#KKvQG: کراچی کنگز کے 157 کے ہدف کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا، سرفراز احمد اور اعظم خان فاتح ٹیم کے ہیرو

کرکٹ تصویر کے کاپی رائٹ PCB
Image caption اعظم خان اور سرفراز احمد نے 85 رنز کی شراکت قائم کی اور جیت میں اہم کردار ادا کیا

کپتان سرفراز احمد اور اعظم خان کی 85 رنز کی شراکت نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو ٹورنامنٹ میں دوسری فتح سے ہمکنار کرا دیا جب انھوں نے کراچی کنگز کے دیے گئے 157 رنز کے ہدف کو پانچ وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔

گلیڈی ایٹرز کی ٹورنامنٹ میں دونوں کامیابیوں کا سہرا اعظم خان کے سر جاتا ہے جنھوں نے 30 گیندوں پر 46 رنز سکور کیا جس میں دو چھکے اور چار چوکے شامل ہیں۔

نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں انھوں نے چوتھی وکٹ کے لیے کپتان سرفراز احمد کے ساتھ اہم شراکت قائم کی اور جہاں ایک موقع پر لگ رہا تھا کہ کراچی کنگز اپنے ہوم کراؤڈ کے سامنے جیت جائے، ان دونوں نے وہ خواب چکنا چور کر دیے۔

اعظم خان کو ان کی کارکردگی پر مین آف دا میچ کا اعزاز ملا۔

* کوئٹہ گلیڈی ایٹرز بمقابلہ کراچی کنگز: میچ کا لائیو سکور کارڈ

تصویر کے کاپی رائٹ PCB

کوئٹہ کی اننگز کا آغاز اچھا ہوا تھا مگر اس کے بعد کرس جارڈن کی جانب سے پھینکے گئے چھٹے اوور میں کوئٹہ کو پہلا نقصان اٹھانا پڑا جب شین واٹسن 27 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔

دوسرے آؤٹ ہونے والے جیسن رائے بھی رن آؤٹ ہوئے لیکن اس بار غلطی ان کی اپنی تھی جب وہ رن لیتے ہوئے بلا کریز پر نہ رکھ پائے اور عماد وسیم کی تھرو سیدھی وکٹوں کو جا لگی۔ انھوں نے 17 رنز بنائے۔

نویں اوور کی پہلی گیند پر عماد وسیم احمد شہزاد کو آؤٹ کرنے میں کامیاب ہو گئے جنھوں نے 11 رنز کے انفرادی سکور پر اونچا شاٹ لگایا لیکن باؤنڈری پر کرس جارڈن نے ان کا کیچ لے لیا۔

محمد عامر نے 18ویں اوور میں صرف چار رن دیے اور اعظم خان کو رن آؤٹ کیا۔ اگلے ہی اوور میں کرس جارڈن نے پہلی گیند پر نواز کو بھی کیچ آؤٹ کر دیا مگر ٹیم میں دوبارہ شامل کیے گئے آل راؤنڈر انور علی نے اوور کی آخری چار گیندوں پر 12 رنز بنا کر میچ ختم کر دیا۔

اس جیت کے بعد کوئٹہ تین میچوں میں چار پوائنٹس حاصل کر کے سب سے آگے ہے۔

آج کے دن کا دوسرا میچ قذافی سٹیڈیم لاہور میں میزبان ٹیم لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔

تصویر کے کاپی رائٹ PCB

کراچی کنگز کی اننگز میں کیا ہوا؟

ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کراچی کنگز نے اپنی اننگز 156 رنز نو وکٹوں کے نقصان پر پوری کی۔

کراچی کنگز کی طرف سے ٹاپ سکورر الیکس ہیلز رہے جنھوں نے ایک چوکے اور ایک چھکے کے ساتھ 29 رنز بنائے جبکہ فاسٹ بولر محمد حسنین نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

کراچی کنگز کی طرف سے بابر اعظم اور شرجیل خان نے اننگز کا آغاز کیا۔ گرنے والی پہلی وکٹ بابر اعظم کی تھی جنھوں نے 23 گیندوں پر 26 رنز بنائے جن میں پانچ چوکے شامل ہیں۔ انھیں فاسٹ بولر ٹائمل ملز نے بولڈ کیا تھا۔

دوسرے اوپنر شرجیل خان کو سپنر محمد نواز نے آؤٹ کیا اور اپنی ہی بول پر ان کا کیچ پکڑا۔

سہیل خان نے کیمرون ڈیلپورٹ کی وکٹ حاصل کی۔ ان کا ایک مشکل کیچ محمد نواز نے پکڑا تھگ۔ ڈیلپورٹ نے محض 12 گیندوں پر 22 رنز بنائے تھے۔

چیڈوک والٹن آؤٹ ہونے والے چوتھے کھلاڑی تھے جنھیں حسنین نے اپنی ہی بولنگ پر رن آؤٹ کیا۔

پانچویں وکٹ الیکس ہیلز کی گری جو محمد حسنین کی گیند پر 29 کے سکور پر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔ کپتان عماد وسیم کو وکٹ کیپر سرفراز احمد نے رن آؤٹ کیا اور وہ صرف 8 رنز بنا سکے۔

ملز نے جارڈن کو آؤٹ کیا جبکہ عمید آصف اور محمد افتخار کی وکٹیں حسنین نے حاصل کیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ Twitter/@thePSLt20
Image caption نسیم شاہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی طرف سے اپنا پہلا میچ کھیل رہے ہیں

بابر اعظم نے پشاور کے خلاف کراچی کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا جس میں انھوں نے 56 گیندوں پر 78 رنز بنائے تھے اور مین آف دی میچ بنے تھے۔

دفاعی چیمپئین کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائٹڈ کے خلاف پی ایس ایل 5 کے افتاحی میچ میں فتح حاصل کی تھی تاہم پشاور زلمی نے انھیں 6 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

تصویر کے کاپی رائٹ PCB

پی ایس ایل 5 کے دوسرے میچ میں کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو 10 رنز سے شکست دی تھی۔

یہ بھی پڑھیے

یونائیٹڈ کی سلطانز کے خلاف آٹھ وکٹوں سے آسان جیت

پشاور زلمی کی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پر بڑی کامیابی

ڈیرن سیمی کے لیے پاکستان کی اعزازی شہریت کا اعلان

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption پی ایس ایل 5 کے دوسرے میچ میں کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو 10 رنز سے شکست دی تھی

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سکواڈ کی کپتانی سرفراز احمد کر رہے ہیں جبکہ اس میں شین واٹسن، احمد شہزاد، اعظم خان، ٹائم ملز، محمد حسنین، محمد نواز، نسیم شاہ، جیسن روئے اور سہیل خان شامل ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ PCB
Image caption کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اب تک دو میچوں میں ایک میں جیت جبکہ دوسرے میں شکست حاصل کی

دوسری طرف کراچی کنگز کے کپتان آل راؤنڈر عماد وسیم ہیں اور ٹیم میں بابر اعظم، کیمرون ڈیلپورٹ، الیکس ہیلز، افتخار احمد، کرس جارڈن، محمد عامر، شرجیل احمد اور چیڈوک والٹن موجود ہیں۔

اسی بارے میں