آسٹریلیا بمقابلہ پاکستان: ایرون فنچ نے نصف سنچری کے ساتھ ٹی ٹوئنٹی سیریز اپنے نام کر لی

ایرون فنچ تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images

آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 10 وکٹوں سے شکست کے ساتھ تین میچوں کی سیریز اپنے نام کر لی ہے۔

جمعے کو پرتھ میں تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی کے دوران آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا جو کہ درست ثابت ہوا۔ پاکستان محض 107 رنز کا ہدف دے سکا جو آسٹریلیا نے 12ویں اوور میں بغیر کسی نقصان کے حاصل کر لیا۔

آسٹریلوی کپتان نصف سنچری کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جبکہ ان کے اوپنگ پارٹنر ڈیوڈ وارنر نے 48 رنز بنائے ہیں۔

پاکستان آسٹریلیا میں دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز بھی کھیلے گا جس کا پہلا میچ 21 نومبر کو شروع ہوگا۔

یہ بھی پڑھیے

کیا فخر زمان ٹی ٹوئنٹی کے کھلاڑی ہی نہیں؟

'پاکستان بھی ہارنا نہیں چاہتا تھا'

بارش، بابر اعظم اور محمد عرفان

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images

پاکستان کی بیٹنگ گذشتہ میچوں کی طرح اس میچ میں بھی ڈھیر ہو گئی تھی۔

پاکستان کے کپتان بابر اعظم بھی خاطر خواہ سکور نہ کر پائے۔ پچھلے میچ کی طرح اس میچ میں بھی افتخار احمد نے اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور سب سے زیادہ 45 رنز بنائے۔

آسٹریلیا کی جانب سے کین رچرڈسن نے سب سے زیادہ تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ فاسٹ بولر مچل سٹارک اور کم بیک کرنے والے شان ایبٹ نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ایشٹن ایگر نے حارث سہیل کی اہم وکٹ حاصل کی تھی۔

پچ میں نمی اور پاکستان کے بلے بازوں کی ناقص فارم کے باعث پاکستان کی ٹیم میں چار تبدیلیاں کی گئیں تھیں۔ آصف علی، فخر زمان، محمد عرفان اور وہاب ریاض کی جگہ خوشدل شاہ، امام الحق، محمد موسیٰ اور محمد حسنین کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔

دوسری جانب آسٹریلیا نے دو تبدیلیاں کی تھیں۔ آسٹریلیا کے فاسٹ بولر شان ایبٹ، جن کی گیند لگنے سے آسٹریلوی بلے باز فلپ ہیوجز سنہ 2014 میں ہلاک ہو گئے تھے، پانچ برسوں میں پہلی مرتبہ انٹرنیشنل کرکٹ میں جلوہ گر ہوے تھے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images

ان کے علاوہ بلی سٹینلیک کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔

ٹاس کے موقع پر ایرن فنچ کا کہنا تھا کہ پچ میں نمی ہونے کی وجہ سے انھوں نے پہلی فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اعداد و شمار بھی ان کے اس فیصلے کی وجہ بنے۔

پاکستان کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ اگر وہ ٹاس جیتتے تو وہ بھی پہلے فیلڈنگ کرتے، اورپچ کے باعث انھوں نے دو نوجوان فاسٹ بولروں کو ٹیم میں جگہ دی ہے۔

پاکستان کی ٹیم: کپتان بابر اعظم، امام الحق، حارث سہیل، افتخار احمد، خوشدل شاہ، عماد وسیم، محمد عامر، محمد حسنین، محمد رضوان، محمد موسیٰ اور شاداب خان

آسٹریلیا کی ٹیم: کپتان ایرن فنچ، ڈیوڈ وانر، سٹیو سمتھ، بین مکڈرمٹ، ایشٹن ایگر، ایشٹن ٹرنر، ایلکس کیری، شان ایبٹ، مچل سٹارک، کین رچرڈسن اور بلی سٹینلیک

اس سے قبل منگل کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو سات وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ پہلا ٹی ٹوئنٹی بارش کے باعث بے نتیجہ رہا تھا۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں