اولمپیئن حنیف خان نئے چیف سلیکٹر

سابق اولمپیئن حنیف خان کو پاکستان ہاکی فیڈریشن نے نئی سلیکشن کمیٹی کا سربراہ مقرر کردیا ہے۔

کمیٹی کے دیگر ارکان میں ارشد چوہدری، مصدق حسین اور محمد عثمان شامل ہیں۔

دوسری جانب پاکستان ہاکی فیڈریشن جلد ہی نئے غیرملکی کوچ کی تقرری کرنے والی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر قاسم ضیاء نے ورلڈ کپ میں ٹیم کے آخری نمبر پر آنے کے بعد ٹیم منیجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی کو برطرف کردیا تھا۔

سابقہ سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین حسن سردار تھے جبکہ ٹیم منیجمنٹ آصف باجوہ اور شاہد علی خان کے ہاتھوں میں تھی۔

حنیف خان اس سے قبل بھی پاکستانی ہاکی ٹیم کے کوچ اور سلیکٹر رہ چکے ہیں۔

وہ 1984اولمپکس، 1978 اور 1982 ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیموں میں بھی شامل تھے۔

حنیف خان ہر دور میں پاکستانی ہاکی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کی صورت میں فیڈریشن پر بڑھ چڑھ کر تنقید کے لیے مشہور رہے ہیں۔ تاہم حیرت انگیز طور پر اس مرتبہ انہوں نے خود کو پاکستان ہاکی فیڈریشن کے خلاف جاری سابق اولمپیئنز کی مہم سے دور رکھا بلکہ اس مہم پر تنقید کی۔

اسی بارے میں