سری لنکا بمقابلہ پاکستان: ون ڈے سیریز کراچی میں، ٹی ٹوئنٹی لاہور میں

سری لنکا ٹیم تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption اس کے علاوہ پاکستان اور سری لنکا کے کرکٹ بورڈز نے ٹیسٹ سیریز دسمبر میں کھیلنے پر اتفاق کیا ہے

سری لنکا کی کرکٹ ٹیم نے آئندہ ماہ پاکستان میں ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کھیلنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

سری لنکا اور پاکستان کے میچوں کا شیڈول بھی کر دیا گیا ہے۔ شیڈول کے مطابق تین ون ڈے میچ کراچی میں کھیلے جائیں گے جبکہ لاہور ٹی ٹوئنٹی میچز کی میزبانی کرے گا۔

سری لنکا کی ٹیم 25 ستمبر کو کراچی پہنچے گی۔

یہ بھی پڑھیے

شعیب، حفیظ سینٹرل کنٹریکٹ سے آؤٹ

مکی آرتھر کے معاہدے میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ

محمد عامر نے ٹیسٹ کرکٹ کو خیر باد کہہ دیا

تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز 27 ستمبر، 29 ستمبر اور 2 اکتوبر کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جائیں گے۔

دوسری طرف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تینوں میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں 5، 7 اور 9 اکتوبر کو ہوں گے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption سری لنکا کی کرکٹ ٹیم نے آئندہ ماہ پاکستان میں ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کھیلنے کا فیصلہ کرلیا ہے

ٹیسٹ سیریز کہاں ہو گی؟

اس کے علاوہ پاکستان اور سری لنکا کے کرکٹ بورڈز نے ٹیسٹ سیریز دسمبر میں کھیلنے پر اتفاق کیا ہے۔

اگرچہ دونوں کرکٹ بورڈز نے اس بات کا اعلان نہیں کیا کہ آیا یہ ٹیسٹ سیریز پاکستان میں ہو گی یا متحدہ عرب امارات۔ لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ اس بارے میں پُرامید ہے کہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے کامیاب انعقاد سے ٹیسٹ سیریز بھی پاکستان میں ہونے میں مدد ملے گی۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images

پاکستان کرکٹ بورڈ کی کوشش رہی ہے کہ وہ سری لنکا کو دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں سے کم ازکم ایک میچ پاکستان میں کھیلنے پر آمادہ کرسکیں۔

سری لنکا کے وزیر کھیل ہارین فرنینڈو نے گذشتہ دنوں ایک پریس کانفرنس میں یہ اعلان کیا تھا کہ سری لنکا کی ٹیم پاکستان میں ون ڈے سیریز کھیلے گی۔

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی نے جمعے کو سری لنکن کرکٹ بورڈ کے صدر سے فون پر بات کی جس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ پہلے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلی جائے جس کے بعد ٹیسٹ سیریز ہوگی۔ یہ سیریز آئی سی سی کی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا حصہ ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption سری لنکا وہ آخری ٹیم ہے جس نے سنہ 2009 میں پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیلی تھی

احسان مانی کا کہنا ہے کہ سری لنکن کرکٹ بورڈ نے ان کوششوں کو سراہا ہے جو پاکستان کرکٹ بورڈ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی مکمل بحالی کے لیے کررہا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم کو پاکستان آ کر ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے سے صورتحال کا اچھی طرح جائزہ لینے میں بھی مدد ملے گی جو ٹیسٹ سیریز کے لیے مدد گار ثابت ہوگا۔

یاد رہے کہ سری لنکا وہ آخری ٹیم ہے جس نے سنہ 2009 میں پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیلی تھی۔ اسی دورے کے دوران لاہور میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ کے موقعے پر سری لنکن کرکٹ ٹیم دہشت گردوں کے حملے کا نشانہ بنی تھی جس میں متعدد افراد ہلاک ہوگئے تھے اور چند سری لنکن کرکٹرز بھی زخمی ہوئے تھے۔

اس دوران پاکستان کرکٹ بورڈ نے انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کی کوششیں جاری رکھی ہیں اور ان کوششوں کے نتیجے میں پہلے سنہ 2015 میں زمبابوے کی ٹیم نے لاہور میں ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلی۔ اس کے بعد گذشتہ سال انٹرنیشنل الیون، ویسٹ انڈیز اور سری لنکا نے پاکستان میں ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے تھے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی انہی کوششوں کے نتیجے میں پاکستان سپر لیگ کے متعدد میچز پاکستان میں منعقد ہو چکے ہیں اور اب بورڈ نے آئندہ سال پاکستان سپر لیگ کے تمام میچز پاکستان میں منعقد کرنے کا اعلان کررکھا ہے۔

اسی بارے میں