پی ایس ایل 6، پشاور زلمی بمقابلہ اسلام آباد یونائیٹڈ: وہاب ریاض کی چار وکٹیں، پشاور نے اسلام آباد کو سات وکٹوں سے شکست دے دی

پشاور

،تصویر کا ذریعہPCB

پاکستان سپر لیگ 6 کے دسویں میچ میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو باآسانی سات وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔ اس طرح پشاور زلمی پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے جبکہ اسلام آباد اس وقت چوتھی پوزیشن پر موجود ہے۔

119 رنز کے معمولی ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی نے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو اس نے پہلے دو اوورز میں ہی اپنے دونوں اوپنرز گنوا دیے۔ یہاں ٹام کوہلر اور شعیب ملک نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بیٹنگ کو سنبھالا اور 63 رنز کی شراکت بنائی۔

ٹام کوہلر فواد احمد کی گیند پر آؤٹ تو ہو گئے لیکن اس وقت تک اسلام آباد کی میچ میں واپسی ناممکن ہو چکی تھی۔ اس کے بعد نوجوان بلے باز حیدر علی نے آ کر جارحانہ انداز اپنایا اور زلمی کی فتح یقینی بنائی۔

یہ بھی پڑھیے

اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم کو زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے چار وکٹیں لے کر ایک اچھا ہدف بنانے سے روک دیا تھا۔

اسلام آباد کی جانب سے ایلیکس ہیلز اور پال سٹرلنگ نے اننگز کا آغاز کیا تاہم پہلے اوور میں ہی اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلا نقصان آئرش بلے باز پال سٹرلنگ کا ہوا، جو وہاب ریاض کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔

ان کے جانے کے بعد فل سالٹ اور ایلیکس ہیلز نے باور پلے کا فائدہ اٹھانا شروع کیا لیکن پانچویں اوور میں ساجد محمود نے فل سالٹ کو بولڈ کر دیا۔ اگلے ہی اوور میں عمید آصف نے فہیم اشرف کو آؤٹ اور پھر کپتان شاداب خان بھی امام الحق کی گیند پر رن آؤٹ ہو گئے۔

حسین طلعت کی جانب سے 22 رنز کی مزاحمت سامنے آئی لیکن وہ آف سپنر مجیب الرحمان کا نشانہ بنے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے افتخار احمد بھی ناکام رہے اور وہ سات رنز بنا کر وہاب ریاض کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ ان کے جاتے ہی آصف علی بھی ان ہی کے پیچھے ہو لیے، انھیں بھی وہاب ریاض نے آؤٹ کیا۔

،تصویر کا ذریعہPCB

پی ایس ایل 6 میں اب تک کھیلے گئے نو میچوں میں ہر بار دوسری بیٹنگ کرنے والی ٹیم نے کامیابی حاصل کی ہے۔

اس میچ سے پہلے اسلام آباد یونائیٹڈ نے اپنے دونوں میچ جیت رکھے ہیں جبکہ پشاور زلمی نے تین میں سے دو میچوں میں کامیابی حاصل کی اور ایک میچ ہارا تھا۔

اسلام آباد کی ٹیم میں آج کے میچ کے لیے دو تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ ظفر گوہر اور لوئس گریگری کی جگہ فواد احمد اور پال سٹرلنگ کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ ادھر پشاور زلمی نے عمید آصف کی جگہ محمد عرفان کو جگہ دی ہے۔