فیفانے ایئرلائن اشتہار ہٹانے کا حکم دیا

کلولا ایئر لائن
Image caption جنوبی افریقہ کی بجٹ ایئرلائن نے یہ اشہتار استعمال کیا ہے

فیفا یعنی فیڈریشن انٹرنیشنل فٹبال ایسو سی ایشن کی شکایت کے بعد جنوبی افریقہ کی ایک بجٹ ایئر لائن نے اپنا نیا اشتہار واپس لے لیا ہے۔

فیفا نے کہا تھا کہ ایئر لائن نے اپنے اشتہار میں اس کے ٹریڈ مارک کو غلط طریقہ سے استعمال کیا ہے۔

کلولا ڈاٹ کام پر شائع ہونے والے ایک اشتہار میں ایئر لائن کو '' غیر سرکاری طور پر ان کو لانے لے جانے والی ہے جنہیں آپ جانتے ہیں کپمنی بتایا گیا ہے۔'' اشتہار میں ایک مشہور فٹبال سٹیڈیم کی تصویر اور قومی پرجم بھی شامل ہے۔

فٹبال کے عالمی ادارہ فیفا کی طرف جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ '' فیفا نے کلولا سے سوکر بال کے استعال کرنے، یا لفظ جنوبی افریقہ، یا پھر کیپ ٹاؤن کے مشہور سٹیڈیم، قومی پرچم یا پھر مداحوں کے خصوصی بگل کو استعمال کرنے سے منع نہیں کیا ہے۔''

اس بیان کے مطابق اشتہار میں ان سب چیزوں کا مشترکہ استعمال ہوا ہے اس لیے اسے ہٹانے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

فیفا کا کہنا ہے کہ اشتہار میں جنوبی افریقہ کے قانون کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔اس کے مطابق '' کلولا برانڈ کی ترقی کے لیے یا پھر زیادہ منافع کی غرض سے دوہزار دس کے فٹبال ورلڈ کپ کے ساتھ غیر قانونی اشتراک کو دکھا یا گیا ہے۔''

کلولا ڈاٹ کام کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ فیفا نے تو اشتہار میں '' جنوبی افریقہ '' کا لفظ استعمال کرنے سے بھی منع کیا ہے۔

اس اشتہار کو بنانے والی جنوبی افریقہ کی ایک کپمنی جو کلولا کے لیے کام کرتی ہے اس کی مارکیٹنگ مینجر ہیڈی بروئیر کا کہنا ہے کہ وہ فیفا کے اس فیصلے سے حیرت میں ہیں۔

'' ہمیں فیفا کی اس شکایت سے بڑی حیرت ہوئی ہے لیکن ہمیں اس کا خیال بھی رکھنا ہے کیونکہ فیفا کے اپنے بڑے سخت اصول ہیں۔''

ان کا کہنا تھا کہ ملک کے بہت سے لوگ فیفا کے فیصلے سے خوش نہیں ہیں اور انہوں نے اس پر نکتہ چینی کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ فیفا جنوبی افریقہ کے سٹیڈیم، ساکر بال یا پھر فٹبال کے مداج جو پلاسٹک کا خاص بگل استعمال کرتے ہیں اس کی مالک تو ہے نہیں۔

فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا ورلڈ کپ کے وقت اپنے برانڈ اور شبیہ کے تحفظ کے لیے بہت سخت ہے۔ فٹبال ورلڈ کا جون میں جنوبی افریقہ میں آغاز ہورہا ہے۔

اسی بارے میں