#QGvPZ: پی ایس ایل فائیو کے چوتھے میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی

کرکٹ تصویر کے کاپی رائٹ PCB

پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کے چوتھے میچ میں آج پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔

پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو بیٹنگ کی دعوت دی تو کوئٹہ کی ٹیم 148 رنز بنا سکی تاہم پشاور نے اپنا ہدف 18.3 اوورز میں حاصل کر لیا۔

پشاور کی اننگز کی نمایاں بات کامران اکمل کی شاندار سنچری تھی۔ کامران اکمل نے 55 گیندوں پر 101 رنز بنائے مگر سنچری مکمل کرتے ہی وہ اگلی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

پی ایس ایل فائیو پر بی بی سی اردو کی خصوصی کوریج

کوئٹہ کی اننگز کے سب سے کامیاب بلے باز جیسن روئے رہے جنھوں نے نصف سنچری کی۔

اننگز کا آغاز جیسن روئے اور شین واٹسن نے کیا تو آوٹ ہونے والے پہلے بلے باز شین واٹسن تھے جو کہ وہاب ریاض کی گیند پر پُل شاٹ کھیلتے ہوئے حسن علی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ انھوں نے آٹھ رنز بنائے تھے۔

آٹھویں اوور میں محمد عامر خان نے احمد شہزاد کی وکٹ حاصل کی۔ وہ صرف 12 رنز بنا سکے۔

اس کے بعد کپتان سرفراز احمد اور جیسن روئے کے درمیان 62 رنز کی شراکت ہوئی۔ آوٹ ہونے والے تیسرے کھلاڑی سرفراز احمد تھے جنھوں نے 25 گیندوں پر 41 رنز بنائے۔

کوئٹہ کے پہلے میچ میں نصف سنچری بنانے والے اعظم خان آج بڑا سکور نہیں کر سکے۔ آج پانچ کے سکور پر وہ وہاب ریاض کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

آل راؤنڈر محمد نواز صرف دو رنز بنانے کے بعد راحت علی کا نشانہ بنے۔ وہ جارحانہ شاٹ کھیلتے ہوئے کامران اکمل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

پشاور کی جانب سے اب تک وہاب ریاض نے دو جبکہ راحت علی، محمد عامر خان اور ڈیرن سیمع نے ایک ایک وکٹ حاصل کر لی ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ PCB

یہ بھی پڑھیے

لاہور کو پانچ وکٹوں سے، پشاور کو 10 رنز سے شکست

ڈیرن سیمی کے لیے پاکستان کی اعزازی شہریت کا اعلان

’منفی باتیں سن کر برا لگتا ہے لیکن کسی کی زبان نہیں روک سکتے‘

اس کے بعد زلمی کی جانب سے کامران اکمل اور ٹام بینٹن نے اننگز کا آغاز کیا تھا۔ آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی ٹام بینٹس تھے جنھوں نے تین رنز بنائے۔ ٹائمل ملز کی گیند پر سرفراز احمد نے ان کا ایک شاندار کیچ پکڑا۔

اس کے بعد کامران اکمل اور حیدر علی کے درمیان 82 رنز کی شراکت ہوئی جس نے کوئٹہ کی ٹیم کے ہاتھ سے شاید میچ مکمل طور پر نکال لیا۔ حیدر علی 25 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ حیدر علی کے آؤٹ ہونے کے بعد اگلی ہی گیند پر سہیل خان کی بولنگ پر کامران اکمل کا پوائنٹ پر کیچ بھی ڈراپ پوا۔

شعیب ملک آج بڑا سکور نہیں کر سکے اور سات رنز بنا کر فواد احمد کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images

اس سے قبل جمعے کے روز ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو پانچ وکٹوں سے جبکہ کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو 10 رنز سے شکست دی تھی۔ پانچویں ایڈیشن کے پہلے میچ میں دفاعی چیمپئین کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف فتح حاصل کی تھی۔

آج پشاور زلمی کی جانب سے کپتان ڈیرن سیمی کی سربراہی میں کامران اکمل، ٹام بینٹن، حیدر علی، شعیب ملک، لیم لیونگٹن، لیم ڈاسن، وہاب ریاض، حسن علی، راحت علی اور محمد عامر خان میدان میں اترے۔

ادھر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم جیسن روئے، شین واٹسن، احمد شہزاد، احسن علی، سرفراز احمد (کپتان)، اعظم خان، محمد نواز، سہیل خان، محمد حسنین، فواد احمد اور ٹیمل ملز پر مشتمل تھی۔

اسی بارے میں