حقوق دے دیئے گئے ہیں۔

اس کے علاوہ چند میچ انڈیا میں 'انوکس'، متحدہ عرب امارات میں 'نوا' اور 'ریل' اور بحرین میں 'نوا' پر دکھائے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیے

کرکٹ ورلڈ کپ 2019: میچ کا ٹکٹ نہیں تو سینما کا ٹکٹ لے لیں

پاکستان کی نئی ورلڈ کپ کِٹ ماضی کے مقابلے میں کیسی ہے؟

آئی سی سی کے نشریاتی حقوق رکھنے والے عالمی نشریاتی ادارے 'سٹار سپورٹس' نے مخلتف ملکوں کے 25 نشریاتی اداروں کو عالمی کپ نشر کرنے کے حقوق دئیے ہیں اور پاکستان میں حسب معمول یہ حقوق پاکستان کے سرکاری ٹی وی چینل (پی ٹی وی) اور نجی ٹی وی چینل ٹین سپورٹس کے پاس ہیں۔

عالمی کپ کے میچوں کی کمنٹری کے لیے سٹار سپورٹس نے دنیا کے پچاس بہترین کرکٹ مبصروں کی خدمات بھی حاصل کی ہیں جو مختلف زبانوں میں کمنٹری اور ماہرانہ تبصرے پیش کریں گے۔

انڈیا میں سات علاقائی زبانوں میں کمنٹری نشر کی جائے گی ان میں ہندی، تامل، تلیگو، کناڈا، بنگلہ اور مراٹھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ چند میچ ’ایشیا نٹ پلس‘ پر ملیالم میں بھی نشر ہوں گے۔

عالمی کپ کے مقابلے انڈیا میں سٹار سپورٹس ، انگلینڈ اور رپبلک آف آئرلینڈ میں سکائی سپورٹس، جنوبی افریقہ اور صحرائے افریقہ کے زیریں علاقوں میں سپر سپورٹس، مشرق وسطی اور شمالی افریقہ میں او ایس این، آسٹریلیا میں فوکس سپورٹس اور چینل نائیں، امریکہ میں ولو ٹی وی، نیوزی لینڈ میں سکائی اور پرائم ٹی وی، جزائر غرب الہند میں ای این پی ایس، بنگلہ دیش میں غازی ٹی وی اور بی ٹی وی، سری لنکا میں ایس ایل آر سی، چین اور جنوب مشرقی ایشیا میں فوکس نیٹ ورک گروپ، ایشیا اور بحرالکاہل میں ڈی جی سیل اور یورپ اور وسط ایشیا میں یپ ٹی وی پر دکھائیں جائیں گے۔

اس سال پہلی مرتبہ افغانستان کی ٹیم عالمی کپ کے مقابلوں میں حصہ لے رہی ہے۔ اسی بنا پر افغانستان میں ریڈیو پر براہ راست کمنٹری ریڈیو ٹیلی ویژن افغانستان پر نشر کرنے کے بھی انتظامات کیے گئے ہیں۔ یہ نشریات ملک کی تقریباً 60 فیصد آبادی تک پہنچیں گی جو دو کروڑ افراد بنتے ہیں۔

کینیڈا میں ولو ٹی وی عالمی کپ کے مقابلوں سے قبل ایک نیا چینل شروع کرنے والا ہے جس پر تمام میچ دکھائیں جائیں گے۔

انڈیا میں ایک اندازے کے مطاق 30 کروڑ افراد یہ میچ سٹار سپورٹس کے ڈیجیٹل پلیٹ فارم 'ہاٹ سپورٹس' پر لائیو سٹریمنگ کے ذریعے بھی میچ دیکھ پائیں گے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images

کرکٹ کے شائقین کو ان میچوں کے بارے میں چلتے پھرتے لمحہ بہ لمحہ آگاہ کرنے کے لیے دو سو ملکوں میں 12 ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر ہر میچ کے ہر گھنٹے کی چھ منٹ کی کوریج بھی دستیاب ہو گی۔ اس کے علاوہ میچ پر تبصرے، کپتانوں اور کوچز کی میچ کے بعد پریس کانفرنسیں اور میچ کی ہائی لائٹس سمارٹ فون پر بھی دیکھی جا سکیں گی۔

پاکستان میں یہ ڈیجیٹل کپ دکھانے کے حقوق 'کرک ان گف' نے حاصل کیے ہیں۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں