آصف میرے پیسے واپس کرے: وینا ملک

پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی محمد آصف کے خلاف اداکارہ وینا ملک نے فوجداری کے مقدمے کے اندراج کے لیے ایک درخواست دائر کردی ہے۔

وینا ملک
Image caption انہوں نے محمد آصف کو ایک کروڑ سے زیادہ روپے دیے تھے: وینا ملک

کرکٹر محمد آصف پر الزام ہے کہ انہوں نے وینا ملک سے ادھار لی گئی رقم لوٹانے کےبجائے انہیں ایک ایسا چیک دے دیا جو بینک سے کیش نہیں ہوسکا۔

ویناملک نے اس مقدمے کے اندراج کے لیے مقامی سیشن عدالت سے پولیس کے لیے حکم نامہ حاصل کیا تھا اور عدالتی فیصلہ لیکر وہ ماڈل ٹاؤن میں سپرنٹنڈنٹ پولیس کے دفتر پہنچیں لیکن کرکٹر محمد آصف وہاں پہلے سے موجود تھے۔

لاہور سے نامہ نگار علی سلمان کا کہنا ہے کہ وینا ملک نے عدالتی حکم نامہ سپرنٹنڈنٹ پولیس کے حوالے کیا جس کے بعد انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے محمد آصف کے برے وقت میں انہیں ایک کروڑ تیرہ لاکھ روپے ادھار دیے تھے جو انہوں نے لوٹانے کی بجائے انہیں ایک ایسا چیک دے دیا جو کیش نہیں ہوسکا۔

پاکستان میں چند برس قبل نافذ کیےگئے قانون کے مطابق بنک کا چیک ڈس آنر ہونا قانوناً جرم ہے۔

وینا ملک نے کہا ’میں صرف یہ کہتی ہوں کہ آصف میرے پیسے واپس کردیں وہ چاہے عدالت میں واپس کریں ،تھانے میں جا کردیں یا جیل میں دیں مجھے رقم واپس چاہیے۔

کرکٹر محمد آصف کے وکیل رانا علی اکبر نے میڈیا کو بتایا کہ محمد آصف پولیس کو یہ کہنے آئے ہیں کہ ان کے خلاف مقدمہ درج نہ کیا جائے کیونکہ انہوں نے وینا ملک کو کوئی چیک جاری ہی نہیں کیا۔

کرکٹر محمد آصف کے وکیل کا کہنا ہے کہ کرکٹر محمد آصف کی چیک بک چوری ہوچکی ہے جس کی باقاعدہ رپورٹ درج ہے۔انہوں نے کہا ان کی چوری شدہ چیک استعمال کیے جا رہے ہیں۔

کرکٹر محمد آصف نے لاہور کی سول عدالت سے اپنے خلاف مقدمے اندراج کے لیےحکم امتناعی حاصل کر لیا ہے۔اس عدالتی حکم میں پولیس کو ہدایت کی گئی ہے کہ کرکٹر محمد آصف کے خلاف بیس اپریل تک مقدمہ درج نہ کیا جائے۔

Image caption محمد آصف کے وکیل نے کہا ہے کہ آصف کی چیک بک چوری ہو گئی ہے

ویناملک کا کہنا ہے کہ انہوں نے یہ رقم اس دور میں کرکٹر محمد آصف کو دی تھی جب انہیں منشیات کیس میں تحقیقات کا سامنا تھا اور ان پر کرکٹ کھیلنے پر پابندی لگ گئی تھی۔

محمد آصف بعد میں کرکٹ ٹیم میں شامل ہوئے اور آسٹریلیا دورے کے دوران انہوں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ بھی کیا۔

کرکٹر محمد آصف کا کہنا ہے کہ وینا ملک ان سے شادی کی خواہشمند تھیں اور جب انہوں نے وینا کی بجائے کسی اور سے منگنی کی تو وہ ناراض ہوگئیں اور ان پر جھوٹے الزامات عائد کر رہی ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اس بات کی تفتیش کی جا رہی ہے کہ کرکٹر محمد آصف نے کوئی چیک جاری کیا یا نہیں۔

اسی بارے میں