عامر خان:امریکہ میں اعزاز کادفاع

باکسنگ کے عالمی چیمپیئن عامر خان نے امریکہ میں اپنی پہلی لڑائی میں پالی میلگناگی کو ہرا کر اپنے اعزاز کا کامیابی سے دفاع کیا۔

عامر خان

خان نے گیارہویں راؤنڈ میں لائٹ ویلٹر ویٹ درجے کا یہ مقابلہ جیتا۔ تئیس سالہ دفاعی چیمپیئن اور انتیس سالہ ملیگناگی کے درمیان مقابلہ انتہائی جارحانہ انداز میں شروع ہوا لیکن تیسرے راؤنڈ سے خان کا پلڑا بھاری ہو گیا۔

مقابلے سے پہلے دونوں کھلاڑیوں کے درمیان تیز جملوں کا تبادلہ ہوا اور دونوں نے ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی بھی کی جس سے ماحول کشیدہ ہوگیا تھا۔

کھلاڑیوں کا وزن کرنے کی تقریب میں بھی دونوں کے حامیوں کے دوران جھڑپ ہوئی تھی۔ مقابلے کے دوران بھی یہی ماحول رہا اور شائقین میں بھی اکا دکا جھڑپیں ہوئیں۔

مقابلے کے پہلے دو راؤنڈ برابر تھے لیکن پھر خان نے کامیاب حملے شروع کیے۔ نویں راؤنڈ میں ریفری اور ڈاکٹر نے ملیگناگی کا معائنہ کیا۔ دسویں راؤنڈ کے بعد بھی ریفری نے ملیگناگی کی ٹیم سے بات کی۔ گیارہویں راؤنڈ میں خان نے تیز حملے کیے اور راؤنڈ پچاسی سیکنڈ کے بعد مقابلہ روک دیا گیا۔

کامیابی کے بعد خان کا ریکارڈ ایک شکست کے مقابلے میں تئیس کامیابیاں ہے جبکہ ملیگناگی کی اکتیس مقابلوں میں یہ چوتھی شکست تھی۔

اسی بارے میں