ایشیائی ملکوں کا ٹورنامنٹ ملتوی

ایشین ہاکی فیڈریشن نے آئندہ ماہ ملائیشیا میں ہونے والا ایشیائی ٹیموں کا چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ ملتوی کر دیا ہے۔

منتطمین کے مطابق اس ٹورنامنٹ کے التواء کی وجہ جنوبی کوریا کی مقابلے میں شرکت سے معذرت اور پاکستانی ٹیم کی ریٹائرمنٹ کی وجہ سے عدم شرکت ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان کی پوری ہاکی ٹیم نے عالمی کپ میں آخری پوزیشن پر آنے کے بعد ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری آصف باجوہ نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایشین ہاکی فیڈریشن نے ایک فیکس کے ذریعے ہمیں اپنے فیصلے سے آگاہ کیا ہے جبکہ ہم نے انہیں نہیں کہا تھا کہ ہماری ٹیم اس ٹورنامنٹ میں حصہ نہیں لے گی۔

آصف باجوہ کے بقول جہاں تک پاکستان کی ٹیم کے کھلاڑیوں کی ریٹائرمنٹ کا تعلق ہے ہم پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ یہ ایک جذباتی فیصلہ تھا اسے نہیں مانا جائے گا۔

آصف باجوہ نے کہا کہ ’ایک طرح سے ایشین چیمپئنز ٹرافی کا ملتوی کرنا ہمارے لیے بہتر ہے کیونکہ ہمیں وقت مل گیا ہے کہ ہم اپنے معاملات کو ترتیب دے دیں کیونکہ ہمیں نئی سلیکشن کمیٹی اور نئی مینجمنٹ بنانی ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ ٹیم کو اس ٹورنامنٹ کی تیاری کے لیے بھی وقت کی ضرورت تھی۔

اسی بارے میں