نسیم اور سارہ کھیلوں کی سفیر مقرر

نسیم حمید
Image caption نسیم حمید نے سیف گیمز میں سو میٹر ریس جیتی تھی

پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے ساؤتھ ایشین گیمز میں طلائی تمغہ جیتنے والی خواتین کھلاڑیوں نسیم حمید اور سارہ ناصر کو کھیلوں کی سفیر کا درجہ دے دیا ہے۔

اس کے علاوہ صدر نے ان دونوں کے لیے دس دس لاکھ روپے انعام کا اعلان بھی کیا ہے۔

ایوان صدر میں جمعہ کو ایک خصوصی تقریب میں صدر آصف علی زرداری نے دونوں نوجوان کھلاڑیوں کی کاکردگی کو سراہا اور انہیں زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی اس شاندار کارکردگی سے ملک کا وقار بلند ہوا ہے۔

اس موقع پر صدر زرداری نے نسیم حمید اور سارہ ناصر کو پاکستان کی کھیلوں کی سفیر مقرر کرنے کا اعلان بھی کیا۔

یاد رہے کہ نسیم حمید نے ڈھاکہ میں منعقدہ ساؤتھ ایشین گیمز میں سو میٹرز دوڑ جیتی ہے جبکہ سارہ ناصر نے کراٹے میں طلائی تمغہ جیتا ہے۔

نسیم حمید پہلی پاکستانی خاتون اسپرنٹر ہیں جنہیں کسی بین الاقوامی ایونٹ میں سو میٹرز دوڑ جیتنے کا منفرد اعزاز حاصل ہوا ہے۔ وہ جب جمعرات کو وطن واپس پہنچی تھیں تو ان کا شاندار استقبال کیا گیا تھا ۔

گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے نسیم حمید کے لیے پانچ لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ ان کا نام صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی کے لیے بھیجا جائے گا۔

نسیم حمید کراچی کے علاقے کورنگی میں ایک کمرے کے مکان میں رہتی ہیں اور ان کے والد محنت مزدوری کرتے ہیں۔ نسیم حمید قومی مقابلوں میں پاکستان آرمی کی نمائندگی کرتی ہیں۔

اسی بارے میں