#IUvMS: پی ایس ایل 5 میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ملتان سلطانز پر آٹھ وکٹوں سے فتح

کرکٹ

،تصویر کا ذریعہAFP

پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کے پانچویں میچ میں آج لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز مدِ مقابل ہیں جہاں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کی جانب سے دیے گئے 165 رنز کے ہدف کو باآسانی آٹھ وکٹوں سے حاصل کر لیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے ان کی اوپننگ جوڑی لوک رونکی اور کولن منرو نے زبردست بلے بازی کا مظاہرے کیا اور 92 رنز کی شراکت قائم کی۔

نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے بائیں ہاتھ کے بلے باز منرو نے 32 گیندوں پر چار چھکوں کی مدد سے 50 رنز بنائے مگر شاہد آفریدی کی لیگ سپن پر وہ بولڈ ہو گئے۔

اس وقت تک تعاقب کا نصف سے زائد سکور پورا ہو چکا تھا اور بعد میں رونکی نے پچلے میچ میں نصف سنچری کرنے والے ڈیوڈ ملن کے ساتھ ایک اور اچھی شراکت قائم کی اور 74 رنز بنا کر جیت سے صرف دو رنز پہلے وہ آؤٹ ہو گئے۔

رونکی کو ان کی اننگز پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ بھی ملا۔

اسی حوالے سے مزید پڑھیے

ملتان سلطانز کی جانب سے بولنگ میں کوئی خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا سکا اور صرف آفریدی اور محمد الیاس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

انگلینڈ کے معین علی کو ایک اور میں 19 رنز پڑے جبکے محمد عرفان نے اپنے چار اوورز میں 43 رنز دیے۔

اس سے قبل ملتان سلطانز کی اننگز 20 اوورز میں 164 رنز پر تمام ہو گئی تھی۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images

سلطانز کی جانب سے جیمز وینس اور شان مسعود نے اننگز کا آغاز کیا تھا۔ آؤٹ ہونے والے پہلے بلے باز شان مسعود تھے جو کہ 41 کے مجموعی سکور پر فہیم اشرف کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ انھوں نے 21 رنز بنائے تھے۔

اس کے بعد معین علی اور جیمز وینس کے درمیان 28 رنز کی شراکت ہوئی۔ معین علی دس رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

معین علی کے بعد ریلی روسوو بھی وکٹ پر زیادہ وقت نہیں گزار سکے اور پہلے ہی گیند پر فہیم اشرف کو کیچ دے بیٹھے۔ انھیں عماد بٹ نے آؤٹ کیا۔

جیمز وینس نے ملتان کی اننگز کو شروع میں سنبھالے رکھا تھا۔ وہ 42 رنز بنا کر عماد بٹ کی گیند پر بولڈ ہوئے۔

خوش دل شاہ اننگز کے 15ویں اوور میں عاقف جاوید کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر شاہد آفریدی نے اپنے مخصوص انداز میں ایک چکھے کی مدد سے 11 رنز بنائے اور پویلین لوٹ گئے۔

ملتان کو ساتواں نقصان اس وقت ہوا جب سہیل تنویر عماد بٹ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ آوٹ ہونے والے آٹھویں بلے باز ذیشان اشرف تھے جو کہ ملتان سلطانز کے کامیاب ترین بلے باز رہے۔ انھوں نے 50 رنز بنائے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے عماد بٹ نے چار، فہیم اشرف نے دو، جبکہ محمد موسیٰ اور عاقف جاوید نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

یہ بھی پڑھیے

اتوار 23 فروری کو پی ایس ایل میں دو میچ کھیلے جائیں گے جہاں کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں کراچی کنگز کا سامنا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے ہوگا جبکہ شام کو لاہور میں کھیلے جانے والے دوسرے میچ میں لاہور قلندرز کا سامنا اسلام آباد یونائیٹڈ سے ہوگا۔

اس سے قبل جمعے کے روز ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو پانچ وکٹوں سے جبکہ کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو 10 رنز سے شکست دی تھی۔ پانچویں ایڈیشن کے پہلے میچ میں دفاعی چیمپئین کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف فتح حاصل کی تھی۔