راہول ڈراوڈ نے محمد موسٰی کے بارے میں کیا کہا تھا؟
- عبدالرشید شکور
- بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
نوجوان فاسٹ بولرز محمد موسٰی اور نسیم شاہ کی پاکستانی کرکٹ ٹیم میں شمولیت کو چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق سرپرائز پیکج قرار دیتے ہیں لیکن چند سابق کرکٹرز کا خیال ہے کہ ان نئے نوجوان فاسٹ بولرز کو وقت سے پہلے انٹرنیشنل کرکٹ میں لایا جا رہا ہے، اور وہ بھی آسٹریلیا جیسی مشکل سیریز کے دوران۔
19 سالہ محمد موسٰی کا تعلق کوہستان سے ہے۔ وہ راولپنڈی میں پیدا ہوئے اور وہیں اپنی کلب کرکٹ شروع کی۔ وہ اپنے کریئر میں سوئی سدرن گیس، اسلام آباد یونائیٹڈ اور سوئی نادرن گیس کی ٹیموں کی نمائندگی کر چکے ہیں۔
انڈین کوچ راہول ڈراوڈ کے ستائشی کلمات
محمد موسٰی نے گذشتہ برس نیوزی لینڈ میں ہونے والے انڈر 19 ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔
یہ بھی پڑھیے
اس ٹیم میں شاہین آفریدی بھی شامل تھے جنھوں نے 12 وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد موسٰی سات وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے تھے۔ جس میں انڈیا کی کرکٹ ٹیم کے خلاف 67 رنز کے عوض 4 وکٹوں کی کارکردگی شامل تھی۔
پاکستان انڈر 19 ٹیم صرف 69 رنز پر آؤٹ ہو کر میچ 203 رنز سے ہار گئی تھی لیکن انڈیا کی کرکٹ ٹیم کے کوچ راہول ڈراوڈ شاہین شاہ آفریدی اور محمد موسٰی کی صلاحیتوں سے متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکے تھے۔
محمد موسٰی کہتے ہیں ’میں شکست کے بعد افسردگی میں ڈریسنگ روم میں بیٹھا تھا۔ باہر شاہین شاہ آفریدی انڈیا کی کرکٹ ٹیم کے کوچ راہول ڈراوڈ سے باتیں کر رہے تھے۔ انھوں نے مجھے بتایا کہ راہول ڈراوڈ کہہ رہے تھے کہ تم دونوں بولرز میں بہت ٹیلنٹ ہے اور مجھے لگ رہا ہے کہ تم دونوں کو صرف دو سال کے عرصے میں سینیئر ٹیم میں کھیلنا چاہیے۔‘
محمد موسٰی کا کہنا ہے کہ شاہین شاہ آفریدی کو بھی یہ یقین تھا کہ ہم دونوں ایک دن پاکستان کی طرف سے انٹرنیشنل کرکٹ ضرور کھیلیں گے۔
’لیکن میں شاہین کو کہتا تھا کہ تم مجھ سے پہلے کھیل جاؤ گے کیونکہ تم میں مجھ سے زیادہ ٹیلنٹ ہے اور تمہارا قد بھی فاسٹ بولر والا ہے۔‘
فرسٹ کلاس کریئر
محمد موسٰی کی فرسٹ کلاس کرکٹ گذشتہ سال ہی شروع ہوئی ہے اور انھوں نے اب تک صرف سات فرسٹ کلاس میچ کھیلے ہیں۔
انھوں نے مصباح الحق کی قیادت میں سوئی نادرن گیس کی طرف سے واپڈا کے خلاف اپنے پہلے فرسٹ کلاس میچ کی پہلی اننگز میں تین اور دوسری اننگز میں ایک وکٹ حاصل کی۔
موجودہ سیزن میں انھوں نے سوئی نادرن گیس کی طرف سے خیبر پختونخوا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچ میں عمدہ بولنگ کرتے ہوئے چار وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان سپر لیگ
انڈر 19 اور فرسٹ کلاس کرکٹ میں اپنے ٹیلنٹ کو سامنے لا کر وہ پاکستان سپر لیگ تک بھی پہنچے اور اسلام آباد یونائیٹڈ نے ان کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے کا فیصلہ کیا۔
محمد موسٰی نے اپنے ٹی ٹوئنٹی کریئر کی ابتدا بھی متاثر کن انداز میں کی اور پاکستان سپر لیگ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے پشاور زلمی کے خلاف شارجہ میں کامران اکمل، ڈیوڈ ملان اور ڈیرن سیمی کو آؤٹ کر کے مین آف دی میچ قرار پائے۔
محمد موسٰی نے پی ایس ایل میں سات میچز کھیلے جن میں انھوں نے آٹھ وکٹیں حاصل کیں۔
محمد موسٰی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ’ان کی خوش قسمتی ہے کہ انھیں وقار یونس جیسے ورلڈ کلاس بولر سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا۔‘
ان کا کہنا تھا ’وقار بھائی کی موجودگی سے مجھے بہت فائدہ ہوا ہے وہ مجھے بہت اہم باتیں بتا رہے ہیں کہ جب تمہارا رن اپ اور بولنگ ایکشن بہتر ہو گا تو تمہاری رفتار میں مزید اضافہ ہو گا۔‘
وقار یونس اب پاکستانی کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ بنے ہیں اور محمد موسٰی کے لیے اچھا موقع ہے کہ وہ ان کے وسیع تجربے سے فائدہ اٹھائیں۔