ہاکی ٹیم کا اعلان ،سینئرز کی چھٹی

پاکستانی ٹیم ہاکی ورلڈ کپ میں بارہویں نمبر پر رہی تھی پاکستان ہاکی فیڈریشن نے اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے لیے اٹھارہ رکنی پاکستانی ہاکی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔

فل بیک محمد عمران کو پہلی مرتبہ پاکستانی ٹیم کی قیادت کی ذمہ داری سونپی گئی ہے جبکہ ورلڈ کپ میں شرمناک کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی پاکستانی ہاکی ٹیم کے چار کھلاڑی سہیل عباس، ریحان بٹ، شکیل عباسی اور ناصر احمد سلیکٹرز کا اعتماد حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔

واضح رہے کہ ورلڈ کپ میں بارہویں پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کے کپتان ذیشان اشرف، اخترعلی اور محمد وسیم نے پہلے ہی پاکستان ہاکی فیڈریشن سے درخواست کی تھی کہ وہ آرام کرنا چاہتے ہیں اور انہوں نے قومی کیمپ میں شرکت نہیں کی تھی۔

کراچی میں بی بی سی اردو کے نامہ نگار عبدالرشید شکور کے مطابق چیف سلیکٹر حنیف خان نے بدھ کے روز ہاکی کلب آف پاکستان میں ایک روزہ ٹرائلز کے بعد اٹھارہ رکنی ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ان چاروں کھلاڑیوں کو ’ آرام‘ دیا گیا ہے لیکن یہ مستقل آرام بھی ہوسکتا ہے۔

Image caption سہیل عباس بھی سلیکٹرز کا اعتماد پانے میں ناکام رہے

حنیف خان نے کہا کہ قومی کیمپ میں سینئر کھلاڑیوں کی فٹنس مطلوبہ معیار کی نہیں تھی اگر وہ فٹنس اور کارکردگی کا معیار بڑھاکر قومی ٹیم میں واپس آ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سینئر کھلاڑی اپنے مستقبل کے بارے میں خود بہتر فیصلہ کرسکتے ہیں۔

حنیف خان نے کہا کہ اس ٹیم کو نئے دور کا آغاز بھی کہا جاسکتا ہے۔

قومی ہاکی ٹیم کے نئے منیجر اور چیف کوچ خواجہ جنید نے کہا کہ ان پر سب سے زیادہ پریشر ہے کیونکہ ایک نئی ٹیم کے ساتھ وہ کوچ کی ذمہ داری کا آغاز کرنے جارہے ہیں لیکن جب تک آپ نئے کھلاڑیوں کو موقع نہیں دینگے اس وقت تک ان کی صلاحیتیں کیسے سامنے آئیں گی۔

نئے کپتان محمد عمران نے کہا کہ قیادت ان کے لیے اعزاز ہے کیونکہ ہر کھلاڑی یہ خواہش رکھتا ہے کہ وہ ملک کے لیے کھیلے اور قیادت کرے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں افسوس ہے کہ اولمپکس اور ورلڈ کپ میں میڈلز نہ جیت سکے لیکن کوشش کرینگے کہ ٹیم اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے۔

اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے لیے اعلان کردہ ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔

محمد عمران ( کپتان ) عمران شاہ۔ عمران بٹ۔ عامرشہزاد۔ کاشف علی۔ محمد عرفان ۔ فرید احمد۔ محمد راشد۔ ذیشان علی۔ محمد توثیق۔ وقاص شریف۔ شفقت رسول۔ عبدالحسیم خان۔ محمد زبیر۔ محمد رضوان۔ عبدالقیوم۔ کاشف علی اور عمربھٹہ۔

اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ چھ مئی سے کھیلا جائے گا جس میں پاکستان کے علاوہ میزبان ملائیشیا، بھارت، آسٹریلیا، مصر، جنوبی کوریا اور چین کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔

اسی بارے میں