#IUvKK: کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی

پی ایس ایل

،تصویر کا ذریعہGetty Images

راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستان سپر لیگ، سیزن 5 کے 14ویں میچ میں کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔ اسلام آباد نے پہلے کھیلتے ہوئے کراچی کو جیت کے لیے 184 رنز کا ہدف دیا تھا۔

کراچی کنگز نے ہدف باآسانی 19ویں اوور میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ کراچی کی جانب سے کپتان عماد وسیم نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے اسلام آباد کے فہیم اشرف کو یکے بعد دیگرے دو چھکے مار کر ہدف کا حصول آسان بنا دیا۔

کراچی کنگز کی جانب سے وننگ سٹروک چاڈ وک والٹن نے چار رنز کے لیے کھیلا۔

کراچی کی جانب سے ایلکس ہیلز نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 52 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ وہ احمد صیفی عبداللہ کے گیند پر لیوک رونکی کے ہاتھوں سٹمپ آؤٹ ہو گئے۔ انھیں مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیے

،تصویر کا ذریعہGetty Images

اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم نے میچ میں اچھی فیلڈنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کراچی کے دو کھلاڑیوں کو رن آؤٹ کیا۔ کراچی کے پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی افتخار احمد تھے جو رضوان حسین کی ڈائریکٹ تھرو پر رن آؤٹ ہو گئے۔ اس سے قبل چوتھے ایلکس ہیلز جبکہ تیسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز کیمرون ڈیلپورٹ تھے جنھیں ڈیل سٹین نے آوٹ کیا۔ انھوں نے 38 رنز بنائے۔

جبکہ کراچی کنگز کے دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی شرجیل خان تھے جو رومان رئیس کے گیند پر وکٹوں کے پیچھے لیوک رونکی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ انھوں نے تیز کھیل پیش کرتے ہوئے 38 رنز بنائے۔ کراچی کنگز کو اننگز کے آغاز میں ہی بڑا نقصان اٹھانا پڑا تھا جب بابر اعظم پہلے ہی اوور میں بنا کوئی رن بنائے رن آؤٹ ہو گئے۔

کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images

اسلام آباد یونائیٹڈ کی اننگز

اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز کے اختتام پر تین وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز بنائے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے لیوک رونکی نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے جارحانہ کھیل پیش کیا اور وکٹ کے چاروں جانب دلکش سٹروکس کھیلتے ہوئے 58 گیندوں پر 87 رنز بنائے۔

جبکہ وکٹ کی دوسری جانب سے کپتان شاداب خان نے ان کا بھرپور ساتھ دیا اور 31 گیندوں پر 54رنز بنائے۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان 106 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز لیوک رونکی اور کولن منرو نے کیا تھا لیکن کراچی کنگز نے میچ کے آغاز میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم کو دباؤ میں رکھا اور عمدہ بولنگ کرتے ہوئے میچ کے دوسرے اوور میں ہی پہلی کامیابی حاصل کی جب محمد عامر نے کولن منرو کو صرف ایک رن کے انفرادی سکور پر پویلین واپس بھیج دیا۔ کولن منرو کا کیچ جورڈن نے پکڑا تھا۔

،تصویر کا ذریعہ@thePSLt20

اسلام آباد کے دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی رضوان حسین تھے جنھیں عمر خان نے 22 رنز کے انفرادی سکور پر پویلین کی راہ دکھائی، ان کا کیچ ہیلز نے پکڑا اور یونائیٹڈ کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کولن انگرام تھے جنھیں وکٹ کیپر چاڈ وک والٹن نے عماد وسیم کی گیند پر شکار کیا۔ کولن انگرام نے 16 رنز بنائے۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز راولپنڈی میں بارش کے سبب پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان میچ ٹاس کے بغیر ہی منسوخ کر دیا گیا تھا اور دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دیا گیا تھا۔

پی ایس ایل سیزن 5 ایونٹ میں کراچی کنگز کی ٹیم زیادہ متاثر کن کھیل پیش کرنے میں ناکام رہی اور کراچی کنگز کو اب تک چار میں سے دو میچوں میں شکست ہوئی جبکہ دو میں فتح سمیٹ سکی ہے اور اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر 4 پوائنٹس کے ساتھ موجود ہے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images

اس کے برعکس اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم ایونٹ میں چھ میچوں میں 5 پوائنٹس کی بدولت پوائنٹس ٹیبل پر تیسرے نمبر پر موجود ہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے اب تک دو میچ جیتے اور تین میں شکست ہوئی جبکہ ایک میچ بارش کی نذر ہوا۔

آج کے میچ کی اہم بات اسلام آباد یونائیٹڈ سے وابستہ اور جنوبی افریقا کے پیسر ڈیل سٹین کی شرکت تھی۔ فاسٹ بولر ڈیل سٹین پہلی مرتبہ پاکستان سپر لیگ میں شامل ہوئے ہیں۔ ڈیل سٹین انگلینڈ کے خلاف سیریز کی وجہ سے پی ایس ایل کے ابتدائی میچز میں شریک نہ ہو سکے تاہم اب انھوں نے اپنی ٹیم اسلام آباد یونائٹڈ کو جوائن کر لیا ہے۔

پاکستان سپر لیگ میں اب تک اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کے درمیان 13 میچز ہوئے ہیں، 8 میچز میں یونائیٹڈ کامیاب رہی جبکہ 5 میچز کنگز کے نام رہے۔

کراچی کنگز سکواڈ

آج کے میچ میں کراچی کنگز کے سکواڈ میں عماد وسیم (کپتان)، بابر اعظم، افتخار احمد، محمد عامر، عمر خان، الیکس ہیلز، کرس جورڈن، شرجیل خان، کیمرون ڈلپورٹ، عمید آصف اور چاڈ وک والٹن شامل ہیں۔

اسلام آباد یونائیٹڈ سکواڈ

اسلام آباد یونائیٹڈ کے سکواڈ میں شاداب خان (کپتان)، لیوک رونچی، فہیم اشرف، آصف علی، محمد موسیٰ، ڈیل سٹین، کولن انگرام، کولن منرو، رومان رئیس، رضوان حسین، اور احمد صفی عبداللہ شامل ہیں۔