ویسٹ انڈیز کا دورہ پاکستان: 'ٹیم کی تیاری متاثر ہو گی لیکن دورہ جاری رہے گا'
'ٹیم کی کارکردگی اور تیاری تو یقینا متاثر ہو گی لیکن دورہ جاری رہے گا۔'
پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی اور ایک روزہ میچز کی سیریز کھینے کے لیے تین دن قبل کراچی پہنچنے والی ٹیم کے تین کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد مہمان ٹیم کو پہلا دھچکہ پہنچا ہے۔ لیکن جہاں اس خبر سے مہمان ٹیم کی کارکردگی متاثر ہونے کا خدشہ ہے وہیں شائقین کے لیے مثبت خبر یہ ہے کہ یہ دورہ جاری رہے گا۔
ویسٹ انڈیز کرکٹ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر جونی گریو کے مطابق سکواڈ سے تین کھلاڑیوں کا اچانک باہر ہونا ایک غیر معمولی نقصان ہے جس سے ٹیم کی کارکردگی اور تیاری تو یقینا متاثر ہو گی لیکن دورہ جاری رہے گا۔
واضح رہے کہ مہمان ٹیم کو پہلے ہی مشکلات کا سامنا تھا کیوں کہ کپتان کیون پولارڈ انجری کی وجہ سے اور آل راؤنڈر آندرے رسل آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ میں شمولیت کے باعث پاکستان کے دورے میں شریک نہیں ہوئے۔
ویسٹ کرکٹ انڈیز کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا کہ پاکستان پہنچ کر تمام کھلاڑیوں اور دیگر اراکین کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے جن کے نتائج آنے پر معلوم ہوا کہ تین کھلاڑیوں اور سٹاف کے ایک اور رکن کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
ان کھلاڑیوں میں فاسٹ باؤلر شیلڈن کوٹریل، آل راؤنڈرز روسٹن چیز اور کائل مائیرز شامل ہیں جنھیں کورونا کی کوئی علامات تو نہیں لیکن احتیاط کے طور پر انھیں قرنطینہ میں رہنے کی تاکید کی گئی ہے اور وہ ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے پریکٹس سیشنز کا حصہ نہیں ہوں گے۔
ان کھلاڑیوں کی دیکھ بھال ویسٹ انڈیز کی ٹیم کے ڈاکٹر اکشے مان سنگھ کر رہے ہیں اور یہ 10 دن تک قرنطینہ میں رہیں گے جس کے بعد ایک بار پھر ان کا ٹیسٹ کیا جائے گا۔
ویسٹ انڈیز کرکٹ کے مطابق ان کے علاوہ سب کھلاڑیوں کے ٹیسٹ منفی تھے اور تمام کھلاڑی اور سٹاف ویکسین شدہ ہیں۔
جونی گریو نے اپنے بیان میں بتایا کہ ٹیسٹ اور نتائج آنے تک پوری ٹیم ہی اپنے اپنے کمروں میں قرنطینہ میں تھی اس لیے اس دھچکے کے باوجود انہیں یقین ہے کہ دورہ جاری رہے گا۔
انھوں نے بتایا کہ کسی بھی کرکٹ ٹیم کے غیر ملکی دورے کے دوران کورونا کا خطرہ موجود رہتا ہے جسے مکمل طور پر ختم کرنا نا ممکن ہے۔
واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم اس دورے کے دوران پاکستان کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی اور تین ایک روزہ میچز کھیلے گی۔ تمام میچ کراچی میں ہی کھیلے جائیں گے اور پہلا ٹی ٹوئنٹی 13 دسمبر کو ہو گا جس کے لیے پریکٹس جاری ہے۔
اکتوبر اور نومبر میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی کے ورلڈ کپ میں دفاعی چیمپئین ویسٹ انڈیز کی کارکردگی کافی ناقص رہی اور وہ اپنے گروپ سے صرف بنگلہ دیش کو ہرانے میں کامیاب ہوئے تھے۔
ویسٹ انڈیز کا دورہ پاکستان شیڈول
پہلا ٹی ٹونٹی: 13 دسمبر
دوسرا ٹی ٹونٹی: 14 دسمبر
تیسرا ٹی ٹونٹی: 16 دسمبر
پہلا ون ڈے: 18 دسمبر
دوسرا ون ڈے: 20 دسمبر
تیسرا ون ڈے: 22 دسمبر