آفریدی ٹی ٹوئنٹی کے کپتان ہوں گے

Image caption شاہد آفریدی جنوبی افریقہ میں منعقدہ پہلے ورلڈ ٹوئنٹی ٹوئنٹی میں مین آف دی ٹورنامنٹ رہے تھے

پاکستان کرکٹ بورڈ نے شاہد آفریدی کو ویسٹ انڈیز میں ہونے والے تیسرے ٹوئنٹی ٹوئنٹی عالمی کپ کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کا کپتان مقرر کیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے منگل کے روز انہیں قیادت سونپنے کا اعلان کرکے اس بے یقینی کو ختم کردیا ہے جو گزشتہ ہفتے کپتان کے بغیر ٹیم کا اعلان کرنے کے نتیجے میں پیدا ہوئی تھیں۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اعجاز بٹ نے شاہد آفریدی کو ٹوئنٹی ٹوئنٹی کے لیے پاکستانی ٹیم کا کپتان بناتے وقت یہ کہا تھا کہ وہ ورلڈ ٹوئنٹی ٹوئنٹی میں بھی قیادت کریں گے۔پتہ چلا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ شاہد آفریدی کو تینوں طرز کی کرکٹ میں قیادت کی ذمہ داری سونپنے کے بارے میں بھی سوچ رہا تھا لیکن آسٹریلیا کے دورے میں گیند چبانے کے واقعے نے حالات ہی بدل ڈالے۔

بال ٹمپرنگ کے نتیجے میں شاہد آفریدی کو پہلے تو آئی سی سی نے دو ٹوئنٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی پابندی کی سزا دی جس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی ان پر تیس لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا جواعجاز بٹ کے سینٹ کی سپورٹس سے متعلق سٹینڈنگ کمیٹی کے سامنے کئے گئے اس دعوے کی نفی کرتا ہے کہ کسی بھی کرکٹر کو ایک جرم میں دو سزائیں نہیں دی جاسکتیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اعجاز بٹ نے گزشتہ دنوں بغیر کپتان کے ٹیم کے اعلان کیے جانے کے بعد شاہد آفریدی سے ملاقات بھی کی تھی۔

تیس سالہ شاہد آفریدی26 ٹیسٹ اور293 ون ڈے میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کے علاوہ27 ٹوئنٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل بھی کھیل چکے ہیں جن میں انہوں نے تین نصف سنچریوں کی مدد سے475 رنز بنانے کے علاوہ37 وکٹیں بھی حاصل کی ہیں جو ٹوئنٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں عمرگل کی43 وکٹوں کے بعد کسی بھی بولر کی سب سے زیادہ وکٹیں ہیں۔

شاہد آفریدی جنوبی افریقہ میں منعقدہ پہلے ورلڈ ٹوئنٹی ٹوئنٹی میں مین آف دی ٹورنامنٹ رہے تھے جبکہ گزشتہ سال انگلینڈ میں انہوں نے پاکستان کو ٹوئنٹی ٹوئنٹی کا عالمی چیمپئن بنوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا جب انہوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف سیمی فائنل میں اور پھر سری لنکا کے خلاف فائنل میں میچ وننگ نصف سنچریاں سکور کی تھیں۔

تیسرے ورلڈ ٹوئنٹی ٹوئنٹی میں پاکستانی ٹیم آسٹریلیا اور بنگلہ دیش کے ساتھ گروپ اے میں ہے ۔ وہ یکم مئی کو پہلا میچ بنگلہ دیش سے اور دومئی کو دوسرا میچ آسٹریلیا سے کھیلے گی۔

اسی بارے میں