پاکستان سپر لیگ سکس: پشاور زلمی نے ملتان سطانز کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی

شاہنواز دھنی

،تصویر کا ذریعہPCB

،تصویر کا کیپشن

شاہنواز دھانی کا یہ پی ایس ایل کا پہلا میچ تھا

پاکستان سپر لیگ کے پہلے مرحلے کے پانچویں میچ میں پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔

پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر پہلے ملتان سلطانز کو کھیلنے کی دعوت دی تھی۔ ملتان سلطانز نے پہلے کھیلتے ہوئے 193 رنز بنائے جو کہ اس ٹورنامنٹ کا اب تک کا ایک بڑا ہدف ہے۔

پشاور زلمی نے اس ہدف کے تعاقب میں محتاط انداز میں اننگز کا آغاز کیا۔ پشاور زلمی نے 19 اوورز میں ہی چار وکٹ کے نقصان پر 194 رنز کا یہ ہدف حاصل کر لیا۔

حیدر علی نے آخری اوور میں جارہانہ انداز میں بیٹنگ کی اور صرف آٹھ گیندوں پر 24 رنز کی اننگز کھیل کر پشاور زلمی کی جیت یقینی بنائی۔

،تصویر کا ذریعہPCB

ملتان سلطانز کی طرف سے اپنا پہلا میچ کھیلنے والے شاہنواز دھانی اگرچہ دو وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے مگر وہ بھی رنز کا طوفان روکنے میں کامیاب نہ ہو سکے۔ انھوں نے اپنے 4 اوورز میں 44 رنز دیے اور دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ان کے آخری اور چوتھے اوور میں حیدر علی نے جارہانہ انداز میں کھیلتے ہوئے 24 رنز بنائے اور میچ جیت لیا۔

پشاور زلمی کی فتح پر سوشل میڈیا پر ردعمل

پشاور زلمی کی جیت کے بعد پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی بھی ٹرینڈ کرنے لگے۔

ادھر اداکارہ ماہرہ خان نے اس فتح پر ٹیم پشاور زلمی کو مبارکباد دینے میں بالکل دیر نہیں کی۔

پاکستان کی خواتین کی ٹیم کی سابق کپتان ثنا میر نے تو میچ کے بعد ہی اپنے تبصرے میں اس میچ کو اب تک کا ٹورنامنٹ کا ایک بہترین میچ قرار دیا اور اس کی وجہ انھوں نے یہ بتائی کہ ہر کوئی اس میچ میں اپنا حصہ ڈالتے ہوئے نظر بھی آیا ہے۔

صارف جہانزیب علی نے ملتان سلطانز کے شاہنواز دھانی کی تصاویر شیئر کر کے انھیں ان الفاظ میں تسلی دی کہ ’ہم لڑیں گے اور آئندہ میچوں میں فتح کو یقینی بنائیں گے‘۔

کچھ صارفین کے خیال میں نوجوان بولر شاہنواز دھانی دباؤ والے مرحلے میں دباؤ میں آ گئے تھے اور ان کے مطابق ’وہ اتنے اچھے بولر ہیں کہ انھیں قومی کرکٹ ٹیم میں کھیلنے کا موقع ملنا چاہیے‘۔

پاکستان سپر لیگ کا ٹوئٹر اکاؤنٹ بھی شاہنواز دھانی کے ایک وکٹ لینے کے بعد جشن کو نہیں بھول سکا اور ان کی مسکراہٹ کی جیسے دل کھول کر تعریف کی۔

خیام نامی صارف نے حیدر علی کی تصویر کے ساتھ یہ تبصرہ کیا کہ ’آخر میں جیت اس کی ہی ہوتی ہے جو دباؤ کے باوجود پرفارم کرتا ہے۔‘

حیدر علی نے آٹھ گیندوں پر 24 رنز بنائے اور دلکش چھکوں کے ساتھ انھوں نے شائقین کو بھی محظوظ کیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے شائقین کو دعوت دی کہ وہ حیدر علی کی چند گیندوں پر جارہانہ کارکردگی پر ایموجی کی مدد اپنے خیالات کا اظہار کریں۔ پی سی بی نے حیدر علی کے سٹائل کے تعریف بھی کی۔

اس میچ کے بعد پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی ٹرینڈ کرنے لگے اور ان پر دلچسپ میمز بھی بن رہی ہیں۔

ایک صارف نے اپنی بات ’مرزا پور‘ کے ایک سین کی مدد سے سمجھائی اور جاوید آفریدی کی میم شیئر کی۔

ایک صارف نے تو یہ رائے بھی دی کہ ’کرکٹ عارضی ہے مگر زلمی کی خوبصورتی سدا رہنے والی ہے‘۔

میچ میں کیا ہوا

ملتان سلطانز نے اننگز کا آغاز کیا تو ٹیم کے کپتان محمد رضوان 42 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔ ملتان سلطانز کے جیمز وینس نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں آج 41 ویں نصف سنچری بنائی۔

پہلی اننگز میں 20 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر ملتان سلطانز نے 193 رنز بنائے۔ سلطانز کے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین کرس لین، محمد رضوان، صہیب مقصود اور جیمز وینس تھے۔

،تصویر کا ذریعہPCB

اس میچ سے قبل پی ایس ایل کے چھٹے سیزن میں پوائنٹس ٹیبل پر ملتان سلطانز چوتھے نمبر پر جبکہ پشاور زلمی پانچویں نمبر پر تھی۔ آج کی جیت نے پشاور کی رینکنگ بہتر کر دی ہے۔

اس ٹورنامنٹ میں یہ ملتان سلطانز کی دوسری شکست جبکہ پشاور زلمی کی پہلی فتح ہے۔

آج کے میچ سے قبل یہ دونوں ٹیمیں اس ٹورنامنٹ میں ایک ایک میچ کھیل چکی تھیں اور دونوں ہی اپنے اپنے میچز ہار چکی تھیں۔

پشاور زلمی کو ان کے میچ میں لاہور قلندرز نے جبکہ ملتان سلطانز کو اسلام آباد یونائیٹڈ نے ہرایا تھا۔

،تصویر کا ذریعہPCB

،تصویر کا کیپشن

شاہنواز دھانی نے دو وکٹیں حاصل کیں

محمد رضوان اس وقت اپنی فارم میں ہیں اور اُنھوں نے گذشتہ کئی میچز کی طرح اپنے پی ایس ایل کے پہلے میچ میں بھی نصف سنچری سکور کی تھی۔

پشاور زلمی نے اپنے پلیئنگ الیون میں کامران اکمل، امام الحق، حیدر علی، شعیب ملک، ٹام کولر کیڈمور، ایس ردرفورڈ، وہاب ریاض، مجیب الرحمان، ثاقب محمود، محمد عمران جونیئر، محمد عرفان شامل کیے ہیں۔

ملتان سلطانز نے زلمی کے خلاف محمد رضوان، کرس لِن، جیمز وینس، رائلی روسو، صہیب مقصود، خوشدل شاہ، شاہد آفریدی، کارلوس بریتھویٹ، سہیل تنویر، عثمان قادر اور شاہنواز دھانی کو کھلانے کا انتخاب کیا ہے۔