انگلینڈ عالمی چیمپیئن بن گیا

ویسٹ انڈیز میں ٹوئنٹی ٹوئنٹی عالمی مقابلوں کے فائنل میں انگلینڈ نے آسٹریلیا کو سات وکٹوں سے ہرا دیا۔ آسٹریلیا نے مقررہ بیس اووروں میں چھ وکٹوں پر ایک سو سینتالیس رن بنائے تھے۔ انگلینڈ نے یہ ہدف تین اوور پہلے حاصل کر لیا۔

انگلینڈ کی اننگز کی خاص بات اوپنر کیزویٹر کی نصف سنچری تھی۔ وہ تریسٹھ رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ انہیں مین آف دی میچ قرار ددیا گیا۔

کیزویٹر اور پیٹرسن کے درمیان دوسری وکٹ کے لیے ایک سو رن سے زیادہ کی شراکت ہوئی۔ پیٹرسن سینتالیس رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پیٹرسن کو مین آف دی ٹورنامنٹ کا اعزاز ملا۔

انگلینڈ کے اوپنر لمب دوسرے اوور میں کیچ آؤٹ ہوگئے تھے۔

آسٹریلیا کی اننگز کی خاص بات ڈیوڈ ہسی کی بیٹنگ تھی جنہوں نے چون گیندوں پر انسٹھ رن بنائے۔وہ آخری اوور میں رن آؤٹ ہوئے۔ ایک موقع پر آسٹریلیا کے آٹھ رن پر تین کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے۔

پہلے ہی اوور میں آسٹریلیا کے شین واٹسن رائن سائیڈ باٹم کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔اس کے بعد دوسرے اوور میں وارنر رن آؤٹ اور تیسرے اوورمیں بریڈ ہیڈن کیچ آؤٹ ہو گئے۔ اس وقت ٹیم کا کل سکور اّٹھ تھا۔

دسویں اوور میں مائیکل کلارک سوان کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔ اس وقت ٹیم کا کل سکور پینتالیس تھا۔ آسٹریلیا کی پانچویں وکٹ سولہویں اوور میں گری جب کیمرن وائٹ لوک رائٹ کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔

سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے انگلینڈ نے سری لنکا اور آسٹریلیا نے پاکستان کو شکست دی تھی۔

آسٹریلیا کی ٹیم: ڈی وارن، شین واٹسن، کلارک، ہسی، وائٹ، ہیڈن، سمتھ، جانسن، ٹیٹ، نینیز۔

انگلینڈ کی ٹیم: لمب، کیزواٹر، پیٹرسن، کالنگوڈ، مارگن، رائٹ، بریسنن، یارڈی، سوان، براڈ، سائیڈ باٹم۔

اسی بارے میں