فواد عالم کی ویب سیریز: ’امید ہے آپ مجھے اداکاری کے میدان میں بھی اسی طرح پسند کریں گے جیسے کرکٹ میں کیا‘

  • عبدالرشید شکور
  • بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
ویب سیریز کا پوسٹر

،تصویر کا ذریعہURDUFLIX

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے بیٹسمین فواد عالم کرکٹ کے میدان کے بعد اب اداکاری میں بھی اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کے لیے سنجیدہ دکھائی دے رہے ہیں۔

فواد عالم کی ویب سیریز ʹخودکش محبتʹ کا ٹریلر جمعرات کے روز جاری کیا گیا ہے۔

فواد عالم نے جمعرات کو اپنے ٹوئٹر پر اس کا ٹریلر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ انھیں یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ وہ بطور اداکار اس ویب سیریز میں ڈیبیو کر رہے ہیں۔

انھوں نے کہا ’مجھے امید ہے کہ آپ مجھے اداکاری کے میدان میں بھی اسی طرح پسند کریں گے جیسے کرکٹ کے میدان میں کیا۔ آپ کی دعائیں، محبت اور سپورٹ سب سے زیادہ اہم ہیں۔ ‘

یہ سیریز پہلے سیزن میں پانچ قسطوں پر مشتمل ہوگی اور اس کے ٹریلر کے مطابق اسے رمضان میں اردو فلِکس پر دیکھا جاسکے گا۔

،تصویر کا ذریعہTWITTER@/IAMFAWADALAM25

مذہبی گھرانے کے لڑکے کا عشق

’خودکش محبتʹ ایک لو سٹوری ہے جو فواد عالم کے کردار کے گرد گھومتی ہے۔ اس فلم میں فواد عالم کو ایک مذہبی گھرانے کا فرد دکھایا گیا ہے جس کے والد ایک گھر میں کام کرتے ہیں۔ ایک دن وہ کام پر نہیں جا سکتے اور ان کی جگہ فواد عالم وہاں جاتے ہیں اور وہاں ایک لڑکی کی محبت میں گرفتار ہوجاتے ہیں۔

اس فلم میں فواد عالم کے ساتھ مرکزی کردار فاریہ حسن نے ادا کیا ہے۔

دوست کا مشورہ

مواد پر جائیں
پوڈکاسٹ
ڈرامہ کوئین

’ڈرامہ کوئین‘ پوڈکاسٹ میں سنیے وہ باتیں جنہیں کسی کے ساتھ بانٹنے نہیں دیا جاتا

قسطیں

مواد پر جائیں

فواد عالم نے کچھ عرصہ قبل ایک مزاحیہ ڈرامے ’گھر داماد‘ میں بھی کام کیا تھا لیکن ان کے ایک قریبی دوست نے وہ ڈرامہ دیکھنے کے بعد فواد سے کہا تھا کہ ’تمہارا جو شوق ہے وہ چند منٹوں کی اداکاری سے پورا نہیں ہوسکتا اور اس کا اثر دیکھنے والوں پر بھی نہیں ہوسکتا، لہذا کوئی ایسا کام کرو جس میں تمہاری صلاحیتوں کی بھرپور جھلک نظر آئے۔‘

یہ بھی پڑھیے

خود کش محبت کی منصوبہ بندی دراصل تین سال پہلے کی گئی تھی جب ایک ڈنر پر فواد کی ملاقات اس فلم کے پروڈیوسر فرحان گوہر اور ڈائریکٹر راؤ ایاز شہزاد سے ہوئی تھی۔ لیکن مختلف وجوہات کے سبب یہ پراجیکٹ التوا کا شکار ہوگیا تاہم جب فواد عالم نیوزی لینڈ کے دورے سے واپس آئے تو پھر اس پراجیکٹ کو مکمل کیا گیا۔

فواد عالم کے ساتھ اس فلم میں کام کرنے والوں کا یہ کہنا ہے کہ ان میں ’اداکاری کا نیچرل ٹیلنٹ موجود ہے‘ اور انہیں اپنا یہ شوق جاری رکھنا چاہیے۔

رنویر سنگھ کا گیٹ اپ

،تصویر کا ذریعہTWITTER@/IAMFAWADALAM25

فواد عالم کیسے اداکار ثابت ہوں گے اس کا اندازہ تو ’خود کش محبت‘ دیکھنے کے بعد ہی ہوسکے گا لیکن وہ ایک ایسے کرکٹر ہیں جو اپنے پرستاروں میں بہت مقبول ہیں۔ ان کو پسند کیے جانے کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ وہ ایک طویل عرصہ پاکستانی ٹیم سے باہر رہے لیکن انہوں نے کبھی اس کا گلہ میڈیا میں آکر نہیں کیا اور ڈومیسٹک کرکٹ میں غیرمعمولی کارکردگی کے ذریعے اپنی واپسی کو یقینی بنایا۔

دوسری وجہ یہ ہے کہ فواد عالم کچھ نہ کچھ مختلف انداز اختیار کرتے ہوئے نظر آتے رہے ہیں۔ بیٹنگ کے دوران ان کا کھڑے رہنے کا انداز دیگر بیٹسمینوں سے بالکل مختلف ہے۔ اسی طرح کچھ عرصہ قبل انہیں بھارتی اداکار رنویر سنگھ کا گیٹ اپ اچھا لگا تو انہی کا روپ اختیار کرلیا اور اپنی گھنی مونچھوں کو تاؤ دیتے نظر آئے۔

فواد عالم اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر باقاعدگی سے اپنی تصاویر پوسٹ کرتے رہتے ہیں جن میں وہ مختلف لباس اور انداز میں نظر آتے ہیں۔