Lahore Qalandars vs Islamabad United: اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف قلندرز کو جیت کے لیے 199 رنز کا ہدف مگر بیٹنگ بری طرح ناکام، پوری ٹیم 127 رنز پر آؤٹ

کرکٹ

،تصویر کا ذریعہAFP

پاکستان سپر لیگ فائیو کا 17واں میچ لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلا گیا جہاں اسلام آباد یونائیٹڈ کے 198 رنز کے جواب میں میزبان لاہور قلندرز کی پوری ٹیم صرف 127 رنز پر آؤٹ ہو کر 72 رنز سے میچ ہار گئی۔

اگر آخری وکٹ کی شراکت میں عثمان شنواری اور دلبر حسین اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے چھوڑے گئے کیچوں کی بدولت 38 رنز کی شراکت نہ قائم کرتے تو شکست کا مارجن اور زیادہ ہوتا۔

قلندرز نے جہاں منگل کو کوئٹہ کے خلاف شاندار بیٹنگ کر کے 200 کا ہندسہ عبور کیا، بدھ کو اسلام آباد کے خلاف وہی لائن اپ ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔

عثمان شنواری کے 30 رنز اور بین ڈنک کے 25 اور سلمان بٹ کے سست روی سے بنائے گئے 21 رنز کے علاوہ کوئی کھلاڑی 20 کا ہندسہ عبور نہیں کر پایا۔

اسلام آباد کی جانب سے ٹورنامنٹ میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والے ظفر گوہر نے چار اوورز میں 31 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ فاسٹ بولر رمان رئیس بھی 29 رنز دے کر تین شکار کرنے میں کامیاب ہوئے۔

کپتان شاداب خان کا اچھا ٹورنامنٹ جاری رہا اور انھوں نے کفایتی بولنگ کرتے ہوئے 21 رنز کے عوض دو وکٹیں لیں اور ایک کیچ بھی لیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے اوپنر کولن منرو نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے بیٹ کیری کیا اور 87 رنز بنائے جس پر انھیں مین آف دا میچ کا اعزاز دیا گیا۔

اس جیت کے ساتھ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم درجہ بندی میں سات پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر آ گئی ہے لیکن وہ اس کے لیے سات میچ کھیل چکے ہیں۔

قلندرز کی ٹیم بدستور آخری درجے پر موجود ہے اور ان کے پانچ میچوں کے بعد صرف دو پوائنٹس ہیں۔

جمعرات کو راولپنڈی کے سٹیڈیم میں پشاور زلمی کا سامنا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے ہوگا لیکن موسم کی پیشن گوئی اچھی نہیں ہے اور خدشہ ہے کہ بارش کھیل کو متاثر کرے گی۔

قلندرز کا ناکام تعاقب

،تصویر کا ذریعہPCB

،تصویر کا کیپشن

یونائیٹڈ کے خلاف گذشتہ میچ میں 98 بنانے والے حفیظ اس بار صرف دس رنز بنا سکے

مواد پر جائیں
پوڈکاسٹ
ڈرامہ کوئین

’ڈرامہ کوئین‘ پوڈکاسٹ میں سنیے وہ باتیں جنہیں کسی کے ساتھ بانٹنے نہیں دیا جاتا

قسطیں

مواد پر جائیں

قلندرز کے تعاقب کا آغاز تاخیر سے شروع ہوا کیونکہ اسلام آباد کی اننگز کے بعد بارش شروع ہو گئی تھی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیے ڈیل سٹین نے پہلا اوور کرایا اور دوسری ہی گیند پر کرس لِن جارحانہ شاٹ کھیلتے ہوئے بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے۔

اننگز کے چوتھے اوور میں عاکف جاوید نے ایک تیزی سے اوپر آتی ہوئی گیند کرائی جسے حفیظ کنٹرول نہ کر سکے اور صرف دس رنز بنا کر کیچ ہو گئے۔

چھٹے اوور میں سلمان بٹ اور بین ڈنک نے عاکف جاوید کو نشانہ بنایا اور تین چوکے لگا کر اوور میں 14 رنز بٹورے۔

آٹھویں اوور کے لیے اپنا پہلا میچ کھیلنے اولے ظفر گوہر آئے تو بین ڈنک نے ان کے خلاف بھی جارحانہ انداز اپنایا اور اوور میں 11 رنز حاصل کیے۔

لیکن نویں اوور میں کپتان شاداب نے اہم ترین کامیابی حاصل کر لی جب انھوں نے قلندرز کے گذشتہ میچ کے ہیرو بین ڈنک کو 25 رنز پر کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروا دیا۔

لاہور کی مشکلات میں اضافہ ہوا جب اگلے ہی اوور میں آہستہ بیٹنگ کرنے والے سلمان بٹ بھی 21 رنز پر آؤٹ ہو گئے۔

یونائیٹڈ نے اپنی سبقت برقرار رکھتے ہوئے 11ویں اوور میں سمت پٹیل کو بھی آؤٹ کر دیا جو شاداب کی گیند پر باؤنڈری پر آؤٹ ہوئے۔

معاملہ یہیں نہیں تھما اور ظفر گوہر نے محمد فیضان کو 12ویں اوور کی آخری گیند پر بولڈ کر دیا جو صرف چھ رنز بنا سکے۔

14ویں اوور میں کپتان سہیل اختر بھی ظفر گوہر کی گیند پر آٹھ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

رمان رئیس نے 15ویں اوور میں پہلے پرسنا اور اور پھر سلمان ارشاد کو آؤٹ کر کے قلندرز کے نو کھلاڑی آؤٹ کر دیا۔

اسلام آباد کی اننگز کی کہانی

،تصویر کا ذریعہLahore Qalandars

،تصویر کا کیپشن

اسلام آباد کے اوپنرز نے 100 رنز کی شراکت قائم کی

اسلام آباد کی اننگز کی خاص بات کولنگ منرو کی زبردست بیٹنگ تھی جنھوں نے 59 گیندوں پر بیٹ کیری کرتے ہوئے ناقبل شکست 87 رنز بنائے۔

لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا لیکن وہ کامیاب ثابت نہ ہوا اور یونائیٹڈ کے دونوں اوپنرز، کولن منرو اور لیوک رونکی نے صرف 11 اوورز میں سو رنز کی شراکت قائم کی۔

دونوں بلے بازوں نے بہترین بیٹنگ کی اور لاہور کے بولرز کو سنبھلنے کا موقع نہیں دیا۔ دسویں اوور میں منرو نے اپنی نصف سنچری مکمل کی اور اگلے ہی اوور میں ٹیم کے سو رنز بھی مکمل ہو گئے۔

12ویں اوور میں محمد حفیظ نے رونکی کو 48 کے سکور پر آؤٹ کر دیا اور اگلے ہی اوور میں یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان بھی سات رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

لیکن اس کے بعد منرو اور کولن انگرام نے صرف 30 گیندوں پر 46 رنز کی شراکت جوڑی مگر سلمان ارشاد نے انگرام کو 29 کے سکور پر آؤٹ کر دیا۔

لیکن اس کے بعد آصف علی آئے اور انھوں نے صرف چھ گیندوں پر 20 رنز بنا کر یونائیٹڈ کو 198 کے بڑے سکور تک پہنچا دیا۔

لاہور قلندرز کی جانب سے محمد حفیظ نے دو اوورز میں 11 رنز دے کر ایک وکٹ لی لیکن ان کی کفایتی بولنگ کا اور کوئی ساتھ نہ دے سکا۔

سلمان ارشاد اور محمد فیضان نے بالتریتب 43 اور 41 رنز کے عوض ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

،تصویر کا ذریعہPCB

،تصویر کا کیپشن

بدھ کے میچ کے بعد ٹورنامنٹ کا پوائنٹس ٹیبل

یہ میچ دونوں ٹیموں کے لیے بہت اہم ہے کیونکہ اب ٹورنامنٹ اپنے دوسرے ہاف میں داخل ہو گیا ہے اور ناک آؤٹ مرحلے میں کوالیفائی کرنے کی جنگ سخت ہوتی جا رہی ہے۔

قلندرز نے آج کے میچ میں اپنی ٹیم میں سلمان بٹ کو فخر زمان کی جگہ اور عثمان شنواری کو شاہین آفریدی کی جگہ شامل کیا ہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے بھی ٹیم میں اس میچ کے لیے تین تبدیلیاں کرتے ہوئے حسین طلعت، ظفر گوہر اور عاکف جاوید کو شامل کیا ہے۔

اس سے قبل گذشتہ چار پی ایس ایل میں ان دونوں ٹیموں کے درمیان آٹھ میچ ہوئے ہیں جن میں سے چھ اسلام آباد یونائیٹڈ نے جیتے جبکہ صرف دو میں لاہور کو جیت نصیب ہوئی ہے۔