ورلڈ کپ 2019: سری لنکا نے انگلینڈ کو ہرا دیا

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے میچ میں سری لنکا نے ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کو بیس رنز ہرا دیا ہے۔ سری لنکا کی فتح میں تجربہ بولر لسیتھ ملنگا نے اہم کردار ادا کیا اور مقررہ دس اووروں میں چار وکٹیں حاصل کیں۔

سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے انگلینڈ کو جیت کے لیے 233 رنز کا ہدف دیا اور انگلینڈ کی پوری ٹیم 47 اووروں میں 212 رنز بنا کرآؤٹ ہو گئی۔ سری لنکا کی طرف سے تجربہ کار بیٹسمین اینجلو میتھیوز نے 85 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

لسیتھ ملنگا مین آف دی میچ قرار پائے۔ آف سپنر دھنن جایا ڈی سلوا نے اوپر تلے تین وکٹیں حاصل کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

انگلینڈ کی طرف آل رونڈر بین سٹروکس نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا لیکن اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کر سکے۔ بین سٹروک 82 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

تفصیلی سکور کارڈ

یہ بھی پڑھیے

آسٹریلیا نے بنگلہ دیش کو 48 رنز سے شکست دے دی

سنسنی خیز مقابلے کے بعد نیوزی لینڈ فاتح

مورگن کے چھکوں نے افغانستان کو چت کر دیا

بنگلہ دیش نے ویسٹ انڈیز کو سات وکٹوں سے ہرا دیا

سری لنکا کی ٹیم انگلینڈ کو ہرا کر پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں نمبر پر آ گئی ہے۔ سری لنکا کی ٹیم اس ٹورنامنٹ میں مخالف ٹیموں سے مقابلے کے علاوہ موسم سے بھی نبرد آزما رہی ہے۔ سری لنکا کے دو میچ بارش کی نذر ہو چکے ہیں جبکہ دو میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ سری لنکا نے افغانستان اور انگلینڈ کے خلاف فتح حاصل کی۔

انگلینڈ نے ٹورنامنٹ میں چھ میچ کھیلے ہیں جن میں چار جیتے اور دو ہارے ہیں۔ انگلینڈ کو اب انڈیا، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ سےمیچ کھیلنےہیں۔

اینجلو میتھوز کی فارم بحال

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images

سری لنکا کی ٹیم میں کمار سنگاکارا اور مہیلا جے وردھنے کے ریٹائر ہونے کے بعد ٹیم میں جو خلا پیدا ہوا، آل روانڈر اینجلو میتھوز نے پر کرنے کی کوشش کی اور ابتدائی کامیابیوں کے بعد وہ اپنی فارم کے گرداب میں ایسے پھنسے ہیں کہ نکل ہی نہیں پا رہے۔ اس میچ سے پہلے اینجلو میتھوز نے تین اننگز میں صرف نو رنز بنا پائے۔ انگلینڈ کے خلاف ایک محتاط اننگز کھیل کر 85 رنز بنائے۔ اینجلو میتھیوز کا سٹرایک ریٹ شاید ون ڈے کرکٹ کے معیار پر پورا نہ اترتا لیکن وہ واحد سری لنکن کھلاڑی تھے جو پچاس سے زیادہ رنز بنا سکے۔

ینجلو میتھیوز جو اس ٹورنامٹ میں اچھی فارم میں نہیں ہیں، وہ 115 گیندیں کھیل کر پچاسی رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ اس سے پہلے وہ تین اننگز میں صفر، صفر اور نو رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے تھے۔

انگلینڈ پچھلے میچ میں کامیابی حاصل کرنے والی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے۔

انگلینڈ کی ٹیم: جیمز ونس، جانی بیرسٹو، جو روٹ، ایون مورگن(کپتان) بین سٹوکس، جوس بٹلر، معین علی، کرس ووکس ، عادل رشید، جوفرا آرچر، اور مارک ووڈ۔

سری لنکا کی ٹیم: دیموت کرونارتنے،(کپتان) کشال پریرا، ایوشکا فرنینڈو، کشال مینڈس، اینجلو میتھیوز، جیون مینڈس، دھننجایا ڈی سلوا، تشارا پریرا، اسورو ادانا، لستھ ملنگا، اور نوان پردیپ۔

اسی بارے میں