ہاکی: پاکستان نے مصر کو ہرا دیا

اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ

اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستانی ٹیم نے اپنے پانچوں میچ میں مصر کو دو کے مقابلے میں چھ گول سے شکست دے دی ہے۔

پاکستان نے پہلے ہاف کے بارہویں منٹ میں محمد توثیق کے گول کی بدولت برتری حاصل کی جسے چھ منٹ بعد ہی محمد زبیر نے دوگنا کر دیا۔

اٹھائیسویں منٹ میں پاکستانی کپتان محمد عمران نے پنلٹی کارنر پر گول کر کے سکور تین صفر کر دیا۔

پہلے ہاف کے اختتام پر پاکستانی ٹیم تین گول سے جیت رہی تھی۔ دوسرے ہاف کے ابتداء میں ہی پہلے عبدالحسیم خان اور پھر محمد وقاص خان نے گول کر کے پاکستانی برتری پانچ گول کر دی۔

کھیل کے انچاسویں منٹ میں مصر کی ٹیم کو ایک پنلٹی سٹروک ملا تاہم وہ اس سے فائدہ نہ اٹھا سکی۔ تاہم دو منٹ بعد ہی مصر کے محمد حسن نے اپنی ٹیم کا پہلا گول کر دیا۔

پاکستان کی جانب سے چھٹا گول عبدالحسیم خان نے اکیاونویں منٹ میں کیا جبکہ مصر کے محمد حسن نے کھیل ختم ہونے سے بیس سیکنڈ قبل دوسرا گول کر کے سکور چھ دو کر دیا۔

یہ ٹورنامنٹ میں پاکستان کی دوسری فتح ہے اور اس فتح کے بعد پاکستان آٹھ پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

اس سے قبل ٹورنامنٹ میں پاکستان نے چین کو شکست دی تھی جبکہ ملائشیا اور آسٹریلیا کے خلاف اس کے میچ برابر رہے تھے۔اس ٹورنامنٹ میں پاکستان کو ایک میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے اور اسے روایتی حریف بھارت نے چار دو سے ہرایا تھا۔

پاکستانی ٹیم اپنا آخری میچ سنیچر کو جنوبی کوریا کے خلاف کھیلے گی۔

اسی بارے میں