پی ایس ایل کا تیسرا میچ: اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو تین وکٹوں سے شکست دے دی

اسلام آباد یونائیٹڈ

،تصویر کا ذریعہPCB

اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کے درمیان پی ایس ایل کا تیسرا میچ اتوار کراچ میں کھیلا گیا جس میں یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ہے۔

20 اوورز میں آٹھ وکٹ کے نقصان پر ملتان سلطانز نے 150 رنز بنائے جبکہ یہ ہدف اسلام آباد یونائیٹڈ نے سات وکٹ کے نقصان پر آخری اوور کے آغاز میں ہی حاصل کر لیا۔

محمد رضوان نے پی ایس ایل کے اس سیزن کی اپنی پہلی نصف سینچری بھی کی مگر ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار نہ کرا سکے۔ ملتان سطانز کے کپتان 71 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

اسلام آباد کے آؤٹ ہونے والے کھلاڑیوں میں فل سالٹ، کپتان شاداب خان، ایلکس ہیلز، آصف علی، طلعت حسین اور فہیم اشرف شامل ہیں۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیے سہیل تنویر کا 19 واں اوور جیت کی ضمانت بن گیا جس میں لوئس گریگوری نے مسلسل باؤنڈری سٹروک کھیل کر 150 کا حساب چکا دیا۔ گریگوری نے 49 رنز بنائے اور میچ کے کے بہترین کھلاڑی قرار دیے گئے۔

محمد رضوان کے خیال میں ان کی ٹیم ٹھیک انداز میں اپنی اننگز کا خاتمہ نہ کر سکی اور وہ تقریباً 15 رنز اور بنا سکتے تھے۔

آج کے میچ کی خاص بات شاہد آفریدی کا اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیے ایک مشکل باؤلر ثابت ہونا ہے۔ انھوں نے نہ صرف تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی بلکہ رنز کی رفتار کو بھی کم کر دیا تھا، جس سے اسلام آباد کی ٹیم پر ایک مرحلے پر شکست کے بادل منڈلانا شروع ہو گئے تھے۔

،تصویر کا ذریعہPCB

خیال رہے کہ اسلام آباد گذشتہ سال کی آخری نمبر کی ٹیم ہے جبکہ ملتان تیسرے نمبر پر رہی تھی۔ ابھی تک دونوں ٹیموں کے درمیان چھ میچز کھیلے گئے ہیں دونوں نے تین تین جیتے ہیں۔

اس میچ کی خاص بات یہ ہے کہ گذشتہ سال ملتان سلطانز کی قیادت کرنے والے شان مسعود آج بینچ پر بیٹھے ہیں۔ گذشتہ پی ایس ایل میں شان مسعود نے 283 رنز بنائے تھے۔ ان کا سب سے زیادہ اسکور 61 رنز تھا۔

،تصویر کا ذریعہPCB

،تصویر کا کیپشن

بریتھ ویٹ

پی ایس ایل کے دوسرے میچ میں لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو چار وکٹوں سے شکست دے دی

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے سیزن کا دوسرا میچ آج کراچی میں کھیلا گیا ہے، جس میں لاہور قلندرز کو پشاور زلمی کے خلاف جیت کے لیے 141 رنز کا ہدف ملا۔

لاہور قلندرز نے چھ وکٹوں کے نقصان پر 19 ویں اوورز میں 141 رنز کا ہدف حاصل کر لیا۔ لاہور قلندرز کے آؤٹ ہونے والے کھلاڑیوں میں کپتان سہیل اختر، فخر زمان، آغا سلمان، بین ڈنک، سمت پٹیل اور ڈیوڈ ویزے شامل ہیں۔

لاہور قلندرز کی جانب کی سے محمد حفیظ نے ذمہ دارانہ پرفارمنس کا مظاہرہ کیا۔ انھوں نے 26 گیندوں پر 33 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے جبکہ راشد خان نے 27 رنز بنائے۔

شاہین شاہ آفریدی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ہے۔

،تصویر کا ذریعہPCB

پشاور زلمی نے 20 اوور میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 140 رنز بنائے۔ ٹاپ آرڈر میں ابتدائی ناکامیوں کے بعد روی بوپارا اور شرفین ردرفورڈ کے درمیان 50 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ روی بوپارا اپنی نصف سنچری کی بدولت تمام بلے بازوں میں نمایاں رہے۔

شاہین آفریدی نے تین جبکہ ڈیبیو کرنے والے سلمان مرزا نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

،تصویر کا ذریعہPCB

،تصویر کا کیپشن

راشد خان

یہ بھی پڑھیے

،تصویر کا ذریعہPCB

،تصویر کا کیپشن

محمد حفیظ

پہلی وکٹ شاہین آفریدی نے حاصل کی۔

انھوں نے اوپنر امام الحق کو اپنی پہلی ہی گیند پر پویلین کی راہ دکھائی۔ اس کے بعد ڈیبیو کرنے والے سلمان مرزا نے اپنے دوسرے اوور میں پہلے کامران اکمل اور پھر حیدر علی کو کیچ آوٹ کیا۔ حیدر علی بغیر کوئی رن بنائے پہلی ہی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

شعیب ملک 26 رنز بنا کر ڈیوڈ ویسے کی گیند کا شکار بنے۔ ان کا کیچ وکٹ کیپر بین ڈنک نے پکڑا۔

روی بوپارا اور شرفین ردرفورڈ کے درمیان 50 رنز کی شراکت قائم ہوئی جس کے بعد شاہین نے ردرفورڈ کو کیچ آوٹ کر کے اپنی دوسری وکٹ حاصل کی۔

،تصویر کا ذریعہPSL

،تصویر کا کیپشن

شعیب ملک 26 رنز بنا کر ڈیوڈ ویسے کی گیند کا شکار بنے

روی بوپارا نے چھ چوکوں کی مدد سے نصف سنچری مکمل کی لیکن وہ شاہین کا تیسری شکار بنے۔ آخری اوور میں 15 رنز بنے جس سے پشاور نے لاہور کو جیت کے لیے 141 رنز کا ہدف دیا۔

لاہور کے کپتان سہیل اختر نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کی ٹیم میں بین ڈنک، سمت پٹیل، ڈیوڈ ویسے اور راشد خان جیسے غیر ملکی کھلاڑی شامل ہیں۔ جبکہ پشاور میں ثاقب محمود، مجیب الرحمان، روی بوپارا اور شرفین ردرفورڈ شامل ہیں۔

پشاور کی کپتانی اس بار وہاب ریاض کے پاس ہے۔ پاکستان سپر لیگ میں بائیو سکیور ببل کی خلاف ورزی کرنے والے پشاور زلمی کے کپتان ویاب ریاض اور کوچ ڈیرن سیمی کو کھیلنے کی اجازت مل گئی ہے۔ زلمی نے پی سی بی سے اپیل کی تھی جو منظور کرلی گئی۔

،تصویر کا ذریعہTWITTER

،تصویر کا کیپشن

لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں

پاکستان سپر لیگ میں پشاور زلمی اور لاہور قلندرز کے درمیان 11 میچ کھیلے جاچکے ہیں۔ پشاور نے آٹھ جیتے ہیں جبکہ تین میں لاہور نے کامیابی حاصل کی ہے۔

میچ سے قبل لاہور قلندرز نے اعلان کیا ہے کہ انجری کے باعث ان کے فاسٹ بولر دلبر حسین یہ میچ نہیں کھیل سکیں گے۔ ان کی جگہ فاسٹ بولر سلمان مرزا کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جو ماضی میں ٹیپ بال کے کھلاڑی اور پھر لاہور قلندرز ڈیویلپمنٹ پروگرام کا حصہ رہے۔

پی ایس ایل کے افتتاحی میچ میں کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف سات وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کراچی کنگز کو جیتنے کے لیے 122 رنز کا ہدف دیا تھا۔ جو کراچی نے محض تین وکٹوں کے نقصان پر پندرھویں اوور میں حاصل کر لیا۔ کراچی کنگز نے تین وکٹوں کے نقصان پر 13.5 اوورز میں 126 رنز بنائے۔

کراچی کی ٹیم نے مستحکم بیٹنگ کرتے ہوئے مطلوبہ ہدف جلد حاصل کر لیا۔

انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے جو کلارک مین آف دی میچ رہے، جنھوں نے پی ایس ایل ڈیبیو پر 46 رن بنائے اور چار کیچ بھی لیے۔