ٹائیگر وڈز کی واپسی ماسٹرز میں ہو گی

گولف کے مایہ ناز کھلاڑی ٹائیگر وڈز اپریل میں ہونے والے ماسٹرز کپ میں دوبارہ کھیل میں واپس آئیں گے۔

ٹائیگر وڈز
Image caption ٹائیگر وڈز گزشتہ سال نومبر سے گولف کا کوئی ٹورنامنٹ نہیں کھیلے ہیں

عالمی نمبر ون چیمپیئن نے اپنا آخری ٹورنامنٹ پندرہ نومبر کو کھیلا تھا جب انہوں نے آسٹریلین اوپن جیتا تھا۔

اس کے کچھ روز بعد فلوریڈا میں ان کے گھر کے قریب ان کی کار ایک حادثے کا شکار ہوئی جس کے بعد ان کی نجی زندگی کی خبریں منظرِ عام پر آنا شروع ہو گئیں اور انہوں نے گولف سے غیر معینہ مدت کے لیے علیحدگی اختیار کر لی۔

انہوں نے کہا کہ ’ایک پروفیشنل کی حیثیت سے میرے خیال میں مجھے آگسٹا میں ہونا چاہیئے، اگرچہ میں کچھ عرصے سے کھیلا نہیں ہوں۔‘

گزشتہ سال کے آخر میں ان کی نجی زندگی کے متعلق میڈیا میں آنے والے طوفان کے بعد وہ اس سال فروری میں عوام کے سامنے پہلی مرتبہ آئے تھے اور اپنے کیے پر معافی مانگی تھی۔

چونتیس سال ٹائیگر وڈز نے انکشاف کیا تھا کہ وہ غیر زوجی جنسی تعلقات کے حوالے سے تھراپی کروا رہے ہیں لیکن ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ انہیں یہ معلوم نہیں کہ وہ کب پروفیشنل گولف میں واپس آئیں گے۔

وڈز چار مرتبہ آگسٹا نیشنل جیت چکے ہیں۔

اسی بارے میں