لیونل میسی: بارسلونا فٹبال کلب چھوڑنے کا فیصلہ، میسی کے رومال سے فیکس تک کے سفر پر سوشل میڈیا پر تبصرے

میسی

،تصویر کا ذریعہEPA

ایک دن ایسا ہونا تھا، زندگی میں تبدیلی ایک فطری عمل ہے اور ٹیم کی اتنی بری کارکردگی کے بعد یہ تو متوقع تھا۔

یہ سب باتیں گذشتہ ہفتے سے بارسلونا اور لیونل میسی کے مستقبل کے حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش ضرور کر رہی تھیں لیکن میسی اور بارسلونا کی علیحدگی کے بارے میں بات کرتے وقت بڑے بڑے تجزیہ نگار بھی ہچکچا رہے تھے۔

اور کیوں نہ ہچکچاتے، 16 سال کی رفاقت کم بھی تو نہیں اور پھر کھلاڑی بھی ایسے جو بلاشبہ بارسلونا فٹبال کلب بلکہ دنیا کی تاریخ کے عظیم ترین فٹبالر ہیں۔

تو جب منگل کی رات ان کی جانب سے بارسلونا چھوڑنے کا فیصلہ اور تبادلے کی درخواست کی خبر سامنے آئی تو سوشل میڈیا پر افراتفری مچ گئی۔

میسی کے مداح عام طور پر کرسٹیانو رونالڈو کے چاہنے والوں کو یہ طعنہ بھی دیتے تھے کہ میسی ایک باوفا شخص ہیں اور 16 سال سے ایک ہی کلب کے لیے کھیل رہے ہیں جبکہ رونالڈو متعدد کلب تبدیل کر چکے ہیں۔

ایسے میں رونالڈو کے مداحوں کی چاندی ہو گئی اور انھوں نے اس موقعے کا خوب فائدہ اٹھایا۔

اسی حوالے سے مزید پڑھیے

خیال رہے کہ منگل کو ارجنٹینا سے تعلق رکھنے والے دنیا کے عظیم ترین فٹبالرز کی فہرست میں شامل میسی نے اپنے کلب کی انتظامیہ کو ’فیکس‘ کے ذریعے کلب سے فوری رخصت کا مطالبہ کیا تھا۔

سوشل میڈیا پر میسی کی غیر موجودگی کے بارے میں بھی لوگ بہت عرصے سے بات کرتے رہے ہیں لیکن ان کی جانب سے فیکس کے استعمال پر اکثر صارفین حیران ہو گئے۔

یہی نہیں سوشل میڈیا پر ایک جانب میسی کو خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا تھا تو دوسری جانب بارسلونا کی انتظامیہ پر تنقید بھی کی جا رہی تھی اور یہ سوال کیا جا رہا تھا کہ آخر میسی جیسے مہنگے کھلاڑی کو کون سا کلب خرید پائے گا۔

چیمپئینز لیگ کے کوارٹر فائنل میں میسی کی بارسلونا کو جرمن کلب بائرن میونخ کے ہاتھوں 8-2 سے شرمناک شکست ہوئی تھی۔ میسی کے اس فیصلے کی خبر آنے تک بائرن میونخ چیمپیئز لیگ جیت چکا ہے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images

آج کل فیکس کون کرتا ہے، میسی؟

میسی کی جانب سے اتنی بڑی خبر کے حوالے سے فیکس کی سہولت کا استعمال سب کے لیے اچھنبے کی بات تھی۔ آج کے دور کے تیز مواصلاتی نظام اور انٹرنیٹ کی سہولت کے بعد فیکس کا نام لیا جائے تو شاید نئی نسل نے کبھی فیکس مشین دیکھی بھی نہ ہو۔

تاہم میسی کی جانب سے فیکس کے استعمال پر بات کرتے ہوئے اکثر صارفین نے لکھا کہ ’آج کل فیکس کون استعمال کرتا ہے، میسی؟‘

یہاں یہ بات بھی یاد رکھنا ضروری ہے کہ سنہ 2000 میں بارسلونا کی انتظامیہ کی جانب سے ایک کاغد کے رومال پر میسی کا کانٹریکٹ لکھا گیا تھا۔

بی بی سی سپورٹس کے صحافی رائن بالڈی لکھتے ہیں کہ ’رومال کے ذریعے سائن کیا گیا، اور فیکس کے ذریعے چھوڑ کر جا رہے ہیں۔ ڈیجیٹل دنیا میں اینالاگ مین۔‘

واضح رہے کہ بارسلونا کے ساتھ میسی کا معاہدہ اگلے سال تک کا ہے اور اس میں ایک اور شق کے مطابق اگر کوئی اور کلب میسی کو خریدنا چاہتا ہے تو اس کے لیے انھیں 70 کروڑ یورو ادا کرنے ہوں گے۔

’میسی نے سرچ میں کورونا وائرس کو بھی پیچھے چھوڑ دیا‘

بارسلونا کے اکثر مداحوں کے یوں میسی کو جاتا دیکھ کر دل ٹوٹ گئے اور سپین میں رہنے والوں نے مختلف مقامات پر احتجاج کی کال دے ڈالی۔

ایک صارف نے لکھا کے 2017 میں زندگی کتنی آسان تھی جب رونالڈو اور میسی بارسلونا اور ریال میڈرڈ میں تھے۔

کھیلوں کے مداح عام طور پر سنہرے خواب دیکھنے کے بھی خوب عادی ہوتے ہیں اس لیے ان کی جانب سے میسی اور رونالڈو کے ٹاکرے کے حوالے سے بھی بات کی گئی اور ایک صارف نے لکھا کہ اگر رونالڈو مانچسٹر یونائیٹڈ اور میسی مانچسٹر سٹی میں چلے جائیں تو ہم انگلش پریمیئر لیگ میں دونوں کو ایک ساتھ دیکھ سکیں گے۔

ممبئی پولیس نے بھی کسی طرح ٹرینڈ کا حصہ بننے کی کوشش کرتے ہوئے ہیش ٹیگ میسی کا استعمال کرتے ہوئے لکھا کہ اپنے خاندان کو (میسی) مشکل صورتحال سے دوچار نہ کریں اور براہِ مہربانی ماسک پہن کر گھر سے نکلیں۔

ایک صارف نے گوگل پر سرچ کیے جانے والی چیزوں کے حوالے سے ایک گراف بھیجا اور لکھا کہ مارچ سے کورونا وائرس سب سے زیادہ سرچ کیا جانے والا لفظ تھا لیکن میسی نے اسے پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

ایک صارف نے امید ظاہر کی کہ میسی اس حوالے سے اپنے فیصلے پر نظرِ ثانی کریں گے اور وہ بھی انسان ہیں اور ہم ان سے یہ امید کر سکتے ہیں لیکن ایسا ہوتا دکھائی نہیں دے رہا۔