ڈیوس کپ:پاکستان کا میچ اب نیوزی لینڈ میں

انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن نے پاکستان میں کھیلے جانے والے ڈیوس کپ کے سیمی فائنل میچوں کو سکیورٹی خدشات کے باعث نیوزی لینڈ میں منعقد کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

آئی ٹی ایف کی ڈیوس کپ کمیٹی نے دونوں ممالک کو اپنے فیصلے سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ایشیا اوشینیا گروپ ٹو کے سیمی فائنل اب نو سے گیارہ جولائی کو پاکستان کی بجائے نیوزی لینڈ میں منعقد ہوں گے۔

اب یہ فیصلہ باقی ہے کہ نیوزی لینڈ کے کِس شہر میں یہ میچ ہوں گے۔ کمیٹی کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ اس نے پاکستان میں سکیورٹی خدشات کے حوالے سے گذشتہ ہفتے ایک اجلاس کے دوران کیا ہے۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم پہلے ہی پاکستان میں میچ کھیلنے پر خدشات ظاہر کر چکی تھی اور اس نے بین الاقوامی ٹینس فیڈریشن سے مقابلوں کو کہیں اور منتقل کرنے کو کہا تھا لیکن پاکستان نے ان خدشات پر سوال اٹھایا تھا۔

تاہم جمعہ کو لاہور میں ہونے والے خودکش حملوں کے بعد پاکستانی ٹینس فیڈریشن کے صدر دلاور عباس کا کہنا تھا کہ’ اب حالات بدل چکے ہیں‘۔

پاکستان نے اومان، ہانگ کانگ اور فلپائن کے خلاف اپنے آخری تین ڈیوس کپ ٹائی میچ اپنی سرزمین پر نہیں کھیلے ہیں کیونکہ ان ممالک کی ٹیموں نے بھی سکیورٹی خدشات کی بناء پر پاکستان آنے سے انکار کر دیا تھا۔

پاکستان میں دہشت گردی نے کھیلوں کی بین الاقوامی سرگرمیوں کو بری طرح متاثر کیا ہے اور گزشتہ برس مارچ میں سری لنکن ٹیم پر قاتلانہ حملے کے بعد سے پاکستان کو کئی بین الاقوامی مقابلوں کی میزبانی سے ہاتھ دھونا پڑے ہیں جن میں سنہ 2011 کا کرکٹ ورلڈ کپ بھی شامل ہے۔

اسی بارے میں